🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) مذکورہ روایت کوہمارے شیخ نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے۔ جبکہ دیگر محققین...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ روایت کوہمارے شیخ نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے۔
جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔
تفصیل کےلئے دیکھئے: (الموسوعة الحدیثیة مسند الإمام احمد بن حنبل 86، 85، 84/26، وإرواء الغلیل للألباني، رقم الحدیث: 4)
لہٰذا راحج یہی ہے کہ مذکورہ حدیث میں بیان کردہ باتیں درست اور قابل عمل ہیں۔
واللہ أعلم۔

(2) (نفخة)
 کا مطلب پھونک مارنا ہے۔
اس سے مراد ایک فرشتے (حضرت اسرافیل علیہ السلام)
کا اس خاص چیز میں پھونک مارنا ہے۔
جسے قران مجید میں صور کے نام سے ذکر کیا گیا ہے۔
یعنی قرنا یا بگل۔
یہ قیامت کے مراحل کی ابتداء ہے۔

(3)
نفخات تین ہیں۔
ایک نفخة سے اس وقت موجود تمام ذی روح مخلوق بے ہوش ہوجائےگی۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا۔
﴿وَنُفِخَ فِي الصُّورِ فَصَعِقَ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَمَن فِي الْأَرْضِ إِلَّا مَن شَاءَ اللَّـهُ ۖ ثُمَّ نُفِخَ فِيهِ أُخْرَىٰ فَإِذَا هُمْ قِيَامٌ يَنظُرُونَ﴾  (الزمر: 68)
 ”صور میں پھونک ماری جائے گی۔
تو آسمان والے اور زمین والے سب کے سب بے ہوش ہوجایئں گے۔
مگر جسے اللہ چاہے“ دوسرے نفخة سے ہر چیز فنا ہوجائے گی۔
ارشاد ہے۔
﴿فَإِذَا نُفِخَ فِي الصُّورِ نَفْخَةٌ وَاحِدَةٌ ﴿13﴾ وَحُمِلَتِ الْأَرْضُ وَالْجِبَالُ فَدُكَّتَا دَكَّةً وَاحِدَةً﴾ (الحاقة: 14، 13)
 ”چنانچہ جب صور میں ایک پھونک ماری جائےگی۔
اورزمین اور پہاڑ اٹھا کر ایک ہی چوٹ میں ریزہ ریزہ کر دیئے جایئں گے۔“
تیسرے نفخة سے تمام مخلوق دوبارہ زندہ ہوجائے گی۔
ارشاد ہے۔
﴿ثُمَّ نُفِخَ فِيهِ أُخْرَىٰ فَإِذَا هُمْ قِيَامٌ يَنظُرُونَ﴾ (الزمر: 68)
پھر دوبارہ صور پھونکا جائےگا۔
پس وہ ایک دم کھڑے ہوکر دیکھنے لگیں گے
(4)
درود شریف ایک افضل عمل ہے۔
اورجمعے کا دن افضل ہے لہٰذا جمعے سے درود شریف کو ایک مناسبت حاصل ہے جس کی بنا پر جمعے کے دن درود شریف زیادہ پڑھنا چاہیے۔

(5)
درود شریف پیش کئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اطلاع دی جاتی ہے۔
تاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو امت کے نیک اعمال سے خوشی حاصل ہو ورنہ تمام اعمال کا ثواب اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے۔

(6)
اس کا مطلب یہ نہیں کہ جونہی درود شریف پڑھا جاتا ہے۔
رسول للہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فوراً اطلاع دی جاتی ہے۔
ممکن ہے کسی مناسب وقت پر اطلاع دی جاتی ہو۔
اس سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم براہ راست کسی کا درود نہیں سنتے۔
نہ قریب سے، نہ دور سے بلکہ فرشتے آپ صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچاتے ہیں۔
قریب سے سننے کی روایت سنداً صحیح نہیں۔

(7)
اس سے برزخی زندگی ثابت ہوتی ہے۔
اس زندگی پر ایمان رکھنا ضروری ہے۔
لیکن اسے دنیا کی زندگی پر قیاس نہیں کیا جا سکتا۔
بلکہ اس کی حقیقت اللہ ہی جانتا ہے۔
قبر میں مدفون شخص کا اپنے جسم سے تعلق بھی عالم غیب سے تعلق رکھتا ہے۔
ایسے مسائل میں اپنی رائے سے کچھ نہیں کہنا چاہیے۔
صرف اتنی بات مان لی جائے جس کی صراحت قرآن مجید یا صحیح حدیث میں موجود ہو۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 1085