🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 7274 کا باب : «بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «بُعِثْتُ بِجَوَامِعِ الْكَلِمِ»...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 7274 کا باب: «بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «بُعِثْتُ بِجَوَامِعِ الْكَلِمِ» :»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان عالیشان پر قائم فرمایا کہ «بعثت بجوامع الكلم» جبکہ تحت الباب صرف وحی کا ذکر ہے، «جوامع الكلم» کا کوئی ذکر نہیں ہے کیوں کہ جس طرح نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر وحی نازل فرمائی گئی اسی طرح سے سابقہ انبیاء علیہم السلام پر بھی اسی طرح سے وحی نازل کی گئی تھی، تو پھر ترجمۃ الباب اور حدیث میں کسی طرح مناسبت قائم ہو گی؟ اس مسئلے اور مناسبت کو سمجھنے کے لیے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے قول کو ہم نقل کیے دیتے ہیں۔

چنانچہ آپ رقمطراز ہیں:
«ومعنى الحصر فى قوله ”إنما كان الذى أوتيته“ أن القرآن أعظم المعجزات وأفيدها وأدومها لاشتماله على الدعوة والحجة ودوام الانتفاع به إلى آخر الدهر، فلما كان لا شيئي يقاربه فضلاً عن أن يساويه كان ما غداه بالنسبة إليه كأن لم يقع.» [فتح الباري لابن حجر: 212/14]
” «إنما كان الذى أوتيته» میں معنائے حصر یہ ہے کہ قرآن اعظم المعجزات اور امید اور دوام ہے (یعنی ہمیشہ جاری رہنے والا) کیوں کہ دعوت و حجت پر مشتمل ہے اور اس کا انتقاع آخری زمانے تک جاری و ساری ہے جب کوئی شئی اس کے مقارب نہیں چہ جائے کہ اس کے مساوی ہو (یعنی اس کا کوئی مقابلہ نہیں) تو اس کے سوا باقی سب کی نسبت ایسی ہے کہ گویا واقع ہی نہیں ہوئے.“
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کی وضاحت سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآن مجید جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو بذریعہ وحی عطا کیا گیا ہے یہ ایک ایسا معجزہ ہے جو جوامع الکلم کے ساتھ ساتھ تاقیامت جاری و ساری رہنے والا ہے، لہٰذا باب سے مناسبت اس جہت کے ساتھ قائم ہے۔

علامہ عینی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«مطابقة للترجمة تؤخذ من قوله ”وإنما كان الذى اوتيت وحيا“ إلى آخرة، فإنه صلى الله عليه وسلم أراد بقوله: ”وحيًا أوحاه الله إليّ“ القرآن ولا شك أن فيه جوامع الكلم.» [عمدة القاري للعيني: 40/25]
”ترجمۃ الباب سے حدیث کی مطابقت ان الفاظوں سے اخذ کی جائے گی: «وإنما كان الذى اوتيت و حيا (الحديث)» آخر تک، یقیناً نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مراد «و حياً أوحاه الله إلى» سے قرآن مجید ہے جس کا جوامع الکلم ہونے میں کوئی شک نہیں۔“

جہاں تک جوامع الکلم کا تعلق ہے تو تحقیق یہ ہے کہ جوامع الکلم سے مراد صرف قرآن عظیم نہیں ہے بلکہ اس کا احاطہ قرآن و حدیث دونوں پر ہوتا ہے، اور یہی بات محقق ہے، حافظ ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے اس نکتہ پر تفصیلی بحث فرمائی ہے،

چنانچہ آپ رقمطراز ہیں:
«قيل يؤخذ من إيراد البخاري هذا الحديث عقب الذى قبله أن الراجح عنده أن المراد بجوامع الكلم القرآن و ليس ذالك بلازم، فإن دخول القرآن فى قوله ”بعثت بجوامع الكلم“ لا شك فيه و إنما النزاع هل يدخل غيره من كلامه من غير القرآن؟ و قد ذكروا من أمثلة جوامع الكلم فى القرآن قوله تعالى: ﴿وَلَكُمْ فِي الْقِصَاصِ حَيَاةٌ يَا أُولِي الْأَلْبَابِ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ﴾ [البقرة: 179] إلى غير ذالك و من أمثلة جوامع الكلم من الأحاديث النبوية حديث عائشة ”كل عمل ليس عليه أمرنا فهو رد“ و حديث ”كل شرط ليس فى كتاب الله فهو باطل“.» [فتح الباري لابن حجر: 214/14]
”بعض نے کہا کہ امام بخاری رحمہ اللہ کی سابقہ حدیث کے بعد اس حدیث کے ایراد سے یہ اخذ کیا جائے گا کہ ان کے نزدیک راجح یہ ہے کہ جوامع الکلم سے مراد قرآن ہے لیکن یہ لازم نہیں ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا قول: «بعثت بجوامع الكلم» سے مراد کہ اس میں قرآن داخل ہے اس میں کوئی شک نہیں ہے، نزاع دراصل یہاں ہے کہ قرآن کے علاوہ بھی کوئی شیئی جوامع الکلم میں داخل ہے کہ نہیں؟ قرآنی جوامع الکلم کی مثالوں میں آیات ذکر کی گئی ہیں: بقرۃ: 179، النور: 52 وغیرہ، احادیث کی مثالوں کو واضح کرنے کے لیے (کہ وہ بھی جوامع الکلم ہی ہے) حدیث سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ «كل عمل ليس عليه أمرنا فهو رد» اور «كل شرط ليس فى كتاب الله . . . . .» ، اور حدیث مقدام «ما ملأ ابن آدم وعاء شرا من بطنه» (قابل ذکر ہیں)۔“

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کے ان اقتباسات سے واضح ہوا کہ جوامع الکلم سے مراد قرآن و حدیث دونوں ہیں، اگر تحقیقی نگاہ سے احادیث کا مطالعہ کیا جائے تو کتب احادیث میں احادیث کے جوامع الکلم کی مثالیں ان گنت اور بےشمار پائی جاتی ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مثالوں کے ذریعے بھی قیامت تک کے مسائل کو حل فرمایا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بات مختصر ہوا کرتی ہے مگر اپنے مضمون کے اعتبار سے اتنی جامع ہوتی ہے جن کی مثال قرآن مجید کے علاوہ دنیا بھر کی مذہبی کتب میں ملنا مشکل بلکہ ناممکن ہے۔

یہ حقیر اور ناچیز بندہ کہتا ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے بہت باریکی سے یہ واضح کرنا چاہا ہے کہ جوامع الکلم اور وحی کا اطلاق قرآن و حدیث دونوں پر ہوتا ہے، امام بخاری رحمہ اللہ نے تحت الباب دو حدیثیں ذکر فرمائی ہیں، پہلی حدیث میں جو الفاظ ہیں کہ یہ حدیث (مجھے جوامع الکلم عطا کیا گیا ہے اور میری مدد رعب کی ذریعے کی گئی اور میں سویا ہوا تھا . . . . .) یہ حدیث خود اپنے نفس کے اعتبار سے جوامع الکلم پیش کر رہی ہے، یعنی یہ حدیث باب کے ساتھ مطابقت خود اپنے ہی الفاظوں سے ثابت کر رہی ہے جس سے یہ بات واضح ہوئی کہ «جوامع الكلم» میں احادیث داخل ہیں، دوسری حدیث جس کا ذکر ہم نے تحت الباب میں کیا ہے اس میں وحی کا ذکر ہے جس سے مراد قرآن مجید بھی ہے اور دیگر وحی کی اقسام بھی۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد دوئم 295