🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
فوائد و مسائل : باب اور حدیث میں مناسبت : امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں یہ ثابت...
فوائد و مسائل:
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں یہ ثابت کرنا چاہا کہ اونگھنے سے وضو کا اعادہ لازم نہیں آتا اور اس کے ذیل میں حدیث مبارک سے استدلال اخذ فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ حکم نہیں دیا کہ اس نماز (جس میں نیند کا غلبہ اونگھ ہو) کو دوبارہ پڑھے تو معلوم ہوا کہ اونگھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا۔

◈ علامہ ناصرالدین ابن المنیر رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
«فيه يدل على أن النعاس اليسير لا ينا فى الطهارة» [المتواري ص 72]
”اس میں (باب اور حدیث کی مناسبت) یہ ہے کہ اونگھ جو ہے طہارت کے منافی نہیں ہوتی (یعنی اونگھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا)۔“

◈ حافظ بن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ محض اونگھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا ورنہ اس علت کی کوئی ضرورت نہ تھی بلکہ واضح حکم صادر فرماتے کہ وہ پھر نئے سرے سے وضو کرے۔“ [فتح الباري ج1 ص416]

◈ علامہ عینی حنفی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
«مطابقة هذا الحديث والذي بعده للترجمة تفهم من معنى الحديث، فإن النبى صلى الله عليه وسلم لما أوجب قطع الصلاة، وأمر بالرقاد دل ذالك على أنه كان مستغرقاً فى النوم فإنه علل ذالك بقوله: فإن أحدكم . . . .» “ [عمدة القاري ج3 ص165]
”علامہ عینی نے بھی اسی طرف اشارہ کیا ہے کہ صرف اونگھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا اور نہ ہی نماز جب تک کہ بندہ نیند میں غرق نہ ہو جائے چاہے وہ تھوڑی ہی دیر کے لئے کیوں نہ ہو اور یہی علت ہے حدیث میں مذکور. لہٰذا حدیث اور باب میں مناسبت ظاہر ہے۔“
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 126