🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) چاند نظر آنے پرقمری مہینہ شروع ہوجاتا ہے۔ رات اپنے بعد والے دن...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
چاند نظر آنے پرقمری مہینہ شروع ہوجاتا ہے۔
رات اپنے بعد والے دن کے ساتھ گنی جاتی ہے۔

(2)
چاند دیکھ کر روزہ رکھنے کا مطلب رات ہی کو روزہ رکھنا نہیں کیونکہ روزے کا وقت صبح صادق سے شروع ہوتا ہے۔

(3)
چاند دیکھ کر روزہ چھوڑنے کامطلب یہ ہے کہ شوال کا چاند نظر آجائے تو وہ رات شوال کی پہلی رات ہوگی۔
رمضان کے احکام ختم ہوجایئں گے۔
اگر سورج غروب ہونے سے پہلے چاند نظر آ جائے۔
جیسے بعض اوقات تیس کا مہینہ ہونے کی صورت میں ہوجاتا ہے۔
تو سورج غروب ہونے سے پہلے روزہ افطار نہ کیا جائے۔
کیونکہ روزہ غروب آفتاب پر ختم ہوتا ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
﴿ ثُمَّ أَتِمُّوا۟ ٱلصِّيَامَ إِلَى ٱلَّيْلِ ۚ﴾  (البقرۃ: 187/2)
پھر رات تک روزہ پورا کرو
(4)
بادل ہونے کی صورت میں اندازہ کرنے کا مطلب تیس روزے پورا کرنا ہے۔
کیونکہ دوسری روایت میں یہ الفاظ ہیں۔ (فَإِنْ غُمَّ عَلَيْكُمْ فَأَكْمِلُوا الْعِدَّةَ ثَلاَثِيْن)
اگر بادل ہوجایئں تو تیس کی گنتی پوری کرلو (صحیح البخاري، الصوم، باب قول النبي إذا رایتم الھلال فصوموا واذا رایتموہ فافطروا حدیث 1907)

(5)
تیسواں روزہ رکھنے کو اندازہ اسی لئے کہا گیا ہے۔
کہ مذکورہ صورت میں چاند نہ ہونا یقینی نہیں لیکن چاند ہونے کا یقین نہ ہونے کی وجہ سے رمضان کے باقی رہنے کا حکم لگایا گیا ہے۔
اگر یقینی خبر سے چاند ہونا ثابت ہوجائے تو روزہ چھوڑ دیا جائے گا۔

(6)
حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے رمضان سے پہلےایک روزہ رکھا۔
ممکن ہے وہ ان کی عادت کے مطابق روزہ ہو جو اتفاقاً اسی روز واقع ہوگیا ہو۔
دیکھئے: (حدیث: 1650، فائدہ: 3)
 یا ممکن ہے انھوں نے نہی کو فضیلت کے معنی میں لیا ہو۔
واللہ أعلم۔
 بہرحال صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قول وعمل پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد مبارک کو ترجیح دیتے ہوئے یہ روزہ نہ رکھنا ہی بہتر ہے۔
نیز شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے اس فعل کی بابت لکھتے ہیں حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یہ عمل صرف ابن ماجہ میں ہے۔
اور یہ اضافہ منکر ہے۔
تفصیل کےلئے دیکھئے: (إرواء الغلیل: 10/4، رقم: 903)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 1654