🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 2811 کا باب : «بَابُ مَنِ اغْبَرَّتْ قَدَمَاهُ فِي سَبِيلِ اللَّهِ:» باب اور حدیث...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 2811 کا باب: «بَابُ مَنِ اغْبَرَّتْ قَدَمَاهُ فِي سَبِيلِ اللَّهِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے جو باب قائم فرمایا ہے اور اس کے ذیل میں جو حدیث پیش کی ہے اس میں تو یقینا لفظی مناسبت موجود ہے، مگر جو آیت پیش فرمائی ہے اس میں مناسبت کا پہلو مشکل نظر آتا ہے، لہذا اس کی مناسبت کچھ اس طرح سے ہو گی کہ آیت میں اللہ کے رستے میں مقام طے کرنے کا ذکر موجود ہے، لازما جب وہ کوئی مقام اللہ کے رستے میں طے کریں گے تو گرد و غبار ان کے جسم پر لازم اڑے گی، اور جب جسم پر غبار اڑی تو جسم کی وہ جگہ جہنم کی آگ سے محفوظ رہی۔
امام ابن بطال رحمہ اللہ فر ماتے ہیں:
آیت کی ترجمۃ الباب سے مطابقت آیت کے جزء میں ہے:
« ﴿وَلَا يَطَئُوْنَ مَوْطِئًا يَغِيظُ الْكُفَّارَ وَلَا يَنَالُونَ . . . . .﴾ » [التوبة: 120]
چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عمل صالح کی یہ تفسیر بیان فرمائی کہ ”جس شخص کے قدم اللہ کے رستے میں غبار آلود ہوں گے اسے جہنم کی آگ نہیں چھوئے گی۔“ [شرح ابن بطال، ج 5، ص: 26]
ابن المنیر رحمہ اللہ بھی یہی مطابقت فرماتے ہیں:
«المطابقة بين الآية و الترجمة فى آخر الآية عند قوله: ﴿وَلَا يَطَئُوْنَ مَوْطِئًا يَغِيظُ الْكُفَّارَ﴾ فأثابهم الله بخطواتهم و ان لم يلقوا قتالاً» [المتواري، ص: 157]
”آیت اور ترجمۃ الباب میں مطابقت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے اپنے رستے میں اٹھنے والے قدموں پر بھی ثواب کا وعدہ فرمایا ہے اگرچہ وہ قتال نہ کریں۔“
ابن الملقن رحمہ اللہ بھی اسی مناسبت کی طرف گئے ہیں۔ چنانچہ ابن الملقن رحمہ اللہ نے فرمایا کہ آیت اور ترجمۃ الباب میں مطابقت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے اپنے رستے میں اٹھنے والے قدموں پر ثواب رکھا ہے، اگرچہ وہ قتال نہ کریں۔ پس اس کی تفسیر ہے عمل صالح اور یقینا اسے آگ نہ چھوئے گی جس کے قدم غبار آلود ہوں گے اللہ کے رستے میں۔ [التوضيح لشرح الجامع الصحيح، ج 17، ص: 297]
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 398