🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 7268 کا باب : «كِتَاب الِاعْتِصَامِ بِالْكِتَابِ وَالسُّنَّةِ» باب اور حدیث میں مناسبت: باب...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 7268 کا باب: «كِتَاب الِاعْتِصَامِ بِالْكِتَابِ وَالسُّنَّةِ»
باب اور حدیث میں مناسبت:
باب میں کتاب و سنت کو مضبوطی سے تھامنے کا بیان ہے جبکہ تحت الباب دین اسلام کو مکمل کرنے کا ذکر ہے، ان دونوں میں تطبیق و مناسبت کی کیفیت کو اجاگر کرتے ہوئے۔

علامہ عبدالحق الہاشمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«ووجه سياق سياق الحديث هنا من حيث إن الآية تدل أن هذه الأمة المحمدية معتصمة بالكتاب والسنة، لأن تعالىٰ من عليهم بإكمال الدين، و إتمام النعمة، ورضي لهم دين الاسلام.» [لب اللباب فی تراجم والابواب: 224/5]
”یعنی حدیث کا سیاق اور آیت کریمہ اس پر دال ہیں کہ یہ امت محمدیہ کتاب و سنت کے ساتھ معتصم ہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے امت محمدیہ پر دین کی تکمیل اور اپنی نعمت کے اتمام کے ذریعہ ان پر احسان فرمایا اور ان کے لیے اسلام کو پسند کیا۔“

علامہ کرمانی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
«هذه الترجمة منتزعة من قوله تعاليٰ: ﴿وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللّٰهِ جَمِيعًا﴾ [آل عمران: 103] لأن المراد بالحبل: الكتاب و السنة على سبيل الاستعارة.» (1)
”یہ ترجمۃ الباب اس آیت سے ماخوذ ہے: « ﴿وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللّٰهِ جَمِيعًا﴾ » [آل عمران: 103] کیوں کے حبل سے مراد کتاب و سنت (دونوں ہیں) اور یہ بطور استعارہ ہے قدر مشترک دونوں کا مقصود (کے حصول) کا سبب ہونا۔“

علامہ کرمانی رحمہ اللہ کے مطابق باب کا تعلق دراصل آیت مبارکہ: « ﴿وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللّٰهِ جَمِيعًا﴾ » [آل عمران: 103] سے ہے اور حبل سے مراد قرآن و حدیث ہیں، لہٰذا ترجمۃ الباب جو حدیث سیدنا عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے اس میں دین اسلام کا ذکر ہے اور دین اسلام اسی چیز کا نام ہے جسے قرآن و حدیث کہا جاتا ہے، لہٰذا یہاں مناسبت کا پہلو واضح طور پر معلوم ہوتا ہے۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 294