🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
باب اور حدیث میں مناسبت : امام بخاری رحمہ اللہ نے باب قائم فرمایا کہ عورتوں سے خرید و فروخت...
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب قائم فرمایا کہ عورتوں سے خرید و فروخت کرنا، اور دلیل کے طور پر سیدہ بریرہ رضی اللہ عنہا کا قصہ ذکر فرمایا ہے، ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت یوں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا: «اشتری و اعتقی» یعنی ”تم خرید کر آزاد کر دو۔“ لازما جو امی عائشہ رضی اللہ عنہا سے خریدے گا تو اس کے لیے عورت سے خریدنا درست ٹھہرا، پس یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت ہے۔
علامہ عینی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«ومطابقۃ حدیث ابن عمر للترجمۃ فى قولہ: ”سَاوَمَت“ فأمنا ساومت أہل بریرۃ، وہو البیع والشراء بین الرجال و النساء» [عمدۃ القاری، ج 8، ص: 258]
یعنی ”ترجمہ الباب سے حدیث کی مطابقت اس قول سے ہے کہ ”قیمت لگا رہی تھیں“ (یعنی امی عائشہ رضی اللہ عنہا ان کی قیمت لگا رہی تھیں تاکہ انہیں خرید کر آزاد کر دیں)، پس امی عائشہ رضی اللہ عنہا نے قیمت لگائی سیدہ بریرہ رضی اللہ عنہا کے مالکوں سے اور یہی ہے «البیع و الشراء بین الرجال و النساء» کہ مردوں اور عورتوں میں بیع کا ہونا۔“
امام قسطلانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ:
ترجمۃ الباب سے مناسبت کچھ یوں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا کہ ”آپ بریرہ کو خرید لیں“ اور یہ خطاب امی عائشہ رضی اللہ عنہا سے تھا۔ بیع میں شراء سیدہ بریرہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں ہے کہ جب ان کے مالکوں سے امی عائشہ رضی اللہ عنہا نے انہیں خریدا۔ [ارشاد الساری، ج 4، ص: 250]
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«اور د فیہ حدیث عائشۃ و ابن عمر فى قصۃ شراء بریرۃ، وشاہد الترجمۃ قولہ: مابال رجال یشترطون لیست فى کتاب اللہ، لاشعارہ بأن قصۃ المبایعۃ کانت مع رجال۔۔۔۔۔» [فتح الباری، ج 3، ص: 370]
یعنی اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ عورتوں کے ساتھ خرید و فروخت جائز ہے کہ امی عائشہ رضی اللہ عنہا نے سیدہ بریرہ رضی اللہ عنہا لونڈی کو (ایک مرد سے) خریدا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو جائز رکھا۔ چنانچہ فرمایا کہ ”اس کو خرید لے“ اور شاہد ہے اس کے لیے یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان کہ ”کیا حال ہے ان لوگوں کا جو ایسی شرائط طے کرتے ہیں جو کتاب اللہ میں نہیں“، اس واسطے یہ مشعر ہے اس چیز کے ساتھ کہ خرید و فروخت سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ تھی۔ لہٰذا یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت ہوگی۔
فائدہ نمبر 1:
مندرجہ بالا حدیث سے امام الفقہاء والمحدثین امام بخاری رحمہ اللہ نے کئی اہم مسائل ثابت فرمائے ہیں، جس کا ذکر مختلف ابواب کے ساتھ امام بخاری رحمہ اللہ نے فرمایا ہے۔ امام شوکانی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں: نبی کر یم صلی اللہ علیہ وسلم خوب جانتے تھے کہ ولاء کی شرط باطل ہے اور یہ اصول مشہور تھا کہ اہل بریرہ سے بھی مخفی نہ تھا، پھر جب انہوں نے اس شرط کے بطلان کو جاننے کے باوجود اس کی اشراط پر اصرار کیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تہدید کے طور پر مطلق امر فرما دیا کہ ”بریرہ کو خرید لیا جائے۔“ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: « ﴿اعْمَلُوا مَا شِئْتُمْ﴾ » ”تم جو چاہو عمل کرو“ [فصلت: 40] یہ بطور تہدید فرمایا گیا ہے، گویا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”ان کے لیے ولاء کی شرط لگا لو وہ عنقریب جان لیں گے کہ اس شرط سے ان کو کوئی فائدہ حاصل نہ ہو گا“، اور اس مسئلے کی تائید آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس اشارہ سے بھی ہوتی ہے کہ ”لوگوں کا کیا حال ہے وہ ایسی شرائط لگاتے ہیں جو کتاب اللہ سے ثابت نہیں“، پس ایسی جملہ شروط باطل ہیں خواہ وہ ان کو نافذ بھی کیا جائے مگر اسلامی قانون کی رو سے ان کا کوئی مقام نہیں ہے۔ [نیل الأوطار شرح منتقی الاخیار، ج 5، ص: 236، 237]
فائدہ نمبر 2:
مذکورہ بالا حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ وہ ایسی شرائط عائد کرتے ہیں جو کتاب اللہ میں نہیں ہیں“، اور جو علم آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیا کہ ”ولاء اسی کے لیے ہے جو آزاد کرے“، اب اگر غور کیا جائے تو یہ شرط جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لگائی ہے یہ شرط قرآن میں نہیں ہے بلکہ حدیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں ہے، لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ سے بایں طور پر یہ ثابت ہوتا ہے کہ شریعت میں کتاب اللہ کا اطلاق صرف قرآن مجید پر نہیں ہوتا اور نہ ہی اس کتاب پر ہوتا ہے جو دو گتوں میں «بین الدفتین» ہو بلکہ کتاب اللہ کا اطلاق شریعت کے تمام قوانین پر ہوتا ہے چاہے وہ قرآنی بیان میں ضم ہوں یا وہ حدیثی بیانات ہوں۔ امت مسلمہ میں علم کی کمی بے انتہا ہے اور صحیح حدیث کی معرفت بے انتہا پست ہے، ان حالات میں عام و خاص الا ماشاء اللہ کا یہی عقیدہ اور نظریہ ہے کہ کتاب اللہ کا اطلاق صرف قرآن مجید پر ہی ہوتا ہے۔ لیکن اگر اس کے برعکس گہرائی اور بصیرت کی نگاہ سے غور کیا جائے تو یہ واضح ہوتا ہے کہ ”کتاب اللہ“ کا حکم مکمل شریعت پر لگتا ہے۔ اور مذکورہ بالا حدیث بھی اس کی مؤید ہے۔ دوسری حدیث جس کا ذکر امام بخاری رحمہ اللہ صحیح بخاری ہی میں کرتے ہیں کہ:
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ اور سیدنا زید بن خالد الجہنی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک دیہاتی آیا اور عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمارے در میان کتاب اللہ سے فیصلہ کر دیجئے۔ دوسرے نے بھی یہی کہا: کہ اس نے سچ کہا: ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارا فیصلہ کتاب اللہ کے مطابق کر دیں۔ دیہاتی نے کہا: کہ میرا لڑکا اس کے ہاں مزدور تھا، پھر اس نے اس کی بیوی سے زنا کیا، قوم نے کہا: کہ تمہارے لڑکے کو رجم کیا جائے گا، لیکن میں نے اپنے لڑکے کے اس جرم کے بدلے میں سو بکریاں اور ایک باندی دے دی، پھر میں نے علم والوں سے پوچھا: تو انہوں نے بتایا کہ اس کے سوا کوئی صورت نہیں کہ تمہارے لڑکے کو سو کوڑے لگائے جائیں اور ایک سال کے لیے ملک بدر کر دیا جائے۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں تمہارا فیصلہ کتاب اللہ ہی سے کروں گا، باندی اور بکریاں تمہیں واپس لوٹا دی جاتی ہیں، البتہ تمہارے لڑکے کو سو کوڑے لگائے جائیں گے اور ایک سال کے لیے ملک بدر کیا جائے گا، اور اے انیس اس عورت کے گھر جاؤ اور اسے رجم کردو (اگر وہ زنا کا اقرار کر لے)۔“ چنانچہ انیس گئے اور اسے رجم کر دیا (کیوں کہ اس نے زناکا اقرار کر لیا تھا)۔ [صحیح البخاری، کتاب الصلح، رقم 2695]
مذکورہ بالا واقعہ کی طرف نگاہ دوڑانے سے واضح معلوم ہوتا ہے کہ جس چیز کا حکم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیا کہ ”بکریاں اور باندی کو لوٹا لیا جائے“ یہ حکم پورے قرآن مجید میں کہیں نہیں ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حلفیہ طور پر یہ فرمایا تھا کہ ”میں تم میں ضرور کتاب اللہ سے فیصلہ کروں گا“، تو معلوم ہوا کہ کتاب اللہ کا اطلاق قرآن مجید کے ساتھ ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فیصلے پر بھی ہوتا ہے۔
امام طحاوی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
کتاب اللہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (واللہ اعلم) اللہ کا حکم مراد لیا ہے۔ اگرچہ وہ حکم کتاب اللہ (قرآن مجید) میں بالتصریح مذکور نہیں ہے۔ لیکن ہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم کتاب اللہ (قرآن مجید) کے ساتھ قبول کیا ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتا ہے: ”جو کچھ تمہیں رسول دے اس کو لے لو اور جس سے تمہیں منع کرے تو باز آجاؤ۔“ لہٰذا جب وہ (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی) کتاب اللہ کی وجہ سے ہے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم قبول کرنا بھی واجب ہوا۔ یقیناً رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہر فیصلہ جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صادر فرمایا پس وہ کتاب اللہ کے ساتھ ہے، اگرچہ وہ حکم کتاب اللہ (قرآن مجید) میں بالتصریح مذکور نہ ہو۔ [ذم الکلام وأہلہ للہروی، ج 2، ص: 91]
اللہ تعالیٰ نے سورہ توبہ میں بارہ ماہ کی تعداد کے بارے میں فرمایا کہ « ﴿فِی کِتَابِ اللّٰہِ﴾ » [التوبۃ: 36] کہ یہ بارہ مہینوں کی گنتی کتاب اللہ میں موجود ہے۔ حالانکہ مکمل قرآن مجید کے مطالعہ سے ہمیں بارہ مہینوں کی گنتی معلوم نہیں ہوتی بلکہ اس کی جگہ احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں بارہ ماہ اور مزید حرمت والے چار مہینوں کی بھی گنتی اور اس کی ترتیب ہمیں موصول ہوتی ہے۔ مذکورہ آیت سے بھی حدیث کا مبینہ طور پر کتاب اللہ ہونا ثابت ہے اور ان دلائل کی موجودگی میں کہیں اور طرف التفات کرنا محض ہٹ دھرمی ہی ہو گی۔
محمد بن ابوبکر الرازی مسائل رازی میں فرماتے ہیں:
«وإنما ہو أمر أنزلہ اللہ فى کتبہ على ألسنۃ رسلہ۔» [مسائل الرازی، ص: 113]
”یہ ایک حکم ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں نازل کیا اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان پر۔“
یعنی یہ حکم حدیث کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے واضح فرمایا۔
ابن الملقن رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«و المراد بکتاب اللہ أى بحکمہ، إذ لیس فى الکتاب ذکر الرجم، وقد جاء الکتاب بمعنی الفرض۔» [التوضیح لشرح الجامع الصحیح، ج 17، ص: 29]
”یہاں پر کتاب اللہ سے مراد (قرآن نہیں ہے بلکہ) اللہ کا حکم ہے جبکہ رجم کا حکم قرآن میں موجود نہیں ہے، اور یقیناً کتاب سے مراد فرض ہے (یعنی رجم کا حکم بھی اللہ کا حکم ہے، مگر قرآن میں نہیں ہے، سنت میں موجود ہے)۔“
محمد اسمٰعیل سلفی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
بعض آیات قرآن عزیز میں اس طرح مذکورہ ہوئی ہیں کہ قرآن کا مفہوم حدیث کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ یہ قرآن کی آواز ہے جو ضرورت حدیث کو ثابت کر رہی ہے۔ اشارۃ النص کے طور پر قرآن مجید ضرورت حدیث کو ثابت فرماتا ہے۔ منکرین حدیث سے مؤدبانہ استدعا ہے کہ بحیثیت طالب علم قرآن میں اس طریق پر بھی غور کی تکلیف گوارا کریں۔ ممکن ہے اللہ تعالیٰ دلوں کو کھول دے اور قوت فہم کو استفادہ کا موقع ملے۔
« ﴿إِنَّ عِدَّۃَ الشُّہُورِ عِنْدَ اللّٰہِ اثْنَا عَشَرَ شَہْرًا فِی کِتَابِ اللّٰہِ۔۔۔۔۔ الآیۃ﴾ » [التوبۃ: 36]
”تحقیق گنتی مہینوں کی اللہ کے نزدیک بارہ مہینے ہیں کتاب اللہ میں جس دن اس نے پیدا کیا آسمانوں کو اور زمین کو ان میں چار مہینے حرام ہیں۔“
ان چار ماہ کا ذکر قرآن میں اجمالا آیا ہے، ان میں لڑائی جھگڑے کی ممانعت فرمائی گئی ہے، ان میں ابتداء لڑائی حرام ہے۔ لیکن قرآن میں بارہ مہینوں کے نام مذکورہ ہیں اور نہ چار ماہ کا کوئی تفصیلی ذکر موجود ہے۔ یہ تذکرہ احادیث میں ملتا ہے یا عرب کی تاریخ میں، معلوم نہیں ہمارے اہل قرآن کون سا مقدس ذخیرہ قبول فرمائیں گے۔ [حجیت حدیث از محمد اسمٰعیل سلفی رحمہ اللہ، ص: 167]
قلت: تعجب اور حیرت کی بات ہے کہ قرآنی بیان سے اور تاریخی حوالوں سے واضح ہوتا ہے کہ اہل عرب مہینوں کی گنتی آگے پیچھے کر دیتے تھے جس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ:
« ﴿إِنَّمَا النَّسِیءُ زِیَادَۃٌ فِی الْکُفْرِ﴾ » [التوبۃ: 37] ”مہینوں کا آگے پیچھے کرنا کفر ہے۔“
لیکن اس کے برعکس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث و سنت کے مجموعے کے بارے میں اور اس کی صداقت پر قرآن نے برملا اعلان فرما دیا کہ وہ ہر قسم کی تبدیلی و تغیرات سے محفوظ ہوں گی اور قیامت تک قرآن کی طرح ہدایت کا سرچشمہ رہیں گے، مگر اس کے باوجود تاریخ پر اعتبار کیا جا سکتا ہے لیکن احادیث پر نہیں، تعجب ہے ایسی تنگ نظری پر۔
بہت سارے لوگوں کو یہ بھی مغالطہ لگ گیا کہ کتاب کہتے ہی اسی شیٔ کو جو ضخامت میں ہو کیوں کہ عہد نبوی میں احادیث کو کسی ایک کتاب کی صورت میں مدون نہیں کیا گیا (حالانکہ بعین یہی اعتراض قرآن پر بھی وارد ہوتا ہے) اسی لیے کتاب کا حکم احادیث پر صادر نہیں آتا۔
جب حضرت سلیمان علیہ السلام نے بلقیس کو اپنا خط بھیجا تو قرآن یوں ارشاد فرماتا ہے:
« ﴿اذْہَبْ بِکِتَابِی ہَذَا فَأَلْقِہْ إِلَیْہِمْ﴾ » [النمل: 28]
”یہ میری کتاب (خط) لے جا اور انکی طرف پھینک دے۔“
پھر جب یہ خط ان کو دیا گیا تو بلقیس نے کہا:
« ﴿یَا أَیُّہَا الْمَلَأُ إِنِّی أُلْقِیَ إِلَیَّ کِتَابٌ کَرِیمٌ﴾ » [النمل: 29]
”اے اہل دربار! میری طرف ایک بڑا اہم خط پھینکا گیا ہے۔“
ان آیات سے یہ معلوم ہوا کہ ضروری نہیں ہے کہ کسی ضخیم شئ کو ہی کتاب کا نام دیا جائے، اسی کتاب کی مزید صراحت سورہ انعام میں کچھ اس طرح سے ہے:
« ﴿وَلَوْ نَزَّلْنَا عَلَیْکَ کِتَابًا فِی قِرْطَاسٍ فَلَمَسُوہُ بِأَیْدِیہِمْ لَقَالَ الَّذِینَ کَفَرُوا إِنْ ہَذَا إِلَّا سِحْرٌ مُبِینٌ﴾ » [الانعام: 7]
”اور اگر ہم اتارتے آپ کی طرف کتاب کو نازل کرتے کاغذ پر پھر یہ لوگ اپنے ہاتھوں سے چھو کر بھی دیکھ لیتے تو جن لوگوں نے کفر کیا ہے، یہی کہتے ہیں کہ یہ صاف جادو ہے۔“
مذکورہ آیت میں بھی «قرطاس» ”کاغذ“ کو کتاب کہا: گیا ہے لہٰذا منکرین حدیث کا یہ شوشہ کہ وحی ہمیشہ کتاب کی صورت میں نازل ہوتی ہے باطل ٹھہرا۔ دراصل کتاب کے معنی یہ ہیں کہ اس میں کسی چیز کا حکم دیا گیا ہو یا کسی چیز کو فرض کیا گیا ہو، یہ تمام اقسام قرآن مجید کے ساتھ ساتھ احادیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر بھی وارد ہوتی ہیں۔
عربی زبان کی معرکہ آراء کتاب لسان العرب میں ابن منظور رقمطراز ہیں:
«وقال، کَتَبْنَا عَلَیْہِمْ فِیْہَا أَیْ فَرَضْنَا، وَمِنْ ہٰذَا قَوْلُ النَّبِیِّ صَلَّى اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ لِرَجُلَیْنِ احْتَکَمَا إِلَیْہِ۔۔۔۔۔» [لسان العرب، ج 12، ص: 23]
”یعنی یوں کہا: کہ ہم نے ان پر لکھ دیا اس میں یعنی (لکھنے سے مراد) فرض کیا ہم نے، اور یہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان جب دو شخص فیصلے کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ”میں ضرور تم دونوں کے درمیان کتاب اللہ سے فیصلہ کروں گا“ جو اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب یا اپنے بندے پر اتارا ہے۔ (ابن منظور کہتے ہیں) یہ جو فیصلہ تھا رجم کے بارے میں اور اس کا حکم قرآن میں وارد نہیں۔۔۔۔۔۔ اور یہ بھی کیا گیا ہے (کتاب کے معنی) کسی چیز کو فرض کرنا جو اللہ تعالیٰ نے نازل فرمایا یا کسی چیز کا حکم جس کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان مبارک سے بیان کیا گیا ہو (یعنی وہ بھی کتاب ہی کا حکم رکھتی ہے)۔“
ابن منظور کی وضاحت نے واضح کیا کہ ہر وہ شئ کتاب ہے جس میں کسی چیز کا حکم دیا گیا ہو یا کسی چیز کو فرض کیا گیا جو، چاہے وہ قرآن میں لکھا ہوا ہو یا احادیث رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں۔
ابن اثیر رحمہ اللہ کتاب اللہ کے بارے میں وضاحت فرماتے ہیں:
سیدہ بریرہ رضی اللہ عنہا کی حدیث کہ ”جو کوئی ایسی شرط عائد کرے جو کتاب اللہ میں نہیں“، یعنی وہ حکم کتاب میں نہیں اور نہ ہی موجب پر اس کی قضا ہو کتاب میں، کیوں کہ کتاب اللہ سے (مراد) نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت مراد ہے، اور جان لو کہ سنت قرآن کا بیان ہے۔ اور یقیناً نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ولاء اسی کو قرار دیا جو آزاد کرے، اور یہ ولاء کا حکم قرآن میں مذکورہ نہیں ہے۔ (یعنی حدیث میں ہے اور یہ بھی کتاب اللہ ہے)۔ [النہایہ فى غریب الحدیث والأثر، ج 4، ص: 128]
امام ابن الثیر رحمہ اللہ نے بھی واضح فرمایا کہ کتاب سے مراد حکم، فرض کے ہیں اور اس کا اطلاق قرآن مجید کے ساتھ ساتھ سنت پر بھی ہوتا ہے۔
شہاب الدین ابوعمرو «القاموس الوافی» میں فرماتے ہیں:
”کتاب سے مراد مجموعہ، رسائل، کتابیں، قرآن مجید، تورات، انجیل۔۔۔۔۔ احکامات اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان کہ ”میں ضرور تم دونوں کے درمیان کتاب اللہ سے فیصلہ کروں گا۔“ (یہ واقعہ عسیف ہے جس کو بخاری رحمہ اللہ نے روایت کیا)۔“ [القاموس الوافی، ص: 922]
شہاب الدین ابوعمرو نے بھی کتاب کی وضاحت کرتے ہوئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث کا ذکر فرمایا جس میں یہ ہے کہ ”میں تم دونوں میں کتاب اللہ سے ضرور فیصلہ کروں گا۔“ یعنی حدیث بھی کتاب اللہ میں شامل ہے۔
مصباح اللغات میں ہے:
”الکتاب، جس میں لکھا جائے، خط، صحیفہ، فرض، حکم، اندازہ، ہر وہ کتاب جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل ہوئی۔“ [مصباح اللغات، ص: 723]
یہی الفاظ المنجد میں بھی نقل کیے گئے ہیں۔ [دیکہئے المنجد، ص: 860]
یہ ایسی حقیقت ہے جس کا انکار ایک منکرین حدیث کا سرچشمہ غلام احمد پرویز نے بھی نہ کیا، بلکہ وہ بھی اس کا معترف رہا۔ مسٹر پرویز صاحب فرماتے ہیں:
”کتاب کے معنی فیصلہ اور حکم کے بھی آتے ہیں۔“ [لغات القرآن، ص: 1414]
حیرت کی بات ہے کہ کتاب کے معنی حکم اور فیصلہ کو آپ پرویز بھی مانتے ہیں اور یہ بھی معلوم ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا مکمل اسوہ انسانیت کے لیے نمونہ ہے جو کہ مکمل طریقے سے قرآن مجید میں مذکور نہیں بلکہ اس کے کئی ایک پہلو سنت رسول (احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم ) میں اجاگر ہیں۔ لیکن اس حقیقت کے باوجود بھی اس حقیقت سے انحراف چہ معنی وارد ہے؟
لہٰذا ان اقتباسات سے واضح ہوا کہ کتاب سے مراد حکم اور فرائض ہیں، جس میں قرآن مجید کے ساتھ ساتھ حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم بھی شامل ہے۔ مزید تفصیل کے لیے چند احادیث پیش خدمت ہیں:
➊ مسند احمد بن حنبل میں روایت ہے کہ ایک صحابی سیدنا طلحہ بن عبید رضی اللہ عنہ نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے صدقہ کے متعلق کچھ لکھنے کی گزارش کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی گزارش کو قبول فرما لیا، لہٰذا ان صحابی کا بیان ہے کہ:
«فَکَتَبَ لَنَا رَسُوْلُ اللّٰہِ صَلَّى اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ ہَذَا الْکِتَابْ» [مسند أحمد، ج 3، ص: 23] ”پس ہمارے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ کتاب لکھوائی۔“
مندرجہ بالا حدیث میں بھی ایک حکم کو لکھوانے پر اسے کتاب کہا: گیا ہے، لہٰذا اس حدیث سے واضح ہوا کہ جس میں فرض احکامات ہوتے ہیں اسے کتاب کہا: جاتا ہے۔
➋ موسی بن طلحہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«عِنْدَنَا کِتَابٌ مَعَاذ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ عَنِ النَبِیِّ صَلَّى اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ» [سنن الدارقطنی، کتاب الزکوۃ، رقم: 1898]
”ہمارے پاس سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ کی ایک کتاب ہے جو انہوں نے نبی کر یم صلی اللہ علیہ وسلم سے لکھوائی۔“
حالانکہ اس نوشتہ میں صرف صدقہ کے مسائل درج تھے، اس کے باوجود اس نوشتہ کو کتاب کا نام دیا گیا کیوں کہ اس میں فرائض و احکامات تھے۔
➌ «قَالَ: أَتَانَا کِتَابُ رَسُولِ اللّٰہِ صَلَّى اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: أَنْ لَا تَنْتَفِعُوا مِنَ الْمَیْتَۃِ بِإِہَابٍ وَلَا عَصَبٍ» [سنن النسائی، کتاب الفرع والعتیرہ، رقم: 4256 - سنن الترمذی، کتاب اللباس، رقم: 1729 - صحیح ابن حبان: 1278 - مسند عبد بن حمید: 488]
”عبداللہ بن عکیم کہتے ہیں: ہمارے پاس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی کتاب آئی کہ مردے کے چمڑے سے فائدہ نہ اٹھاؤ۔“
مذکورہ حدیث میں بھی صرف ایک حکم لکھا ہوا تھا جس کو راوی نے کتاب کے نام سے تعبیر فرمایا۔
فائدہ نمبر 3:
اسی باب کے تحت حدیث نمبر 2156 میں امام بخاری رحمہ اللہ کے شیخ حسان بن ابی عباد ہیں، جن کے متعلق امام ابن عدی رحمہ اللہ نے لکھا ہے: حسان دو ہیں، ایک حسان بن حسان البصری اور دوسرے حسان بن ابی عباد البصری، دیکھیے ابن عدی کی کتاب: «أسامی من روى عنہم البخاری فى جامعہ الصحیح، ص: 117» ، در اصل یہ وہم ہے جو انہیں ہوا ہے۔ کیونکہ حسان بن حسان بن ابی عباد ہیں۔ علامہ علاء الدین مغلطائی (المتوفی 764ھ) نے صراحت فرمائی ہے کہ یہ حسان ایک ہی ہیں دو نہیں ہیں۔ [دیکہئے: اکمال تہذیب الکمال، ج4، ص: 61]
ابن عدی رحمہ اللہ نے امام بخاری رحمہ اللہ کے شیوخ حسان بن حسان کو حسان بن ابی عباد سے الگ ذکر فرمایا ہے۔ حالانکہ صحیح یہ ہے کہ (یہ دونوں) ایک ہی آدمی ہیں۔
آپ کا مکمل نام ”حسان بن حسان البصری ابوعلی بن ابی عباد“ ہے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ان سے امام بخاری رحمہ اللہ نے صرف دو احادیث نقل فرمائی ہیں۔ [ہدى الساری، الفصل التاسع، ص: 559]
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کا یہ قول محل نظر ہے کیونکہ امام بخاری رحمہ اللہ نے حسان بن حسان سے دو احادیث روایت نہیں کیا، بلکہ آپ سے تقریبا چھ احادیث صحیح بخاری میں روایت کی ہیں، علامہ مغلطائی فرماتے ہیں: روی عنہ محمد بن اسماعیل ستۃ أحادیث، یعنی امام بخاری رحمہ اللہ نے آپ سے چھ احادیث روایت کی ہیں۔ تلاش کے بعد الحمد للہ میں نے ان چھ احادیث کو پایا ہے۔ ان سے روایات امام بخاری رحمہ اللہ نے درج ذیل مقامات پر فرمایا ہے، ایک کا ذکر ہم کر چکے ہیں، باقی پانچ احادیث یہ ہیں:
① «کتاب البیوع، رقم الحدیث: 2156، باب البیع والشراء مع النساء۔»
② «کتاب الوصایا، رقم الحدیث: 2746، باب إذا أومأ المریض برأسہ إشارۃ بینۃ جازت۔»
③ «کتاب المغازی، رقم الحدیث: 4048، باب غزوۃ أحد۔»
④ «کتاب العمرۃ، رقم الحدیث: 1778، باب کم أعتمر النبى صلى اللہ علیہ وسلم۔»
⑤ «کتاب الاستئذان، رقم الحدیث: 6296، باب إغلاق الأبواب باللیل۔»
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 298