🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) رسول اللہ ﷺ کی ذات اقدس روحانی اور مادی برکات کا باعث تھی۔...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس روحانی اور مادی برکات کا باعث تھی۔

(2)
پاک صاف دل روحانی برکات کو محسوس کرتا ہے۔
دل کی توجہ اللہ کی طرف ہو موت کو یاد کیاجائے۔
قرآن مجید کی تلاوت نفل نماز اور روزے کا اہتمام کیا جائے۔
رزق حلال اور سچ بولنے کی پابندی اختیار کی جائے تو دل روشن ہوجاتا ہے۔
جیسے کہ مختلف احادیث میں وارد ہے۔

(3)
صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین کے دل صحبت نبوی اور تعلیم وتزکیہ کی وجہ سے اس قدر منور ہوچکے تھے کہ وہ روحانی انوار و برکات کے نزول يا ان میں کمی کو اس طرح محسوس فرما لیتے تھے۔
جس طرح عام انسان ظاہری روشنی اور تاریکی کو محسوس کرتا ہے۔

(4)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی مدینہ میں تشریف آوری سے درودیوار کا روشن ہوجانا ایک تو اس خوشی کی وجہ سے ہے۔
جو اہل ایمان کو رسول للہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت اور ہمسایئگی کے حصول سے ہوئی۔
دوسرے ان برکات اور رحمتوں کے نزول کی وجہ سےجو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وجہ سے اہل مدینہ کو حاصل ہویئں۔
اسی طرح وفات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے تاریکی کا احساس بھی یہ دونوں پہلو رکھتا ہے۔
غم کی حالت میں کوئی چیز اچھی نہیں لگتی۔
کہیں دل نہیں لگتا۔
اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی رحلت سے نبوت کے انواروبرکات سے براہ راست فیض حاصل کرنا بھی ممکن نہ رہا۔

(5)
دلوں کی کیفیت تبدیل ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ایمان میں اضافے کا ایک اہم زریعہ یعنی صحبت وتعلیم نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ختم ہوجانے کی وجہ سے قلبی احوال کا وہ مقام حاصل کرنا ممکن نہ رہا جو پہلے حاصل تھا اس کے باوجود صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین کا ایمان امت میں سب سے کامل اور مضبوط تھا۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 1631