🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 3075 کا باب : «بَابُ مَا يُكْرَهُ مِنْ ذَبْحِ الإِبِلِ وَالْغَنَمِ فِي الْمَغَانِمِ:» باب...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 3075 کا باب: «بَابُ مَا يُكْرَهُ مِنْ ذَبْحِ الإِبِلِ وَالْغَنَمِ فِي الْمَغَانِمِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
ترجمۃ الباب میں امام بخاری رحمہ اللہ نے یہ ثابت کرنا چاہا کہ مال غنیمت کے اونٹ، بکریوں کو قبل از تقسیم ذبح کرنا جائز نہیں، امام بخاری رحمہ اللہ اس مقام پر غالبا یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ دار الحرب میں جو چیزیں کھانے کے لئے میسر ہوں مثلا: پھل، روٹی، سالن وغیرہ تو ان کا استعمال بلا اجازت درست ہے۔ اس مسئلہ کو ثابت کرنے کے لئے امام بخاری رحمہ اللہ نے «كتاب الخمس» میں کچھ یوں باب قائم فرمایا: «باب ما يصيب من طعام فى أرض العدو» جس سے آپ نے جمہور کی موافقت کرتے ہوئے جواز کی تصریح فرمائی ہے۔ لیکن اگر مجاہدین بغیر اذن جانور ذبح کریں تو یہ درست نہ ہوگا۔
علامہ مہلب رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«. . . . . و ذالك ان القصة وقعت فى دار السلام لقوله فيها ”بذي الحليفة“.» [فتح الباري، ج 6، ص: 234]
یہ واقع دار السلام یعنی ذو الحلیفہ کے مقام پر پیش آیا، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے بغیر اذن کے تقسیم غنائم سے قبل جانور ذبح فرمائے، گوشت پکانے کے لئے ہانڈی چولہے پر چڑھائی نہیں لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس الٹنے کا حکم دیا ہے۔ ایک پیچیدہ مسئلے کی طرف شارحین نے توجہ دلائی کہ گوشت سے بھری ہانڈیاں الٹنے کا جو حکم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے دیا تھا، اب اس میں یہ اشکال وارد ہو سکتا ہے کہ گوشت مال غنیمت اور مسلمانوں کا اجتماعی ملکیت تھا لیکن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ضائع کرنے کا حکم کس وجہ سے دیا؟
علامہ ابن المنیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
”جب امام کی اجازت بغیر على وجہ التعدی جانور ذبح کیا جائے تو وہ مذبوحہ «ميته» بن جاتا ہے۔“ [المتواري، ص: 183]
امام بخاری رحمہ اللہ بھی مذکورہ واقعہ سے استدلال کرتے ہوئے اسی مسئلہ کی طرف مائل ہیں کہ مذبوح جانور «ميته» بن گیا، احادیث کے مطابق «ميته» جانور نجس ہوا کرتا ہے اسی لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے ضائع کرنے کا حکم صادر فرمایا۔
ابن المنیر رحمہ اللہ نے امام بخاری رحمہ اللہ کا ایک اور رحجان کا ذکر فرمایا، آپ فرماتے ہیں:
«وكأن البخاري رحمه الله اقتصر لهذا المذهب أو حمل الاكفاء على العقوبة بالمال و إن كان ذالك المال لا يختص بأولئك الذين ذبحوا، لكن لما تعلق به طمعهم كانت النكاية حاصلة لهم قال و إذا جوزنا هذا النوع من العقوبة فعقوبة صاحب المال فى ماله أدنى.» [فتح الباري، ج 6، ص: 232]
”یعنی ممکن ہے امام بخاری رحمہ اللہ نے ”اکفاء بالقدور“ کو عقوبت مالی (یعنی تعزیر مالی) پر محمول کیا ہو، اگرچہ وہ مال (جانور) ذبح کے واقعہ میں ملوث مجاہدین کی انفرادی ملکیت نہ تھی، لیکن ان کی طمع اس سے لازما وابستہ تھی، لہذا گوشت کے ضیاع سے انہیں مال کی سزا دی گئی۔“
امام قرطبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«المأمور باكفائه انما هو المرق عقوبة للذين تعجلو، و أما نفس اللحم فلم يتلف، بل يحتمل على أنه جمع و رد إلى المغنم لأن النهي عن أضاعة المال تقدم، و الجناية بطبخه لم تقع من الجميع إذ حملتهم أصحاب الخمس . . .» [ارشاد الساري للقسطلاني، ج 5، ص: 447]
دراصل نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف شوربہ الٹنے کا حکم صادر فرمایا تھا گوشت ضائع کرنے کا نہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ گوشت بعد میں مال غنیمت میں شامل کر لیا گیا ہو۔ اس واسطے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک روایت میں مال کے ضائع ہونے پر ممانعت وارد ہے۔ پھر جرم کا اقبال بھی چند افراد نے انفرادی طور پر کیا تھا، کچھ اصحاب خمس ایسے تھے جو اس جرم میں شریک نہ تھے اور گوشت میں ان کا حق موجود تھا، چونکہ کسی روایت میں یہ صراحت نہیں کہ گوشت ضائع کرنے کا حکم دیا گیا ہو، اسی وجہ سے شرعی قواعد کے اعتبار سے اس کا حکم خود معلوم اور متعین ہو جاتا ہے۔ لہذا «للحوم الحمر اهليه» کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے «إنها رجس» کہ وہ ناپاک ہے فرما کر تلف کرنے کا حکم دیا تھا، اگر اس گوشت کا بھی یہی حکم ہوتا تو روایت باب کے واقعہ میں بھی ایسا ہی حکم ہوتا۔ جو اس بات کی دلیل ہے کہ مذکورہ واقعہ جانور کا گوشت لحوم حمر اہلیہ کی طرح نجس قرار دے کر ضائع کرنے کا حکم نہیں دیاگیا تھا۔
ابو زکریا المصری الشافعی رحمہ اللہ کا بھی یہی رحجان ہے۔ [منتحة الباري شرح صحيح البخاري، ج 6، ص: 189]
چنانچہ شارحین نے مختلف قسم کی توجیہات نقل فرمائی ہیں:
کسی نے کہا کہ یہ دار الاسلام کا واقعہ تھا، کسی نے کہا کہ یہاں بہائم میں قلت تھی، کسی نے کہا کہ ذبح کرنا طریق لتعدی پر مبنی تھا۔ [الأبواب والتراجم، ج 4، ص: 322]
لہذا ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت یوں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہانڈیوں کو الٹ دینے کا حکم دیا، یہ الفاظ «فأمر بالقدور» کے الفاظ میں وارد ہیں اور یہ کراہیت پر محمول ہے، لہذا یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت ہوگی۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 447