🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 2956 کا باب : «بَابُ يُقَاتَلُ مِنْ وَرَاءِ الإِمَامِ وَيُتَّقَى بِهِ:» باب اور حدیث...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 2956 کا باب: «بَابُ يُقَاتَلُ مِنْ وَرَاءِ الإِمَامِ وَيُتَّقَى بِهِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
بظاہر باب اور حدیث میں مناسبت انتہائی مشکل نظر آتی ہے کیوں کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے باب قائم فرمایا کہ امام کے ساتھ ہو کر لڑنا اور حدیث پیش فرمائی کہ ہم لوگ دنیا میں سب سے پیچھے آئے ہیں مگر جنت میں سب سے آگے ہوں گے۔ دراصل امام بخاری رحمہ اللہ بڑے ہی دقیق انداز میں استنباط فرما رہے ہیں، مذکورہ بالا حدیث کو امام بخاری رحمہ اللہ نے کتاب الجمعہ میں بھی نقل فرمایا ہے۔
«نَحْنُ الْآخِرُونَ السَّابِقُونَ يَوْمَ الْقِيَامَةِ، بَيْدَ أَنَّهُمْ أُوتُوا الْكِتَابَ مِنْ قَبْلِنَا، ثُمَّ هَذَا يَوْمُهُمُ الَّذِي فُرِضَ عَلَيْهِمْ، فَاخْتَلَفُوا فِيهِ، فَهَدَانَا اللّٰهُ، فَالنَّاسُ لَنَا فِيهِ تَبَعٌ الْيَهُودُ غَدًا وَالنَّصَارَى بَعْدَ غَدٍ.» [صحيح البخاري، كتاب الجمعة، رقم الحديث: 876]
”نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ہم دنیا میں تمام امتوں کے بعد ہونے کے باوجود قیامت میں آگے رہیں گے، فرق صرف یہ ہے کہ کتاب انہیں ہم سے قبل دی گئی تھی۔ یہی (جمعہ) ان کا دن تھا جو ان پر فرض ہوا ہے لیکن وہ اس میں اختلاف کر گئے اور اللہ تعالی نے ہمیں یہ دن بتایا اس لئے لوگ اس میں ہمارے تابع ہوں گے، یہود دوسرے دن ہوں گے اور نصاری تیسرے دن۔“
مندرجہ بالا حدیث کے الفاظ پر غور فرمائیں: «فاختلفوا فيه» یعنی وہ اختلاف کر گئے۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے باب میں امام بادشاہ کے ساتھ مل کر یعنی اس کی اطاعت کرتے ہوئے لڑنے کے حکم کو واضح فرمایا، لازما جب امام کے ساتھ مل کر لڑا جائے گا تو اس کی تابعداری ضروری ہے، اسی لئے اگلی حدیث میں واضح الفاظ ہیں: «وانما الامام جنة يقاتل من ورائه» امام کی مثال ڈھال جیسی ہے کہ اس کے پیچھے رہ کر اس کی آڑ میں جنگ کی جائے۔ یعنی امام کی تابعداری کرنا لازم ہو گا۔
اب ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت یوں ہو گی کہ اہل کتاب نے اختلاف کیا اور امت محمدیہ کو امام بادشاہ کے ساتھ اختلاف نہیں کرنا بلکہ تابعداری کے ساتھ جہاد کرنا ہو گا، یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت ہو گی۔
امام خطابی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ سرداران قبائل عرب امارت کے نظام سے ناواقف تھے، وہ اپنے قبیلوں کے سرداروں کے علاوہ کسی کی بات نہیں مانتے تھے، پھر جب اسلام کے آنے کے بعد ان پر امراء مقرر کئے جانے لگے تو وہ اس سے دل برداشتہ ہو گئے اور بعض نے امراء کی اتباع اور ان کی بات ماننے سے انکار کر دیا۔
چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں سمجھایا کہ ان امراء کی اطاعت میں میری اطاعت ہے اور ان کی نافرمانی میری نافرمانی ہے، مقصد یہ تھا کہ عرب قبائل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے مقرر کردہ حاکموں کی اطاعت اور فرمانبرداری کریں اور بغاوت و سرکشی نہ کریں۔ [أعلام الحديث للخطابي، ج 2، ص: 122]
فائدہ:
اس بات کو بھی ذہن میں رکھا جائے کہ حاکم وقت یا امیر کی اتباع اس وقت تک ضروری ہے جب تک وہ شریعت کے مطابق فیصلہ کریں، اگر وہ اصول دین، شریعت کی واضح مخالفت کریں، یا وہ کافروں کی مدد کے لئے اور ان سے رشتہ کو مضبوط کرنے کے لئے اگر مسلمانوں کی مخالفت کریں، یا اسلام کو مٹانے کے درپے ہوں تو ان حالات میں ان کی اطاعت کرنا حرام بلکہ کفر ہے۔ صحیح البخاری کی اس حدیث کی طرف اہل علم ضرور نظر ڈالیں، امام بخاری رحمہ اللہ کتاب الجہاد میں فرماتے ہیں:
”سیدنا علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ مجھے اور زبیر اور مقداد بن اسود رضی اللہ عنہم کو ایک مہم پر بھیجا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نکلو حتی کہ جب تم لوگ روضہ خاخ پر پہنچو تو وہاں ایک بڑھیا عورت تمہیں اونٹ پر سوار ملے گی اور اس کے پاس ایک خط ہو گا، تم لوگ اس سے وہ خط لے لینا۔“ ہم روانہ ہوئے اور ہمارے گھوڑے ہمیں تیزی کے ساتھ لے جا رہے تھے۔ آخر ہم روضہ خاخ پر پہنچ گئے اور وہاں واقعی ایک بوڑھی عورت موجود تھی جو اونٹ پر سوار تھی۔ ہم نے اس سے کہا کہ خط نکال۔ اس نے کہا کہ میرے پاس تو کوئی خط نہیں۔ لیکن جب ہم نے اسے دھمکی دی کہ اگر تو نے خط نہ دیا تو تمہارے کپڑے ہم خود اتار دیں گے۔ اس پر اس نے اپنی گندھی ہوئی چوٹی کے اندر سے خط نکال دیا۔ اور ہم اسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں لے کر حاضر ہوئے، اس خط کا مضمون یہ تھا: حاطب بن ابی بلتعہ کی طرف سے مشرکین مکہ کے چند آدمیوں کی طرف انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعض بھیدوں کی خبر دی تھی (وہ یہ تھا کہ تم کو معلوم ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک جرار لشکر لئے ہوئے تمہارے سر پر آئے ہیں اور اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم اکیلے آئیں تو بھی اللہ تعالی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مدد کرے گا اور اپنا وعدہ پورا کرے گا، اب تم اپنا بچاؤ کر لو)۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے حاطب! یہ کیا ہے؟“ انہوں نے عرض کیا کہ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! آپ میرے بارے میں عجلت سے کام نہ لیجئے۔ میری حیثیت (مکہ میں) یہ تھی کہ قریش کے ساتھ میں نے رہنا سہنا اختیار کر لیا تھا، ان سے میرا کوئی رشتہ ناطہ نہ تھا۔ آپ کے ساتھ جو دوسرے مہاجرین ہیں ان کی تو مکہ میں سب کی رشتہ داری موجود ہے اور مکہ والے اسی وجہ سے ان کے رشتہ داروں اور مالوں کی حفاظت و حمایت کریں گے، مگر مکہ والوں کے ساتھ میرا کوئی نسبتی تعلق نہیں ہے، اس لئے میں نے سوچا کہ ان پر کوئی احسان کر دوں جس سے اثر لے کر وہ میرے بھی عزیزوں کی حفاظت کریں گے۔ میں نے یہ کفر اور ارتداد کی وجہ سے ہرگز ایسا نہیں کیا اور نہ ہی اسلام کے بعد کفر سے خوش ہو کر۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سن کر فرمایا: ”حاطب نے سچ کہا ہے۔“ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! اجازت دے دیجئے میں اس منافق کا سر اڑا دوں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”نہیں، یہ بدر کی لڑائی میں شامل تھے (مسلمانوں کے ساتھ) اور تمہیں معلوم نہیں اللہ تعالی مجاہدین بدر کے احوال (موت تک کے) پہلے ہی سے جانتا تھا اور وہ خود ہی فرما چکا ہے: ”تم جو چاہو کرو میں تمہیں معاف کر چکا ہوں۔“ [صحيح بخاري، كتاب الجهاد، رقم: 3007]
مذکورہ واقعہ کی طرف غور کیجئے، اگر سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ بدری نہ ہوتے تو وہ یقینا قتل کر دیئے جاتے کیوں کہ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف کافروں کی مدد ارتداد اور کفر ہے، جبکہ حدیث کے متن پر غور فرمائیں خود سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ نے فرمایا تھا کہ میں نے ارتداد اور کفر کی نیت سے نہیں خط لکھا . . .۔ چونکہ وہ بدری صحابی تھے اسی لئے ان کے اس جرم کو معاف کر دیا گیا تھا۔
امام ابن رجب حنبلی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے جب سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ کو قتل کرنے کی اجازت مانگی تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”وہ بدر میں حاضر ہوئے ہیں“، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ نہیں فرمایا کہ انہوں نے ایسا کام نہیں کیا جو ان کے قتل کو جائز کرتا ہو بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے قتل نہ کرنے کی علت اور وجہ یہ بتائی کہ وہ بدری ہیں اور اہل بدر کو اللہ تعالی نے معاف کیا ہوا ہے۔ پس سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ کے علاوہ کسی اور کے حق میں اس مانع کا پایا جانا محال اور ناممکن ہے۔ [جامع العلوم و الحكم، ص: 325]
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ کو قتل کرنے کی اجازت مانگنے کے واقعے سے جاسوس کو قتل کرنے کی مشروعیت پر دلیل اخذ کی گئی ہے۔ یہی امام مالک رحمہ اللہ اور ان کے ساتھ موافقت کرنے والے علماء کا قول ہے۔ وجہ دلالت یہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے ارادہ قتل کو برقرار رکھا اگر مانع نہ ہوتا، پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے قتل میں موجود مانع کو بیان کر دیا یعنی سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ کا بدری ہونا، اور یہ خصوصیت سیدنا حاطب رضی اللہ عنہ کے علاوہ کسی اور کے لئے محال اور ناممکن ہے۔ [فتح الباري، ج 8، ص: 810]
قاضی عیاض مالکی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا یہ قول: ”مجھے اس کی گردن مارنے کی اجازت دے دیجئے“، اس میں دلیل ہے کہ مسلمان جاسوس کو قتل کرنا جائز ہے کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کی اس بات سے انکار نہیں کیا لیکن ان کے عذر کو اس لئے قبول فرمایا کہ وہ بدر میں شریک ہوئے تھے، اور بدری صحابہ کے گناہوں کو اللہ تعالی نے معاف کر دیا ہے۔“ [اكمال المعلم شرح صحيح مسلم، ج 7، ص: 538]
ان وضاحتوں سے واضح ہوتا ہے کہ کوئی شخص دین اسلام کی بنیادوں کو ڈھانے کے لئے مسلمانوں کے خلاف کافروں کی مدد کرتا ہے تو اس کی اتباع نہیں ہو گی بلکہ مسلمانوں کے خلاف کافروں کی مدد کرنے والا بالاتفاق کافر و مرتد ہے۔
لہذا حاکموں اور امیروں کی اتباع معروف طریقے سے کی جائے گی، غیر معروف طریقے سے ہرگز نہیں، مکمل شریعت کو لے لیں تمام کتاب و سنت کے احکامات اس مسئلے پر وارد ہیں کہ حاکموں اور امیروں کی اتباع خلاف شریعت ہرگز نہیں ہو گی، خصوصا جب کہ یہ لوگ اسلام کو مٹانے اور کفر کے بڑھانے کے درپے ہوں۔
دو نصیحت آموز واقعات:
امام مسلم رحمہ اللہ صحیح میں فرماتے ہیں:
«عن على رضي الله عنه أن رسول صلى الله عليه وسلم بعث جيشا.»
«و أمر عليهم رجلا، فأوقد نارا، وقال: ادخلوها، فأراد الناس أن يدخلوها وقال الآخرون: أنا قد فررنا منها، فذكر ذالك لرسول الله صلى الله عليه وسلم فقال للذين أرادوا أن يدخلوها: لو دخلتموها لم تزالوا فيها إلى يوم القيامة، وقال للآخرين قولا حسنا وقال: لا طاعة فى معصية الله إنما الطاعة فى المعروف.» [صحيح مسلم، كتاب الإمارة، رقم الحديث 184]
”نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لشکر روانہ کیا اور اس میں ایک امیر کو مقرر فرمایا (پھر اس نے آگ جلانے کا حکم دیا)، جب آگ بھڑک گئی تو اس نے لوگوں سے کہا کہ آگ میں کود جاؤ، بعض لوگ (اس کی اطاعت میں) آگ میں کود جانے کو تیار ہو گئے اور بعض نے کہا کہ ہم نے آگ سے بچنے کے لئے تو (اسلام قبول کیا ہے)، پھر اس واقعہ کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خبر دی گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں کو فرمایا جنہوں نے آگ میں کودنے کا ارادہ کیا تھا کہ ”اگر تم آگ میں کود جاتے تو ہمیشہ ہمیشہ آگ ہی میں رہتے“، اور دوسرے لوگوں کیلئے اچھی بات کہی (جنہوں نے انکار کیا تھا) اور فرمایا: ”اللہ کی نافرمانی میں کسی کی اطاعت نہیں ہے، بات یہ ہے کہ اطاعت صرف معروف کاموں میں ہے۔“
دوسرا واقعہ:
جب عمر بن ہبیرہ یزید بن عبدالملک کی طرف سے عراق کا عامل مقرر ہوا تو اس نے بصرہ اور کوفہ کے فقہاء کو اپنے ہاں آنے کی دعوت دی، ان فقہاء میں امام شعبی رحمہ اللہ اور حسن بصری رحمہ اللہ بھی تھے۔ عمر بن ہبیرہ نے کہا: امیر المومنین! یزید بن عبدالملک مجھے بعض غیر شرعی امور کا حکم دیتے ہیں، کیا میرے لئے ان کی تعمیل کرنا جائز ہے؟
امام شعبی رحمہ اللہ نے فرمایا: آپ تو مامور ہیں، آپ ویسے ہی کریں جیسے کہ آپ کو حکم دیا جاتا ہے، گناہ تو حکم دینے والے پر ہے۔ جب امام شعبی رحمہ اللہ اپنی بات مکمل کر چکے تو حسن بصری رحمہ اللہ نے فرمایا:
«إتق الله يا عمر! فكأنك بملك قد أتاك فاستنذلك فأخرجك من سعة قصرك إلى ضيق قبرك أن الله ينجيك من يزيد و أن يزيد لا ينجيك من الله، فإياك أن تعرض الله بالمعاصي، فإنه لا طاعة لمخلوق فى معصية الخالق.» [اعلام الحديث للخطابي، ج 2، ص: 1417]
”اے عمر! اللہ سے ڈر! موت کا فرشتہ گویا کہ آ چکا ہے اور وہ تجھے تیرے محل کی وسعت سے اتار کر قبر کی تنگی تک پہنچا چکا ہے۔ یقینا اللہ تعالی تجھے یزید سے بچا سکتے ہیں مگر یزید تجھے اللہ تعالی سے نہیں بچا سکتا، خبردار گناہوں سے اللہ کا مقابلہ نہ کرو اس لئے کہ مخلوق کی اطاعت کرتے ہوئے خالق کی نافرمانی کرنا جائز نہیں۔“
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 421