🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
فوائد و مسائل : باب اور حدیث میں مناسبت : امام بخاری رحمہ اللہ رحمہ الله نے باب قائم...
فوائد و مسائل:
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ رحمہ الله نے باب قائم فرمایا امام اور مقتدی کیا دعا پڑھیں جب رکوع سے سر اٹھائیں؟ مگر جس حدیث کا ذکر فرمایا اس میں مقتدی کا ذکر نہیں ہے بلکہ صرف امام کا ذکر ہے۔ حدیث اور باب میں مناسبت کچھ اس طرح سے ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ اس طرق کی طرف اشارہ فرما رہے ہیں جس میں واضح حکم ہے کہ امام اس لیے مقرر کیا جائے کہ اس کی اقتدا کی جائے لہٰذا جب امام رکوع سے سر اٹھائے گا تو لازماً مقتدی کو بھی امام کی اقتدا میں سر اٹھانا ہو گا۔
باب مذکورہ میں امام بخاری رحمہ اللہ نے صرف امام کے متعلق حدیث کا ذکر فرمایا ہے، مگر آپ نے ترجمۃ الباب میں «من خلفه» کا اضافہ کر کے مقتدیوں کی طرف اشارہ فرما کر اپنا رجحان ظاہر فرما دیا ہے۔

امام بخاری رحمہ اللہ ترجمۃ الباب کے تحت حدیث ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ذکر فرما رہے ہیں جس میں واضح الفاظ ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سر اٹھاتے ہوئے «سمع الله لمن حمده» اور پھر «اللهم ربنا لك الحمد» کہتے۔ اگرچہ ماموم کا ذکر موجود نہیں مگر حدیث «انما جعل الامام ليؤتم به» اور حدیث «صلوا كما رايتموني اصلي» کے تحت ماموم بھی اسی طرح کہے گا۔ بس ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت یہیں سے ہے۔

◈ ابن رشید رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«بأنه اشار الي التذكير بالمقدمات لتكون الاحاديث عند الاستنباط نصب عيني المستنبط فقد تقدم حديث ”انما جعل الامام ليؤتم به“ و حديث صلوا كما رآيتموني اصلي» [فتح الباري، ج2، ص245]

◈ امام عطاء رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«يجمعهما الامام و الماموم احب الي» [معرفة السنن و الاثار، ج2، ص12]
”میں اس بات کو پسند کرتا ہوں کہ اس حکم میں امام اور مقتدی دونوں جمع ہیں۔‏‏‏‏“

◈ ابن الملقن رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
اس دعا «سمع الله لمن حمده» میں امام کا اختصاص نہیں ہے (بلکہ مقتدی بھی شامل ہیں)۔ [التوضيح ج 6۔ ص 175]

فائدہ:
امام جب رکوع سے سر اٹھائے تو پڑھے گا «سمع الله لمن حمده» مقتدی بھی انہیں الفاظوں کو دہرائیں گے۔

◈ امام دار قطنی رحمہ الله نے سنن دارقطنی میں فرماتے ہیں:
«عن ابي هريرة رضى الله عنه ان النبى صلى الله عليه وسلم قال، اذا قال الامام سمع الله لمن حمده فليقل من ورائه سمع الله لمن حمده .» [سنن الدار قطني ج1 رقم الحديث 1270، اور ده ابن الجوزي فى التحقيق ج1 ص386 واسناده صحيح]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب امام کہے «سمع الله لمن حمده» تو جو اس کے پیچھے ہو (مقتدی) وہ بھی کہیں «سمع الله لمن حمده .»

◈ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وقد ورد فى ذالك حديث عن أبى هريرة أيضًا أخرجه الدارقطني بلفظ: كنا إذا صلينا خلف رسول الله صلى الله عليه وسلم فقال سمع الله لمن حمده قال من وراءه سمع الله لمن حمده .» [فتح الباري ج2 ص359]
”یقیناً اس مسئلہ پر ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہی حدیث وارد ہے جس کو امام دارقطنی نے نکالا کہ! ہم جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے نماز ادا کرتے تو آپ کہتے «سمع الله حمده» آپ کے پیچھے مقتدی بھی یہی الفاظ کہتے“

◈ امام دارقطنی رحمہ اللہ نے ایک اور اثر کا بھی ذکر فرمایا ہے اپنی سنن میں بطریق «ابن عون قال قال محمد! إذا قال الإمام سمع الله لمن حمده قال من خلفه سمع الله لمن حمده ربنا ولك الحمد .» [سنن الدارقطني ج1 رقم 1291]
اس اثر میں ان دو روایتوں میں تطبیق پائی جاتی ہے جس میں حدیث موجود ہے کہ جب امام کہے «سمع الله لمن حمده» تو تم کہو «ربنا ولك الحمد» اگر غور کیا جائے تو ان دونوں روایات میں کوئی ٹکراؤ نہیں ہے کہ جس حدیث میں مقتدیوں کے لئے «ربنا ولك الحمد» کہنے کا ذکر ہے یہ حدیث «سمع الله لمن حمده» کہنے سے روکتی نہیں کیوں کہ قاعدہ مشہور ہے عدم ذکر سے عدم شئ لازم نہیں۔
لہٰذا مقتدی «سمع الله لمن حمده ربنا ولك الحمد» کہہ سکتا ہے۔ «والله اعلم»
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 197