🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) منقیٰ کھانے والے کی پھونک کا مطلب یہ ہے کہ منقیٰ یا ایسی...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
منقیٰ کھانے والے کی پھونک کا مطلب یہ ہے کہ منقیٰ یا ایسی کوئی اور چیز کھانے والا آدمی بیجوں کو منہ سے نکالتا ہے تو اس انداز سے پھینکتا ہے کہ ہاتھ سے مدد لئے بغیر بیج دور چلے جاتے ہیں۔
اس پھونک کا مطلب یا تو دعایئں اور سورتیں پڑھ کر بدن پر دم کرنا ہے جیسے کہ پہلے بھی آپ طبعیت کی ناسازی کے موقع پر اپنے آپ کودم کرلیا کرتے تھے۔
یا سوتے وقت قرآن مجید کی آخری تین سورتیں پڑھ کر ہاتھوں پر پھونک مار کر پورے جسم پر ہاتھ پیراکرتے تھے۔
یا یہ مطلب ہے کہ منقیٰ یا انگور زمین پر گر کر اسے غبار لگ جائے۔
تو ہلکی سی پھونک مار کر اسے صاف کرلیاجاتا ہے۔
بخار کی شدت کی وجہ سے آپ کو سانس زور سے آ رہا تھا۔
جیسے کسی چیز پر پھونک ماری جائے۔
اس صورت میں ام المومنین رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا مقصد مرض کی شدت کا اظہار ہوگا۔

(2)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مرض کی شدت میں ازواج مطہرات کے درمیان عدل وانصاف اور مساوات کا اعلیٰ معیار پیش نظر رکھا تاکہ تمام خواتین مطمئن رہیں۔
اور کسی کو یہ احساس نہ ہو کہ اس کے حق کی ادایئگی میں معمولی سی بھی کمی رہ گئی ہے حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کےلئے اللہ تعالیٰ نے خصوصی حکم نازل فرما دیا تھا۔
چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے درمیان باری کا اہتمام فرض نہیں تھا۔
دیکھئے: (الأحزاب: 51)
 اس میں ہمارے لئے سبق ہے کہ بیویوں میں یا اولاد میں انصاف کا زیادہ سے زیادہ ممکن حد تک خیال رکھا جائے۔

(3)
مساوات ہی کا ایک مظہر یہ بھی ہے کہ جب شدت مرض کی وجہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا روزانہ گھر تبدیل کرنا مشکل ہوگیا۔
تو سب کی اجازت سے ایک گھر میں قیام فرمایا۔
اس دوران میں ازواج مطہرات رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو برابر خدمت کاموقع دیا۔

(4)
اس حدیث میں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی فضیلت کا اظہار ہے۔
کہ ان کے حجرہ شریف کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آرام گاہ بننے کا شرف حاصل ہوا اور وفات کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم وہیں دفن ہوئے۔

(5)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے افضل ترین بندے ہونے کے باوجود ایک انسان ہی تھے۔
اس لئے دوسرے انسانوں کی طرح آپ کا جسم اطہر بھی بیماری سے متاثر ہوا اور جسمانی طور پر اس قدر ضعف لاحق ہوا کہ بغیر سہارے کے قدم اٹھانا بھی مشکل ہوگیا۔

(6)
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو سہارا دین ےوالے دوسرے آدمی کا نام نہیں لیا۔
بعض لوگوں نے اس کو حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ناراضی پر محمول کیا۔
یہ ان حضرات کی غلط فہمی ہے کیونکہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے درمیان ہونے والی جنگ (جنگ جمل)
میں ان دونوں مقدس ہستیوں کا کوئی قصور نہیں تھا بلکہ یہ منافقین کی سازش تھی۔
جنگ کے دوران میں جونہی حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جنگ بند ہوگئی۔
بعد میں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے اس جنگ میں شرکت کو نہ صرف اپنی غلطی تسلیم کیا بلکہ اس کے کفارہ کے طور پر بار بار غلام آزاد کرتی رہیں۔
اس صورت میں یہ تصور کرنا ممکن نہیں کہ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے اس لئے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام لینا پسند نہیں کیا۔
کہ جنگ جمل میں یہ ان کے مقابل کیوں ہوئے۔
اصل بات یہ ہے کہ مذکورہ واقعہ کے دوران میں ایک طرف تو حضرت عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سہارا دیا تھا۔
دوسری طرف تھوڑی دور تک حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور تھوڑی دور تک حضرت اسامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سہارا دیا تھا۔

(7)
حضرات تابعین رحمۃ اللہ علیہ صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین کا انتہائی احترام کرتے تھے۔
حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے حضرت عباسرضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ساتھ دوسرے آدمی کا نام نہیں لیا۔
تو حضرت عبیداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے پوچھنے کی جراءت نہیں کی۔
کہ اگر ام المومنین رضی اللہ تعالیٰ عنہا کسی وجہ سے ان کا ذکر نہیں کرنا چاہتیں تو کوئی بات نہیں کسی اور صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے اس چیز کا علم ہوجائے۔
اس لئے طالب علم کو چاہیے کہ استاد کے جذبات کا زیادہ سے زیادہ احترام کرے۔
اگر استاد کسی وقت کسی وجہ سے ایک مسئلہ کی وضاحت نہیں کرنا چاہتا تو اسے مجبور نہ کرے۔
پھر کبھی اس کی وضاحت ہوجائےگی۔
یا کوئی دوسرا عالم یہ بات بتا دے گا۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 1618