🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد ومسائل: (1) نماز کی صحت کےلئے وضو شرط ہے۔ اس لئے وضو توجہ اوراحتیاط سے کرنا...
اردو حاشہ:
فوائد ومسائل:

(1)
نماز کی صحت کےلئے وضو شرط ہے۔
اس لئے وضو توجہ اوراحتیاط سے کرنا چاہیے۔
تاکہ ا س میں کوئی نقص نہ رہ جائے۔

(2)
نماز کے لئے قبلہ رخ ہونا شرط ہے البتہ نفلی نماز سواری پر ادا کرتے وقت سواری کا رخ جدھر بھی ہو نماز جاری رکھی جائے۔ (صحیح البخاري، التقصیر، باب صلاۃ التطوع علی الدواب وحیثما توجھت، حدیث: 1093۔
وصحیح مسلم، صلاة المسافرین، باب جواز صلاۃ النافلة علی الدابة فی السفر حیث توجھت، حدیث: 700)
 البتہ یہ ضروری ہے کہ نمازشروع کرتے وقت سواری کا رخ قبلے کی طرف ہو۔
جیسا کہ سنن ابو داؤد کی روایت میں صراحت ہے۔ (سنن ابی داؤد، صلاۃ السفر، باب التطوع علی الراحلة والوتر، حدیث: 1225)

(3)
نماز کی ابتداء تکبیر سے ہوتی ہے۔
جیسے کہ سنن ابن ماجہ کی حدیث 275 میں ذکر ہوا۔
ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔
نماز میں پابندیاں لگانے والی ہر چیز تکبیر ہے۔
اور پابندیاں ختم کرنے والی چیز سلام ہے۔

(4)
  ”قرآن میں سے جو آسان ہو۔“
اس سے مراد سورۃ فاتحہ ہے۔
کیونکہ اس کے بغیر نماز نہیں ہوتی۔
یا اس سے مراد سورہ فاتحہ کے بعد کی تلاوت ہے۔
کہ اس میں کم زیادہ کی کوئی حد مقرر نہیں۔
سورہ فاتحہ کا وجوب دوسرے دلائل سے ثابت ہے۔
ارشاد نبوی ہے۔
 (لَاصَلاَةَ لِمَنْ لَمْ يَقْرَاْ بِفَاتِحَة ِالْكِتَابِ) (صحيح البخاري، الأذان، باب وجوب القراءۃ للإمام والمأموم فی الصلوات کلھا۔
۔
۔
، حدیث: 756 وصحیح مسلم، الصلاۃ، باب وجوب قراءۃ ا لفاتحة فی کل ر کعة۔
۔
۔
، حدیث: 394)
 ”جس شخص نے فاتحہ نہ پڑھی اس کی کوئی نماز نہیں۔“
علاوہ ازیں ارشاد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔
”جب میں بلند آواز سے قراءت کروں توسورۃ فاتحہ کے سواقرآن میں سے کچھ نہ پڑھو“ (سنن ابی داؤد، الصلاۃ، باب من ترک القراءۃ فی صلاته بفاتحة الکتاب، حدیث: 823)

(5)
رکوع اور سجدے کے دیگر مسائل گزشتہ ابواب میں بیان ہوچکے ہیں۔

(6)
اس حدیث میں اہم مسئلہ جسے پوری تاکید سے واضح کیاگیا ہے۔
وہ یہ ہے کہ نماز کے ارکان پورے اطمینان سے ادا کرنے ضروری ہیں۔
جلدی جلدی پڑھی ہوئی نماز اللہ کےہاں قبول نہیں۔
کیونکہ نماز کا اصل مقصد ہی اللہ کا ذکر ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
﴿وَأَقِمِ الصَّلَاةَ لِذِكْرِي﴾  (طٰهٰ: 14)
 ”میری یاد کےلئے نماز قائم کیجئے۔“
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 1060