🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) مذکورہ آیت اس طرح ہے۔ ﴿وَإِذَا رَأَوْا تِجَارَةً أَوْ لَهْوًا انفَضُّوا إِلَيْهَا وَتَرَكُوكَ...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ آیت اس طرح ہے۔
﴿وَإِذَا رَأَوْا تِجَارَةً أَوْ لَهْوًا انفَضُّوا إِلَيْهَا وَتَرَكُوكَ قَائِمًا ۚ قُلْ مَا عِندَ اللَّـهِ خَيْرٌ مِّنَ اللَّـهْوِ وَمِنَ التِّجَارَةِ ۚ وَاللَّـهُ خَيْرُ الرَّازِقِينَ﴾  (الجمعة: 11)
 ”جب وہ کوئی سودا بکتا دیکھتے ہیں۔
یا کوئی تماشا نظر آ جاتا ہے۔
تو اس کی طرف دوڑ جاتے ہیں۔
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کھڑا ہی چھوڑ دیتے ہیں۔
کہہ دیجئے۔
اللہ کے پاس جو کچھ ہے وہ کھیل اور تجارت سے کہیں بہتر ہے۔
اور اللہ بہترین روزی رساں ہے۔“
اس سے ثابت ہوتا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوکر خطبہ دیتے تھے۔

(2)
صحیح بخاری اور تفسیر ابن کثیر میں اس آیت کی تفسیر میں ایک حدیث ذکر کئی گئی ہے۔
کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جمعے کا خطبہ ارشاد فرما رہے تھے۔
کہ ایک آدمی نے آکر کہا دحیہ بن خلیفہ تجارت کا مال لے کرآ گئے ہیں۔
یہ سن کر لوگ اٹھ کھڑے ہوئے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چند افراد رہ گئے چنانچہ مذکورہ بالا آیت نازل ہوئی۔
 (صحیح البخاري، والتفسیر، باب ﴿وَإِذَا رَأَوْا تِجَارَةً أَوْ لَهْوًا﴾ حدیث: 4889 وتفسیر ابن کثیر، تفسیر سورۃ الجمعة)
 اس روایت کی روشنی میں کہا جا سکتا ہے۔
کہ خطبہ جمعہ اور اس طرح عید کا خطبہ سننا بھی ضروری ہے۔
نیز نماز پڑھ کر خطبہ سنے بغیر چلے جانا گناہ ہے۔
واللہ أعلم۔

(3)
مذکورہ روایت کو ہمارے محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے۔
جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔
دیکھئے: (سنن ابن ماجه تحقیق الدکتور بشار عواد حدیث: 1108 وصحیح سنن ابن ماجه للألبانی حدیث: 916)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 1108