🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 2818 کا باب : «بَابُ الْجَنَّةُ تَحْتَ بَارِقَةِ السُّيُوفِ:» باب اور حدیث میں مناسبت:...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 2818 کا باب: «بَابُ الْجَنَّةُ تَحْتَ بَارِقَةِ السُّيُوفِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں جو الفاظ نقل فرمائے ہیں وہ یہ ہیں کہ تلواروں کی شعاعوں کے نیچے جنت ہے۔ چنانچہ امام بخاری رحمہ اللہ نے اس جگہ ترجمۃ الباب قائم فرمایا ہے۔ «باب الجنة السيوف البارقة» چنانچہ «بارقة» کی اضافت «سيوف» کی طرف «إضافة الصفة إلى الموصوف» کے تعلق سے ہے اور یہ «السيوف البارقة» کے معنی میں ہے۔ [شرح الكرماني، ج 12، ص: 177]
ابن بطال رحمہ اللہ فرماتے ہیں: یہ «بريق» سے ماخوذ ہے اور بریق کے معنی، بجلی کی کڑک کے ہیں۔ [شرح ابن بطل، ج 5، ص: 21]
علامہ ابن المنیر رحمہ اللہ حدیث اور باب کی مناسبت پر فرماتے ہیں:
«لم يترجم على الحديث بلفظه فإما أن يكون لفظ الترجمة فى حديث آخر لم يوافق شرطه فنبه عليه فى الترجمة . . . . .» [المتواري على أبواب البخاري، ص: 158]
امام بخاری رحمہ اللہ نے یہاں ترجمۃ الباب حدیث کے الفاظ سے اخذ نہیں کئے، اس کی وجہ یا تو یہ ہے کہ تلوار کی جب چمک اور شعاعیں ہوں گی اسی طرح اس کے حساب سے اس کا سایہ بھی ہو گا۔ اسی طرح باب اور حدیث میں مطابقت قائم ہو جائے گی۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وقد أورده بلفظ ”تحت ظلال السيوف“ وكأنه أشار بالترجمة إلى حديث عمار بن ياسر رضي الله عنه فأخرج الطبراني بإسناد صحيح عن عمار بن ياسر انه قال يوم الصفين ”الجنة تحت الالبارقة“.» [فتح الباري، ج 6، ص: 41]
”امام بخاری رحمہ اللہ کا یہ ترجمہ اس روایت سے ماخوذ ہے جس کو طبرانی نے صحیح سند کے ساتھ سیدنا عمار بن یاسر رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے کہ سیدنا عمار رضی اللہ عنہ نے جنگ صفین کے دن فرمایا:
«الجنة تحت البارقة»
”کہ جنت چمک کے نیچے ہے (تلواروں کی)۔“
لہذا جو ترجمہ الباب قائم فرمایا ہے وہ حدیث آپ کی شرط پر نہ تھی اور حدیث وہ نقل کی جو آپ کی شرط کے مطابق تھی کہ جنت تلواروں کے سائے کے نیچے ہے، لہذا جب تلواروں کے سائے ثابت ہو گئے تو اس کی شعاعیں بھی ثابت ہوئیں، یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت ہے۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 399