🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) امام ترمذی نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے، انھوں نے فرمایا: رسول...
اردو حاشہ:
(1)
امام ترمذی نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے، انھوں نے فرمایا:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہمیں ہر حالت میں قرآن مجید پڑھاتے تھے جب تک جنابت سے نہ ہوتے۔ (جامع الترمذي، الطهارة، باب ماجاء في الرجل يقراء القرآن علي كل حال ما لم يكن جنبا، حديث: 146)
امام ترمذی نے اس حدیث کو روایت کرکے فرمایا:
(حديث علي (هذا)
حديث حسن صحيح)
  حضرت علی رضی اللہ عنہ کی یہ حدیث حسن صحیح ہے۔
اس حدیث کو امام حاکم نے بھی صحیح قراردیا ہے اور امام ذہبی نے ان کی تائید کی ہے
(2)
حائضہ اور جنبی قرآن مجید کی تلاوت کرسکتے ہیں کہ نہیں؟ اس بارے میں علماء میں اختلاف ہے۔
اس مسئلے میں علماء کرام کے قابل ذکر تین اقوال ہیں:

(ا)
حائضہ عورت اور جنبی شخص مطلقاً تلاوت قرآن کرسکتے ہیں۔
یہ رائے امام بخاری، ابن حزم اور دیگے آئمہ کی ہے۔

(ب)
حائضہ عورت اور جنبی شخص مطلقاً تلاوت نہیں کرسکتے۔
یہ جمہور علماء کی رائے ہے۔

(ج)
تیسری رائے یہ ہے کہ حائضہ عورت اور جنبی شخص کے لیے تلاوت کرنا مکروہ تنزیہی ہے”یعنی اگر وہ تلاوت نہ کریں تو یہ افضل و بہتر ہےلیکن اگر تلاوت کرنا چاہیں تو کوئی حرج نہیں۔
یہ رائے مندرجہ ذیل اسباب کی بناء پر راجح ہے۔
جمہور علماء جو تلاوت سے منع کے قائل ہیں ان کے تمام دلائل ضعیف اور ناقال استدلال ہیں۔
مثلاً حدیث:
(لَاتَقْرَإِالْحَائِضُ وَلَاالْجُنُبُ شَيْئًا مِّنَ الْقُرْآنِ) (جامع الترمذي، الطهارة، باب ماجاء في الجنب والحائض، انهما لايقران القرآن، حديث: 131، و ارواء الغليل: 206/1)
اور (فَإِنِّي لَا أُحِلُّ الْمَسْجِدَ لِحَائِضٍ وَّلَا جُنُبٍ) (ابو داؤد، حديث: 232)
اور اگر کوئی صحیح دلیل بھی ہے تو اس سے استدلال کرنا محل نظر ہے۔
مثلاً:
آیت قرآنی:
﴿لَايَمَسُّهُ اِلَّاالْمُطَهَّرُوْنَ﴾ (الواقعه: 79/56)
سے استدلال کرنا درست نہیں کیونکہ یہاں ﴿الْمُطَهَّرُوْنَ﴾  سے مراد فرشتے ہیں جیسا کہ سیاق سے ظاہر ہوتا ہے۔
جن علمائے کرام کے نزدیک مطلقاً قرآن مجید جائز ہے ان کے دلائل عمومی ہیں۔
اور ان سے مطلقاً جواز کا مفہوم لینا بھی محل نظر ہے کیونکہ ان عمومی دلائل کے باوجود بعض ایسی صورتی، ملتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضو نہ ہونے کی وجہ سے احتیاط پر عمل کیا ہے، جیسے کہ آپ نے اس شخص کے سلام کا جواب نہیں دیا تھا جس نے آپ کو ایسے وقت میں سلام کہا جب آپ بے وضو تھے، پھر آپ نے طہارت کے بعد اس کے سلام کا جواب دیا۔
ایسے ہی دلائل کی بناء پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ عدم طہارت کی حالت میں تلاوت قرآن سے اجتناب کرنا بہتر ہے جبکہ جواز میں کوئی شبہ نہیں ہے۔

(3)
عہد حاضر میں بچیوں کے مدارس میں یہ مسئلہ عام طور سے پیش آتا رہتا ہے۔
کبھی استانی اس مشکل کا شکار ہوتی ہیں تو کبھی طالبات کو اس کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہٰذا ان مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ مسئلہ مذکورہ میں محتاط اور قرین انصاف رائے یہی ہے کہ بغیر طہارت کے تلاوت کرنا مکروہ ہے اور ضرورت وحاجت کے وقت اسکی اجازت ہے۔
واللہ اعلم
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 594