🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قراردیا ہے جبکہ دیگر...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قراردیا ہے جبکہ دیگر محققین نے شواہد کی وجہ سے صحیح قراردیا ہے۔
تفصیل کےلیے دیکھئے: (الموسوعة الحدیثة مسند الإمام أحمد: 26/ 347، 350، وإرواہ الغلیل: 7/ 176، 179، رقم: 2091)
لہٰذا مذکورہ روایت سنداً ضعیف اور معناً صحیح ہے۔

(2)
  ”ظہار“ کا مطلب ہے کہ کوئی شخص اپنی بیوی کو کہے:
”تو میرے لیے ایسی ہے جیسے میری ماں کی پیٹھ“ اس کا مطلب یہ ہے کہ تو مجھ پر اسی طرح حرام ہے جس طرح ماں حرام ہوتی ہے۔

(3)
  ظہار کرنا گناہ ہے لیکن اس سے نکاح نہیں ٹوٹتا۔
صرف اس وقت تک مقاربت منع ہو جاتی ہے جب تک کفارہ ادا نہ کرلیا جائے۔

(4)
  اس گناہ کا کفارہ یہ ہے کہ دوبارہ ازدواجی تعلقات قائم کرنے سے پہلے ایک غلام آزاد کیا جائے۔
اگر یہ ممکن نہ ہوتو دوماہ تک مسلسل روزے رکھے۔
اگر یہ بھی نہ ہوسکے تو ساٹھ مسکینوں کوایک وقت کھانا کھلادے۔

(5)
جس شخص پر کسی وجہ سے کفارہ واجب ہو جائے اور وہ اتنا غریب ہو کہ ادا نہ کرسکتا ہو تومسلمانوں کو چاہیے کہ صدقات و زکاۃ سے اس کی مدد کریں تاکہ وہ کفارہ ادا کرسکے۔

(6)
  اگر مقررہ مدت کےلیے ظہار کیا جائے، پھر اس مدت میں مقاربت سے پرہیز کیا جائے تو کفارہ واجب نہیں ہوگا۔

(7)
  اگر ظہار میں مدت کا ذکر نہ ہو تو جب بھی بیوی سے ملاپ کرنا چاہے گا، ضروری ہوگا کہ اس سے پہلے کفارہ ادا کرے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 2062