🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) اس حدیث میں نماز باجماعت کی فضیلت بیان ہوئی ہے کیونکہ نفلی نماز گھر میں پڑھنا...
اردو حاشہ:
(1)
اس حدیث میں نماز باجماعت کی فضیلت بیان ہوئی ہے کیونکہ نفلی نماز گھر میں پڑھنا افضل ہے۔
ارشاد نبوی ہے:
مرد کی بہترین نماز (وہ ہوتی ہےجو)
اس کے گھر میں (ادا کی جاتی)
ہے سوائے فرض نماز کے۔ (صحيح البخاري، الأدب، باب ما يجوز من الغضب والشدة لأمرالله تعالي، حديث: 6113)
سنن ابن ماجہ میں بھی اس مسئلہ کی حدیثیں موجود ہیں۔ دیکھیے (حدیث: 1375 تا 1378)

(2)
وضو اچھی طرح کرنا ثواب کا باعث ہے۔

(3)
مسجد میں آنے کا مقصد نماز کے علاوہ کوئی اور جائز کام بھی ہو سکتا ہے۔
یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کوئی شخص یہ سوچ کر مسجد میں آئےکہ فلاں کام بھی ہوجائے گا اور نماز بھی پڑھی جائے گی لیکن اسے وہ ثواب نہیں ملے گا جو صرف نماز کے لیے آنے پر ملتا ہے جب کہ اس کے ساتھ کوئی اور کام انجام دینا پیش نظر نہ ہو۔

(4)
نماز کے لیے مسجد تک راستہ طے کرنے کا ثواب اس قدر عظیم ہے کہ ہر قدم پر درجے بلند ہوتے اور گناہ معاف ہوتے ہیں تو خود نماز اللہ کے ہاں کس قدر عظیم عمل ہے اور نماز باجماعت کا کس قدر ثواب ہے اس کا کیا اندازہ ہوسکتا ہے بشرطیکہ وہ نماز پورے آداب اور خشوع وخضوع سے ادا کی جائے۔

(5)
نماز باجماعت کے انتظار میں مسجد میں بیٹھ رہنے کا ثواب بھی بہت زیادہ ہے اس لیے کوشش کرنی چاہیے کہ اذان ہوتے ہی مسجد میں آ جائیں۔
اذان کے بعد یہ سوچ کر گھر میں بیٹھے رہنا کہ ابھی کافی وقت ہے بڑی محرومی کا باعث ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 774