🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 3059 کا باب : «بَابُ إِذَا أَسْلَمَ قَوْمٌ فِي دَارِ الْحَرْبِ، وَلَهُمْ مَالٌ وَأَرَضُونَ،...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 3059 کا باب: «بَابُ إِذَا أَسْلَمَ قَوْمٌ فِي دَارِ الْحَرْبِ، وَلَهُمْ مَالٌ وَأَرَضُونَ، فَهْيَ لَهُمْ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے اثر سے قبل جو مرفوع حدیث پیش کی ہے وہ بھی اس اثر سے مطابقت رکھتی ہے، دراصل امام عالی مقام امام بخاری رحمہ اللہ کا مقصود حنفیہ کا رد کرنا ہے، وہ کہتے ہیں: اگر حربی کافر مسلمان ہو کر دار الحرب میں رہے پھر مسلمان اس ملک کو فتح کریں تو تمام اس کی جائیداد وغیرہ مسلمانوں کو ملیں گی، اسے محروم کر دیا جائے گا۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے جو مرفوع حدیث سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے نقل فرمائی ہے اس میں واضح طور پر یہ اشارہ ہے:
«قلت: يا رسول الله صلى الله عليه وسلم اين تنزل غدا فى حجته؟ قال: ”وهل ترك لنا عقيل منزلا . . .“.» [صحيح البخاري، كتاب الجهاد، رقم الحديث: 3058]
سیدنا اسامہ رضی اللہ عنہ نے حجۃ الوداع کے موقع پر عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کل آپ (مکہ میں) کہاں قیام فرمائیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”عقیل نے ہمارے لئے کوئی گھر چھوڑا ہی کب ہے . . .۔“
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم جب مکہ سے مدینہ ہجرت کر کے تشریف لائے تو عقیل اس وقت ایمان نہیں لائے تھے، وہ مکہ میں رہے، انہوں نے اپنی تمام جائیداد اور مکانات بیچ دیئے۔ اب ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت یوں ہو گی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ فتح ہونے کے بعد بھی ان مکانوں اور جائیداد کی بیع قائم رکھی اور عقیل کی ملکیت تسلیم کر لی، لہذا جب عقیل کے تصرفات قبل اسلام ثابت ہوئے تو بعد اسلام بطریق اولی نافذ ہوئے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«أشار بذالك إلى الرد على من قال من الحنفية أن الحربي إذا أسلم فى دار الحرب و أقام بها غلب المسلمون عليها فهو أحق بجميع ماله إلا أرضه و عقاره فما تكون فينا للمسلمين، وقد خالفهم أبويوسف فى ذالك وافق الجمهور، و يوافق الترجمة حديث أخرجه أحمد عن صخر بن العيلة البجلي قال: فرقوم من بني سليم عن أرضهم فأخذتها، فأسلموا فارسلوني إلى النبى صلى الله عليه وسلم فردها عليهم و قال: إذا أسلم الرجل فهو أحق بأرضه وماله.» [فتح الباري، ج 6، ص: 316]
امام بخاری رحمہ اللہ نے اشارہ فرمایا کہ ان لوگوں کا رد فرما رہے ہیں جو احناف میں سے ہیں جن کا کہنا ہے کہ حربی جب دار الحرب میں اسلام لے آئے اور وہیں اقامت پذیر ہو اور وہاں جب مسلمان غالب ہو جائیں تو ان کا حق ہے اس کے تمام اموال پر مگر زمین اور غیر منقول اشیاء (یعنی گھر، باغ وغیرہ) پس تحقیق وہ اشیاء مسلمانوں کے لئے مال غنیمت ہوا کرتی ہیں، اور ان کی مخالفت ابویوسف نے کی ہے اور موافقت کی ہے جمہور سے اور نکالا اس حدیث کو احمد نے بطریق صخر بن العیلہ البجلی، فرمایا کہ ایک قوم بنی سلیم کی اپنی زمین چھوڑ کر بھاگ گئی اور ایک شخص نے ان کی زمین لے لی، جب وہ مسلمان ہو گئے تو اپنی زمین کا مسئلہ لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تشریف لائے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی زمینیں انہیں واپس لوٹا دیں، اور ارشاد مبارک فرمایا: ”جب آدمی مسلمان ہو تو وہ لائق تر ہے اپنے مال اور زمین کے (کہ اسے لوٹا دی جائیں)“، لہذا یہاں سے حدیث اور ترجمۃ الباب کی وجہ مناسبت موجود ہے۔ اسی مسئلہ کے ساتھ سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کا اثر بھی وابستہ ہے۔
سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے اثر سے جو بات ثابت ہوئی ہے وہ یہ ہے کہ مدینے کے باشندوں پر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے شفقت فرمائی کہ جب وہ اسلام لے آئے تو ان کی زمینوں پر ان کی ملکیت کو برقرار رکھا۔
امام الزرقانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«قال مهلب: انما قال عمر رضي الله عنه ذالك لأن أهل المدينة أسلموا عفوا فكانت أموالهم لهم ولذا ساوم صلى الله عليه وسلم بني النجار بمكان مسجده . . .» [شرح الزرقاني، ج 4، ص: 555]
یعنی سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے یہ اس لئے فرمایا تھا کہ مدینے والے عفو پر مسلمان ہوئے تھے اور ان کے اموال انہیں کے لئے تھے، اس سبب پر مول چکایا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بنی نجار سے مکان و مسجد کے اپنی اور جو مسلمان ہو اہل قبر سے پس ان کی زمین مسلمانوں کے لئے ہیں اس لئے کہ مسلمان غالب ہوئے ان کے شہروں پر جس طرح غالب ہوئے ان کے اموال پر بخلاف اہل صلح کے۔
لہذا سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے اثر سے واضح ہوتا ہے کہ آپ نے ان کے اموال کو انہی کی ملکیت میں رہنے دیا، پس یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت ہو گی۔
فائدہ:
سیدنا عمر رضی اللہ عنہ کے اثر کے بارے میں حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وهذا الحديث ليس فى المؤطأ.» [فتح الباري، ج 6، ص: 218]
”یہ حدیث موطا میں نہیں ہے۔“ لیکن یہ حدیث موطا میں موجود ہے:
«قال الاستاذ محمد فؤاد عبدالباقي: هذا الحديث فى الموطأ، كتاب الدعوة المظلوم 1، باب ما يتقى من دعوة المظلوم.»
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے کیوں فرمایا کہ یہ حدیث مؤطا میں نہیں ہے تو اس کا جواب یہ ہے کہ ان کے پاس جو نسخہ ہو گا اس نسخے میں یہ حدیث موجود نہیں ہو گی۔
صاحب اوجز المالک رقمطراز ہیں:
«و يمكن الاعتذار عن الحافظ انه يمكن أن لا يكون فى نسخته من ”الموطأ“» [أوجز الماللك، ج 15، ص: 371]
یعنی حافظ ابن حجر رحمہ اللہ کی طرف سے یہ عذر پیش کیا جا سکتا ہے کہ ان کے زیر نظر موطأ کا جو نسخہ تھا ممکن ہے اس میں یہ اثر نہ ہو۔ موجودہ دور میں کئی ایک نسخے موطأ امام مالک کے موجود ہیں، مثلا:
① «رواية يحيي بن يحيي.»
② «رواية عبدالرحمن بن القاسم.»
③ «رواية أبى مصعب الظاهري.»
④ «رواية عبدالله بن مسلمة القعنبي وغيره.»
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 438