🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تحقيق الحديث : اس روایت کی سند سخت ضعیف ہے۔ ◄ اس کا راوی قاری ابوعمر حفص بن سلیمان...
تحقيق الحديث:
اس روایت کی سند سخت ضعیف ہے۔
◄ اس کا راوی قاری ابوعمر حفص بن سلیمان الاسدی البزاز الکوفی: حفص بن ابی داود صاحب عاصم روایت حدیث میں سخت ضعیف و مجروح تھا۔
◄ ابوحاتم الرازی نے کہا:
”وہ ضعیف الحدیث ہے، سچ نہیں بولتا، متروک الحدیث ہے۔“ [كتاب الجرح والتعديل 3؍174]
◄ امام مسلم نے کہا:
«متروك الحديث» ۔ [كتاب الكنيٰ قلمي ص71؍147]
◄ امام بخاری نے فرمایا:
«تركوه» ”یعنی محدثین نے اسے متروک قرار دیا ہے۔“ [كتاب الضعفاء: 73]
◄ قاری حفص بن ابی داود پر جمہور محدثین نے جرح کی اور ان کے بارے میں اعدل الاقوال درج ذیل ہے:
«متروك فى الحديث، ثقة فى القرآن»
”وہ حدیث میں متروک اور قرآن (کی روایت) میں ثقہ تھے۔“ دیکھئے: [تحفة الاقوياء ص29]
◄ حافظ ابن حجر العسقلانی نے کہا:
«متروك الحديث مع إمامته فى القراءة.»
”وہ قرأت میں امام ہونے کے باوجود حدیث میں متروک ہے۔“ [تقريب التهذيب:1405]

فائدہ:
«طلب العلم فريضة عليٰ كل مسلم» والی روایات کی مفصل تخریج شیخ البانی رحمہ اللہ نے اپنی کتاب: [تخريج أحاديث مشكلة الفقر وكيف عالجها الإسلام ص 48۔ 62 ح86] میں کر کے اسے صحیح قرار دیا ہے لیکن اس کی تمام سندیں ضعیف و مردود ہی ہیں۔ مثلاً:
➊ [تاريخ دمشق لابن عساكر 58؍144، دوسرا نسخه 15؍1461/ 1] ، [امالي ابن سمعون 23] اور [مشيخة الآبنوسي 154] والی روایت میں ابوعلی محمد بن محمد بن ابی حذیفہ قاسم کی توثیق نامعلوم ہے، قتادۃ مشہور مدلس تھے اور روایت (ان تک بشرط صحت) «عن» سے ہے۔
◄ شیخ البانی رحمہ اللہ کو اس سند کے ایک راوی أحمد بن محمد بن ابی الخناجر کے حالات نہیں ملے، حالانکہ ان کا تذکرہ کتاب الجرح والتعدیل [2؍73] سیر اعلام النبلاء [13؍240] اور المستدرک للحاکم [4؍399 ح8207 وقال ابن صاعد: وكان ثقة مأمونًا] میں موجود ہے اور وہ ثقہ وصدوق تھے۔
➋ [المعجم الصغير للطبراني 1؍16 ح22 بترقيمي، دوسرا نسخه ص6] والی روایت میں حکم بن عطیہ جمہور کے نزدیک ضعیف ديكهئے: [سنن الترمذي بتحقيقي: 3668]
عباس بن اسماعیل الہاشمی مجہول الحال «وثقه ابن حبان وحده بتوثيق لين» اور أحمد بن بشر بن حبیب البیروتی کی توثیق نامعلوم ہے۔
➌ الفواید لتمام الرازی [مخطوط ص9ب، مطبوع 1؍32 ح56، دوسرا نسخه 8؍2] والی روایت میں ابوبکر بن ابی شیبہ محمد بن أحمد البغدادی کی توثیق اور حالات نامعلوم ہیں۔
◄ أحمد بن محمد بن شبیب بن زیاد ابوبکر بن ابی شیبہ ثقہ تھے، لیکن الفوائد کی روایت میں أحمد بن محمد نہیں بلکہ محمد بن أحمد ہے اور معلوم نہیں کہ شیخ البانی نے کس دلیل سے محمد بن أحمد کو أحمد بن محمد بنا ڈالا؟
➍ عائذ بن ایوب طوسی مجہول اور اسماعیل بن ابی خالد مدلس والی روایت بھی ضعیف ہے۔
↰ خلاصہ یہ کہ طلب العلم فریضہ والی روایت اپنی تمام سندوں کے ساتھ ضعیف و مردود ہے۔
بیہقی نے «اطلبو العلم ولو بالصين فإن طلب العلم فريضة عليٰ كل مسلم» کے بارے میں کہا:
«هذا حديث متنه مشهور وأسانيده ضعيفة. لا أعرف له إسنادا يثبت بمثله الحديث. والله أعلم»
اس حدیث کا متن مشہور ہے اور اس کی سندیں ضعیف ہیں۔ مجھے اس کی کوئی ایسی سند معلوم نہیں جس سے یہ حدیث ثابت ہوتی ہو۔ «والله اعلم» [المدخل الي السنن الكبريٰ: 325]
◄ جبکہ ابوعلی الحسین بن علی الحافظ النیسابوری رحمہ اللہ اس حدیث کو صحیح سمجھتے تھے، لیکن راجح یہی ہے کہ یہ روایت غیر ثابت اور ضعیف ہے۔ «والله اعلم»
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح 218