🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
فوائد و مسائل : باب اور حدیث میں مناسبت : پہلی حدیث جو سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے...
فوائد و مسائل:
باب اور حدیث میں مناسبت:
پہلی حدیث جو سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے اس میں واضح طور پر اس کا حل ہے کہ جس برتن میں کتا منہ ڈال دے اسے سات مرتبہ پانی سے دھوئیں. [صحيح بخاري 172]
مگر دوسری حدیث میں صاف طور پر اس کا انکار ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اس جگہ کو نہیں دھوتے تھے جہاں کتا بیٹھتا تھا۔ [صحيح بخاري 174]
اس میں تطبیق یہ ہو گی کہ:
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فتح الباری میں فرماتے ہیں:
”یہ معاملہ اسلام کے ابتدائی دور میں تھا جب کہ مسجد کے کواڑ وغیرہ بھی نہ تھے۔ اس کے بعد جب مساجد کے بارے میں احترام و اہتمام کا حکم نازل ہوا تو اس طرح کی باتوں سے منع کر دیا گیا کہ جیسا کہ سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی روایت میں ہے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے بلند آواز سے فرمایا: لوگو! مسجد میں بیہودہ بات کرنے سے پرہیز کرو۔ تو جب لغو بات سے روکا گیا تو دوسرے امور کا بھی یہی حال ہو گا۔ اس لئے اس سے پہلے حدیث میں کتے کے جھوٹھے برتن کے بارے میں سات مرتبہ دھونے کا حکم آیا تھا اب وہی حکم باقی ہے جس کی تائید کئی احادیث سے ہوتی ہے۔ بلکہ بعض احادیث میں کتے کے جھوٹھے برتن کو سات مرتبہ دھونے کے بعد آٹھویں مرتبہ مٹی سے دھونے کا بھی حکم آیا ہے۔ مٹی سے اول مرتبہ پھر سات مرتبہ پانی سے۔“ [فتح الباري ج1 ص219۔ 220]

لہٰذا باب اور حدیث میں مناسبت یوں ہے کہ باب میں دھونے کے بارے میں یا کتنی مرتبہ کتے کے جھوٹھے کو دھویا جائے۔ متعین نہیں مگر حدیث میں سات مرتبہ کا ذکر ہے اور دوسری حدیث جس میں مطلق نہ دھونے کا ذکر ہے وہ منسوخ ہے لہٰذا نہ دھونا منسوخ ہوا تو دھونا بالاولیٰ درست ٹھہرا، یہیں سے ترجمتہ الباب اور حدیث میں مناسبت ہے۔

فائدہ:
مذکورہ حدیث کا تعلق حیوانات کے ساتھ ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے چودہ سو سال قبل ایک ایسی تحقیق کی وضاحت کی جسے آج سائنسدان مانتے ہوئے نظر آتے ہیں جو کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی روشن دلیل ہے۔ دو میڈیکل ڈاکٹر باپ اور بیٹی مصر میں مقیم تھے اور یہ دونوں فرانسیسی تھے۔ جب باپ نے یہ حدیث پڑھی تو فوری طور پر کتے کے سامنے ایک برتن میں پانی رکھ دیا جب وہ اس کو پی چکا تو انہوں نے خردبین سے دیکھا کہ اس میں جراثیم موجود تھے۔ پانی گرا کر کئی بار دھویا گیا. ہر بار جراثیم برتن میں تھے حتیٰ کہ جب مٹی سے مانجھا گیا اور اس کے بعد چیک کیا گیا تو جراثیم نہ صرف مر چکے تھے بلکہ برتن پاک ہو گیا تھا. اس پر دونوں ڈاکٹر باپ اور بیٹی مسلمان ہو گئے۔

سنت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم اور جدید سائنسی تحقیقات کے مصنف رقمطراز ہیں:
”موجودہ دور کی تحقیقات نے ثابت کیا ہے کہ کتے کے تھوک میں وہ جراثیم پاتے جاتے ہیں جو کتے کو پاگل بناتے ہیں۔ جنہیں انگریزی میں ریبیز وائرس کہتے ہیں۔ کتا جب کسی برتن کو چاٹے گا تو اگر وہ جراثیم اس برتن کے ساتھ لگ گئے تو وہ جراثیم بغیر مٹی سے مانجھے برتن سے علیحدہ نہیں ہو سکتے ہیں نہ ہی فنا ہو سکتے ہیں۔ خاک میں یہ خاصیت ہے کہ ان جراثیم کو فنا کر دیتی ہے۔ اسی بناء پر اسلام نے مٹی سے مانجھنے کا حکم دیا ہے۔۔۔

طویل تجربات و مشاہدات اور طبی تحقیقات نے دونوں حقیقتوں کا واشگاف کر دیا ہے۔ طبی تحقیقات نے ثابت کر دیا ہے کتے کے لعاب دہن میں ایک مخصوص قسم کے جراثیم ہوتے ہیں جنہیں ریبی وائرس کہتے ہیں، ان سے ایک انتہائی مہلک اور موذی مرض پیدا ہوتا ہے۔ جس کے اثرات ظاہر ہونے کے بعد کوئی مریض بچ نہیں سکتا۔ اسی طرح تحقیقات نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ مٹی میں دیگر اجزاء کے علاوہ کثیر مقدار میں نوشادر، شورہ، امونیم اور کیلشیم آکسائیڈ ہوتے ہیں، جن سے اس قسم کے وائرس کی تطہیر ہو جاتی ہے۔“ [سنت نبوي صلى الله عليه وسلم اور جديد سائنسي تحقيقات، ج2، ص291]

فائدہ نمبر 2:
کتےکے جھوٹھے برتن کو پاک کرنے کے لیے احادیث میں مختلف الفاظ وارد ہوئے ہیں۔ کسی حدیث میں تین مرتبہ دھونے کا ذکر ہے تو کسی میں پانچ مرتبہ تو کسی میں سات مرتبہ۔

ابن الملقن رحمہ اللہ ان مختلف روایات پر گفتگو کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
«انه روي من طريق ابي هريرة رضى الله عنه مرفوعاً التخيير بين الثلاث الخمس والسبع، فل كان السبع واجباً لم يخير بينه و بين الباقي لكنه ضعيف كمانبه الدار قطني فى سننه والبهقي فى ”خلافيات“» [التوضيح الشرح الجامع الصحيح، ج4 ص2455]
”یعنی وہ روایت بطریق سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً مروی ہیں۔ تین، پانچ اور سات مرتبہ دھونے میں اختیار ہے۔ پس اگر سات مرتبہ واجب ہوتا تو ان میں اختیار نہ ہوتا۔ لیکن (تین اور پانچ کی روایات) وہ ضعیف ہیں جس کا ذکر امام دارقطنی نے سنن میں اور امام بیہقی نے خلافیات میں فرمایا ہے۔“
سنن دارقطنی میں تین مرتبہ دھونے کا ذکر ہے مگر امام دارقطنی فرماتے ہیں اس کی سند موقوف ہے۔
دوسری روایت میں تین پانچ اور سات مرتبہ کا ذکر ہے اس روایت کے بعد امام دارقطنی فرماتے ہیں عبدالوہاب نے تفرد کیا ہے اسماعیل سے اور وہ متروک الحدیث ہے۔
تیسری روایات بھی اسی سے ملتی جلتی ہے اس کی سند میں عبدالوہاب بن الضحاک ہے۔ امام نسائی وغیرہ نے فرمایا متروک۔ تفصیل کے لیے دیکھیے:
① التعلیق المغنی على سنن الدارقطنی، ج92 تا 96
② التحقیق لابن الجوزی، ج1، ص74
③ مشکل الآثار للطحاوی، ج1، ص 23
④ الخلاقیات للبیھقی، ج1 صح379 تا 382

بعض اہل علم نے تین مرتبہ اور پانچ مرتبہ دھونے کے حکم کو منسوخ خیال کیا ہے۔ مگر منسوخ بغیر دلیل کے ثابت نہیں ہوتا جب روایات ضعیف ہیں تو پھر منسوخ کے تکلف میں پڑھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
[التحرير للكمال بن الهمام ص 229]
[امير بادشاه فى ”تيسيرالتحرير“ ج3، ص72]
[التقرير والتحبير لابن امير الحاج، ج2، ص266]
مگر احتمال سے نسخ ثابت نہیں ہوا کرتا بلکہ منسوخیت کے کئی ایک دلائل علماء نے ذکر فرمائے ہیں۔ مزید تحقیق کے لیے ان کتب کی طرف مراجعت مفید رہے گی۔
① نیل الاوطار 42/1
② الام6/1
③ نصب الرایۃ ج1، ص131
④ مغنی المحتاج 83/1
⑤ المھذب، ج1، ص 55
⑥ شرح النوی علی مسلم185/3
④ التنبیہ ص17
⑦ الشرح الصغیر 85/1
⑧ المجموع، ج2، ص585
⑨ حاشیۃ الدسوقی 84/1
⑩ المغنی73/1
⑪ مقدمات ابن ارشد 21/1
⑫ شرح منتھی الارادات97/1
⑬ قوانین احکام الشریعۃ، ص35
⑭ المحرر4/1
⑮ فتح باب العنایۃ 149/1
⑯ الشرح الکبیر128/1
⑰ کشاف القناع 208/1
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 135