🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
فوائد و مسائل : باب اور حدیث میں مناسبت : امام بخاری رحمہ اللہ رحمہ الله نے ترجمۃ الباب...
فوائد و مسائل:
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ رحمہ الله نے ترجمۃ الباب میں یہ ثابت فرمایا کہ امیروں سے زکوٰۃ وصول کر کے اسے کہیں بھی فقراء پر خرچ کیا جا سکتا ہے حالانکہ حدیث جو پیش کی ہے وہ یہ ہے کہ اغنیاء سے مال لیا جائے اور وہیں کے فقراء میں تقسیم کر دیا جائے۔ حدیث سے بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے۔ امام عبداللہ بن سالم ابصری رحمہ الله فرماتے ہیں۔
«قال الإسماعيلي: ظاهر حديث الباب أن الصدقة تردّ على فقراء من اخذت من أغنيائهم» [ضياء الساري، ج12، ص9]
”حدیث باب سے ظاہر ہے کہ صدقہ وہیں لوٹایا جائے جہاں کے اغنیاء سے لیا جائے۔“
ابن المنیر فرماتے ہیں:
«اختار البخاري جواز نقل الزكوٰة من بلد المال لعموم قوله فتردّ على فقرائهم لأن ضمير يعود للمسلمين فأي فقير منهم ردت فيه الصدقة فى أى جهة كان فقد وافق عموم الحديث .» [ضياء الساري، ج12، ص9]
”یعنی امام بخاری رحمہ اللہ نے جو مسئلہ اختیار فرمایا ہے کہ اس میں جواز ہے کہ زکوٰۃ کی نقل مکانی کی جائے کیوں کہ یہ عموم ہے کہ محتاجوں کی طرف اس مال کو لوٹایا جائے (امام بخاری رحمہ اللہ نے) ضمیر «فترد عليٰ فقرائهم» سے مراد «للمسلمين» یعنی مسلمانوں کی طرف لوٹایا ہے یعنی فقیر مسلمان کہیں بھی ہوں اُن تک وہ حصہ لوٹایا جائے۔“
محدث الکبیر مولانا عبدالرحمٰن مبارکپوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«والظاهر عندي عدم النقل الا فقد المستحقون لها أو تكون فى النقل مصلحة انفع وأهم من عدمه والله تعالىٰ اعلم» [مرعاة، ج3، ص4]
”یعنی میرے نزدیک یہ ظاہر ہے کہ مال کو دوسری جگہ منتقل نہ کیا جائے مگر مستحق لوگ مقصود ہوں یا پھر نقل میں کوئی مصلحت ہو“
امام بخاری رحمہ اللہ کا بھی یہی مذہب ہے کہ نقل مکانی زکوٰۃ کی درست ہے وہ اس امر کو بغیر مشروط کے قبول فرماتے ہیں جیسا کہ باب سے واضح ہے اور عبدالرحمٰن مبارکپوری رحمہ اللہ اسے مشروط گردانتے ہیں، مگر نقل مکانی زکوٰۃ میں ہم آہنگی موجود ہے۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھئے علامہ قاضی شوکانی رحمہ اللہ کی کتاب [السيل الجرار، ج1، ص832] [فقه الزكاة للقرضاوي، ج2، ص 809۔ 820 الفصل الرابع: نقل الزكاة إلى غير بلد المال]
لہٰذا باب اور حدیث میں مناسبت کچھ اس طرح سے ہوئی کہ کیا زکوٰۃ کی نقل مکانی درست ہو گی؟ تو جواز اس کی ممانعت پر ہے، یہ بھی کہا گیا کہ جب سخت ضرورت ہو دوسرے شہر میں زکوٰۃ کی تو نقل مکانی بھی درست ہو گی۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے مطلق جواز کو اختیار فرمایا ہے کہ زکوٰۃ فقیروں کو دی جائے سے مراد ہر وہ ضرورت مند ہیں جو مسلمان ہوں۔
امام کرمانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
امام بخاری رحمہ اللہ کا فرمان «حيث كانوا» (خواہ وہ کہیں بھی ہوں) ظاہر یہ ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ کا غرض بیان امتناع کا ہے۔
یعنی جہاں کے امیروں سے وصول کیا جائے وہیں کے فقراء میں تقسیم ہو الا یہ کہ نقل مکانی کرنا جائز ہو (یعنی دوسری جگہ زیادہ مسلمان محتاج اور فقراء ہوں)۔ [شرح الكرماني، ج8، ص39]
ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت دیتے ہوئے محمد زکریا کاندھلوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«اصل الخلاف فى أن الشراح الشافعية مالوا إلى أن مرجع ضمير حيث كانوا الأغنياء والشراح الحنفية مالوا إلى أن المرجع الفقراء» [الأبواب والتراجم لصحيح البخاري، ج3، ص292]
اصل اختلاف یہ ہے کہ وہ شارحین جو شافعیہ ہیں انہوں نے «حيث كانوا» کی ضمیر مالداروں کی طرف کی ہے اور وہ شارحین جو حنفیہ ہیں انہوں نے اس کی ضمیر محتاجوں کی طرف کی ہے۔
لہٰذا امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصود یہ نظر آتا ہے کہ مسلمان فقراء جہاں بھی ہوں ان تک مال کو پہنچایا جائے۔ یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث کی مناسبت ہے۔ مزید دیکھئے: [المتواري على أبواب البخاري، ص123]
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 279