🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) وہ شہید جو کفار کے ساتھ معرکہ میں جام شہادت نوش کرتا ہے۔...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
وہ شہید جو کفار کے ساتھ معرکہ میں جام شہادت نوش کرتا ہے۔
اسے غسل نہیں دیا جاتا اگرچہ اس پر جنابت کی وجہ سے غسل واجب بھی ہو بلکہ اسے اس کے جنگی لباس ہی میں دفن کرنے کا حکم ہے۔
جیسا کہ جنگ احد میں حضرت حمزہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت حنظلہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ یہ صورت حال پیش آئی تھی۔
کہ وہ جنگ سے پہلے جنبی تھے۔
پھر جنگ میں شہید ہوگئے۔
تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں بغیر غسل دیے دفن کرنے کا حکم دیا۔
پھر فرمایا میں نے دیکھا کہ فرشتے ان کو غسل دے رہے ہیں۔
دیکھئے: (الطبراني، 391/11، حدیث: 12094)
ان کےعلاوہ دیگر شہداء کو بھی بغیر غسل دئيے دفن کیا گیا تھا۔
دیکھئے: (أحکام الجنائز للألبانی، ص: 74)

(2)
شہید معرکہ کی نماز جنازہ کے بارے میں علماء کی دو آراء ہیں۔
امام ابن قیم رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں۔
شہید معرکہ کی نماز جنازہ میں صحیح بات یہی ہے۔
کہ اس کی نماز جنازہ پڑھنا اور نہ پڑھنا دونوں درست ہے کیونکہ اس بارے میں دونوں طرح کے دلائل موجود ہیں۔
شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ دلائل ذکر کرنے کے بعد فرماتے ہیں۔
شہید معرکہ کی نماز جنازہ پڑھنا واجب تو نہیں۔
البتہ پڑھنا افضل ہے۔
کیونکہ جنازہ دعا اور عبادت ہے۔
تفصیل کےلئے دیکھئے: (أحکام الجنائز، ص: 106)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 1513