🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
باب اور حدیث میں مناسبت : امام بخاری رحمہ اللہ نے باب قائم فرمایا ہے کہ علم اور حکمت...
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب قائم فرمایا ہے کہ علم اور حکمت کی باتوں پر رشک کرنا چاہئیے اور حدیث لائیں ہیں کہ دو آدمیوں کے علاوہ کسی پر حسد نہیں کرنا چاہیے، لہٰذا حدیث میں جو «حسد» کے الفاظ ہیں اس سے مراد رشک کرنے کے ہی ہیں کیوں کہ حسد کرنا بہت بڑی خرابی اور گناہ ہے، گویا حدیث سے رشک کرنا مراد لیا جائے گا اور باب میں بھی یہی مذکور ہے۔ مزید اگر غور کیا جائے تو اس باب سے قبل امام بخاری رحمہ اللہ نے باب «الفهم فى العلم» قائم فرمایا تھا اور اب «باب الاغتباط فى العلم والحكمة» قائم فرمایا ہے دونوں میں مناسبت ظاہر ہے کہ جتنا کسی شخص کے فہم علم میں اضافہ ہو گا اسی قدر اس کی خوشی اور غبطہ میں اضافہ ہو گا کیونکہ جب کسی شخص کے فہم میں اضافہ ہو گا تو اس کی نظر آگے بڑھتی جائے گی اور اس شخص کو پیش نظر رکھے گا جو فہم کے اعتبار سے قوی ہو اس کی خواہش ہو گی کہ وہ اس جیسا ہو جائے۔ یہی غبطہ ہے۔ [عمدة القاري ج2 ص 54، الكواكب الدراري ج 1 ص 43]

◈حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«والذي يظهرلي أن مراد البخاري: ان الرياسة وان كانت مما يغبط بها صاحبها فى العادة لكن الحديث دل على ان الغبطة لا تكون الابأحد أمرين . . . . .»
”میرے نزدیک مطابقت یوں ہے کہ ریاست اگرچہ عادۃ غبطہ کا سبب بنتی ہے (یعنی رشک کا) لیکن حدیث اس مسئلے پر دال ہے کہ غبطہ کی بنیاد دو ہی چیزیں ہیں ایک علم اور ایک جود، پھر جود بھی اس وقت محمود ہے جب علم کے ساتھ ہو، گویا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا فرمان کہ حصول ریاست و سیادت سے پہلے علم حاصل کر لو جب تک کہ تم پر رشک کیا جائے تو یہ رشک کرنا برحق ہو گا۔“ [فتح الباري ج1 ص444]

◈ علامہ محمود حسن صاحب فرماتے ہیں:
”سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا مطلب یہ ہے کہ قبل السیادۃ علم حاصل کرنے میں سعی ضروری ہے۔ یہ غرض نہیں کہ اگر کوئی قبل سیادت تحصیل علم سے محروم رہا، تو وہ بعد سیادت تحصیل نہ کرے، دیکھ لو خود سیدنا عمر رضی اللہ عنہ اور علی العموم حضرات صحابہ نے بڑے ہو کر علم حاصل کیا۔“ [الابواب التراج، ص48]
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 102