🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
فوائد و مسائل : باب اور حدیث میں مناسبت : باب اور حدیث میں مناسبت کچھ اس طرح سے...
فوائد و مسائل:
باب اور حدیث میں مناسبت:
باب اور حدیث میں مناسبت کچھ اس طرح سے ہے کہ! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں فرمایا کہ جو قرآن تجھے یاد ہو اسے آسانی سے پڑھ لے اور سنن ابی داؤد میں رفاعہ بن رافع رضی اللہ عنہ سے حدیث منقول ہے کہ:
«إذا قمت فتوجهت إلى القبلة فكبر، ثم اقرا بام القرآن وبماشاء الله ان تقرا، . . . . . . . .» [ابوداود كتاب الصلاة رقم الحديث 859]
”جب تو (نماز کے لئے) کھڑا ہو تو چہرہ قبلہ کی طرف کر لے اور اللہ اکبر کہہ پھر سورۃ الفاتحہ پڑھ اور جو تو پڑھ سکتا ہے۔۔۔۔۔۔۔“
امام بخاری رحمہ اللہ نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کی حدیث سے جس مسئلہ کی طرف اشارہ فرمایا رفاعہ بن رافع کی حدیث میں اس کی وضاحت ہے کہ ہر نماز میں سورۃ فاتحہ پڑھنا ضروری ہے چاہے وہ جہری ہو یا سری قصر ہو یا حضر، لہٰذا یہیں سے باب اور حدیث کی مناسبت ہے۔ کیونکہ آسانی سے جتنا ہو سکے اتنا قرآن پڑھو یہ پڑھنا سورۃ الفاتحہ کے بعد ہی ہے، لہٰذا سورہ فاتحہ پڑھنا واجب ہے۔

◈ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«المراد بقوله: ”فاقرا ماتيسر معك من القرأن“ اي بعد الفاتحة» [فتح الباري ج 2 ص 309]
”جتنا آسانی سے ہو اتنا قرآن پڑھو یہ حکم سورۃ الفاتحہ پڑھنے کے بعد کا ہے (یعنی سورۃ الفاتحہ ہر حالت میں سب پر فرض ہے)۔“

فائدہ:
مذکورہ حدیث سے واضح ہوا کہ تعدیل ارکان انتہائی ضروری ہیں جب تک رکن ٹھہر ٹھہر کر ادا نہ ہو گا تو نماز باطل ہو گی۔
دوسرا مسئلہ یہ ہے کہ اس میں ایک اشکال پیدا ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلی ہی بار اس صحابی کو صحیح نماز کیوں نہ سکھائی حالانکہ تین مرتبہ انہیں نماز کا اعادہ کرنے کا حکم دیا تو اس سوال کے جوابات کئی طریقوں سے دیئے جا سکتے ہیں۔ مثلاً:
➊ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عادت شریفہ یہ تھی کہ جب کسی خاص مسئلہ کی وضاحت کرتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم تین مرتبہ اس بات کو دہراتے، لہٰذا نماز کا مسئلہ بھی اہم ترین تھا اسی لیے تین دفعہ اس شخص کو لوٹا کے پھر اس کی نماز کی تصحیح فرمائی۔
➋ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم دیکھنا چاہتے ہوں کہ یہ اپنے نماز کے افعال بھول گیا ہے یا غافل ہونے کی وجہ سے تاکہ اگر وہ غفلت کی وجہ سے کر رہا ہو تو اس کی بھی وضاحت کر دی جاتی اور اگر غلطی ہوتی تو اس کی اصلاح۔
➌ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اصلاح میں تاخیر فرمائی تاکہ ان کی مکمل غلطیوں کی اصلاح کر دی جائے۔
➍ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے اس لئے اصلاح نہ کی ہو گی کہ وہ خود سوال کرے علم کے متعلق جیسا کہ حدیث میں وارد ہے کہ جب اس شخص نے کہا: مجھے نماز پڑھنا سکھائیے تو پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے نماز کا صحیح طریقہ سکھایا۔
➎ اس میں ایک اور وجہ بھی ہو سکتی ہے کہ پہلی بار جب اس شخص نے نماز پڑھی تو عاجزی نہ ہو گی اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیسری بار کے بعد ہی جب اس نے عاجزی کی تو نماز کا صحیح طریقہ بتایا۔
➏ بعضوں نے یہ بھی کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہر بار یہ امید ہو گی کہ وہ اب صحیح نماز ادا کرے گا لیکن اسے نماز صحیح ادا نہیں کرنے آئی۔۔۔
مزید تفصیل کے لیے ان کتب کی طرف مراجعت کی جائے۔ « [فتح الباري ج2 ص308 تا ص309، المتواري ص102، ذخيرة العقبي ج11 ص110، كشف المشكل ج1 ص404] »

فائدہ نمبر 2:
سورۃ فاتحہ ہر نماز میں فرض ہے کیوں کہ اس کے بغیر نماز نہیں ہوتی کتب احادیث اور شروحات میں اس کی تفصیل موجود ہے کہ تمام لوگوں کے لیے چاہے وہ امام ہو یا مقتدی اکیلا ہو یا جماعت کے ساتھ ہر حالت میں سورہ فاتحہ فرض قراد دی گئی ہے۔ [الكواكب الدراري ج5 ص111]

◈ علامہ عینی حنفی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «استدل بهذا الحديث عبدالله بن مبارك والاوزاعي ومالك والشافعي وأحمد وإسحٰق وأبوثور وداؤد وجوب قراءة الفاتحة خلف الامام فى جميع الصلٰوت .» [عمدة القاري ج3 ص326]
”یعنی اس حدیث (عبادة رضی اللہ عنہ) سے امام عبداللہ بن مبارک، امام اوزاعی، امام مالک، امام شافعی، امام أحمد، امام اسحق، امام ابوثور، امام ابوداؤد رحمہ اللہ نے (مقتدی) کے لیے امام کے پیچھے سورۃ فاتحہ پڑھنے کی وجوب پر دلیل اخذ کی ہے۔‏‏‏‏“

◈ امام نووی رحمہ اللہ المجموع شرح المھذب میں رقمطراز ہیں:
یعنی جو شخص سورۃ فاتحہ پڑھ سکتا ہے اس کے لیے اس کا پڑھنا نماز کے فرائض میں سے ایک فریضہ ہے اور ارکان نماز میں سے ایک رکن ہے اور یہ سورۃ فاتحہ نماز میں ایسی معین ہے کہ نہ تو اس کے بجائے غیر عربی میں اس کا ترجمہ قائم مقام ہو سکتا ہے اور نہ ہی قرآن مجید کی دیگر آیت۔ اور اس تعین فاتحہ میں تمام نمازیں برابر ہیں فرض ہوں یا نفل، جہری یا سری، مرد ہو یا عورت، مسافر، لڑکا (نا بالغ) اور کھڑا ہو کر نماز پڑھنے والا اور بیٹھ کر یا لیٹ کر نماز پڑھنے والا سب اس حکم میں یکساں ہیں۔

◈ امام خطابی رحمہ الله سورہ فاتحہ کی فرضیت پر حدیث کی شرح کرتے ہوئے فرماتے ہیں:
«هذا الحديث نص صريح بان قرأة الفاتحه واجبة على من صلى خلف الامام سواء جهر الامام بالقرأة او خافت بها و اسناده جيد لا طعن فيه .» [معالم السنن شرح ابي داؤد ج1 ص919]
” یعنی یہ حدیث نص صریح ہے کہ مقتدی کے لئے سورہ فاتحہ کا پڑھنا واجب ہے۔ خواہ امام قرأت بلند آواز سے کرے یا آہستہ سے۔ کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خاص مقتدیوں کو خطاب کر کے سورۃ فاتحہ پڑھنے کا حکم دیا اور اس کی وجہ بیان فرمائی کہ سورۃ فاتحہ پڑھے بغیر کسی کی نماز نہیں ہوتی۔ اس حدیث کی سند بہت پختہ ہے۔

❀ پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں:
«عن عائشة قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من صلى صلوة لم يقرأ فيها بفاتحة الكتاب فهي خداج غير تمام» [جزء القراة ص8]
”جس شخص نے کسی نماز میں سورۃ فاتحہ نہیں پڑھی وہ ناقص ہے پوری نہیں۔“
مذکورہ بالا حدیث میں بغیر سورۃ فاتحہ کی نماز کو ”خداج“ کہا جا رہا ہے۔

◈ امام خطابی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«معناه ناقصة نقص فساد و بطلان يقول العرب اخدجت الناقة اذا القت ولدها وهو دم لم يستبن خقه . . . .» [معالم السنن ج1 ص203]
حاصل کلام یہ ہے کہ جس نماز میں سورۃ فاتحہ نہ پڑھی جائے وہ فاسد اور باطل ہے۔ اہل عرب «اخدجت الناقة» اس وقت بولتے ہیں جب اونٹنی اپنے بچے کو اس وقت گرا دے کہ وہ خون ہو اور اس کی خلقت و پیدائش ظاہر نہ ہو۔ اسی لیے لفظ خداج لیا گیا ہے۔ لہٰذا ثابت ہوا کہ «خداج» وہ نقصان ہے جس سے نماز نہیں ہوتی اور اس کی مثال اونٹنی کے مردہ بچے کی سی ہے۔

◈ نواب صدیق حسن خان رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وايں حديث لا شواهد بسيار است» “ [مسك الختام شرح بلوغ المرام ج1 ص219]
”یعنی قرأت سورۃ فاتحہ خلف الامام کی شواہد بہت زیادہ ہیں۔“

◈ امام عبد الوہاب الشعرانی فرماتے ہیں:
”جن علماء نے سورۃ فاتحہ کو نماز میں متعین فرمایا ہے اور کہا ہے کہ سورۃ فاتحہ کے سوا کچھ اور پڑھنا کفایت نہیں کرتا۔ اولاً تو ان کے پاس احادیث کثرت سے ہیں جو کہ تواتر کو پہنچنے والی ہیں ثانیاً: سلف و خلف صحابہ کرام رضی اللہ عنہم تابعین وتبع تابعین وائمہ عظام رحمہ اللہ علیہم کا عمل بھی تعین فاتحہ اور نماز کی تائید کرتا ہے۔“ [ميزان الكبري ج1 ص166]
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 193