🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد حسین میمن حفظہ اللہ
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 3126 باب : «بَابُ مَنْ قَاتَلَ لِلْمَغْنَمِ هَلْ يَنْقُصُ مِنْ أَجْرِهِ:» باب اور حدیث...
صحیح بخاری کی حدیث نمبر: 3126 باب: «بَابُ مَنْ قَاتَلَ لِلْمَغْنَمِ هَلْ يَنْقُصُ مِنْ أَجْرِهِ:»
باب اور حدیث میں مناسبت:
ترجمۃ الباب میں امام بخاری رحمہ اللہ نے یہ مسئلہ ثابت فرمایا کہ اگر کوئی اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے لڑے اور اس کے ذیل میں غنیمت کے مال لوٹنے کا بھی قصد ہو تو اس کا اجر کم نہ کیا جائے گا، دلیل کے طور پر حدیث یہ ثابت فرمائی کہ اگر کوئی غنیمت کے لئے یا نام و نمود کے لئے لڑتا ہے تو وہ اللہ کی راہ میں لڑنے والا نہیں ہے بلکہ اصلا لڑنے والا وہ ہے جو اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے لڑے، ترجمۃ الباب کے ساتھ حدیث کا کیا تعلق ہے اور اس میں کیا نسبت ہے؟ دراصل حدیث میں یہ ذکر ہے کہ جو صرف مال غنیمت ہی کے لئے لڑے، صرف نام و نمود ہی کی غرض سے جہاد کرے اس کا عمل ضائع ہو گا، لیکن اگر کسی کا مقصد اصلا اعلائے کلمۃ اللہ ہی ہو اور ضمنا غنیمت کا بھی قصد ہو تو کوئی مضر نہیں ہے۔
ابن المنیر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«أراد البخاري أن قصد الغنيمة لا يكون منافيا للأجر و لا منقصا إذا قصد معها أعلاء كلمة الله.» [فتح الباري، ج 6، ص: 278]
”یعنی امام بخاری رحمہ اللہ کا یہ قصد ہے کہ مال غنیمت کی تمنا کرنا اجر کے منافی نہیں ہے اور نہ ہی اجر میں کمی کا باعث ہے جبکہ اس کے ساتھ (اصل مقصد) اعلائے کلمۃ اللہ کی بلندی ہو۔“
علامہ محمد التاودی المالکی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«أما من قاتل للغنيمة فقط، أو كان أصل قتاله ذالك، فلا أجر له ولا أن قاتله فى سبيل الله.» [حاشية التأودي بن سودة، ج 3، ص: 280]
”یعنی جو صرف غنیمت کے لئے ہی (لڑتا ہے) تو اس کا اصل قتال کرنا اسی کے لئے ہے، پس اس کے لئے کوئی اجر نہیں اور نہ ہی وہ اللہ کے رستے میں لڑنے والا شمار ہو گا۔“
امام ابوداؤد رحمہ اللہ اپنی سنن میں حدیث کا ذکر کرتے ہیں اور اس پر باب قائم کرتے ہیں کہ:
«في الرجل يغزو يلتمس الأجر و الغنيمة.»
”کوئی شخص جہاد کرے ثواب اور غنیمت کے لئے۔“
مسئلے کو ثابت کرنے کے لئے امام ابوداؤد رحمہ اللہ حدیث پیش کرتے ہیں:
«إن ابن زغب الايادي حدثه قال: نزل على عبدالله بن حوالة الأزدي فقال لي: بعثنا رسول الله صلى الله عليه وسلم لنغنم على اقدامنا فرجعنا، فلم نغنم شيئا وعرف الجهد في وجوهنا فقام فينا فقال: ”اللهم لا تكلهم إلي فاضعف عنهم . . .“» [سنن أبى داؤد، كتاب الجهاد، رقم الحديث: 2535]
سیدنا عبداللہ بن حوالہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں پیدل (جہاد کے لئے) روانہ فرمایا تاکہ کوئی غنیمت حاصل کر لائیں۔ پس ہم واپس آئے اور ہمیں کوئی غنیمت میسر نہ آئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مشقت اور غمی کے آثار ہمارے چہروں پر دیکھے تو کھڑتے ہوئے اور (دعا کرتے ہوئے) فرمایا: ”اے اللہ! انہیں میرے سپرد نہ کر کہ ان کی کفالت سے عاجز رہوں، اور انہیں ان کی اپنی جانوں کے سپرد نہ کر کہ اپنی کفالت سے عاجز رہیں، اور نہ انہیں لوگوں کے سپرد کر دینا کہ وہ اپنے آپ ہی کو ترجیح دینے لگیں۔“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا ہاتھ مبارک میرے سر پر رکھا اور ارشاد مبارک فرمایا: ”اے ابن حوالہ! جب تم دیکھو کہ خلافت ارض مقدس (شام) تک پہنچ گئی ہے تو زلزلے آنے لگیں گے، مصیبتیں ٹوٹیں گیں اور بھی بڑی بڑی علامتیں ظاہر ہوں گی اور قیامت اس وقت لوگوں کے اس سے زیادہ قریب ہو گی جتنا کہ میرا ہاتھ تمہارے سر پر ہے۔“
مذکورہ حدیث سے یہ ثابت ہوا کہ کوئی شخص اگر اعلائے کلمۃ اللہ کے ساتھ ساتھ مال غنیمت کا بھی ارادہ رکھتا ہو تو اس کے لئے کوئی مضر نہ ہو گا، ہاں البتہ اتنا ضرور ہے کہ غنیمت حاصل ہونے سے آخرت کے اجر میں کمی واقع ہو جاتی ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے:
”جو مجاہد اللہ کی راہ میں جہاد کے لئے نکلتے ہیں اور غنیمت حاصل کر لیتے ہیں وہ اپنے آخرت کے اجر میں سے دو تہائی جلد (اس دنیا میں) پا لیتے ہیں اور ایک تہائی ان کے لئے باقی رہ جاتا ہے، اور اگر انہیں کوئی غنیمت نہ ملے تو ان کا کامل اجر (روز قیامت کے لئے) محفوظ کر دیا جاتا ہے۔“ [سنن أبى داؤد، كتاب الجهاد، رقم: 2497 - صحيح مسلم، كتاب الامارة، رقم: 1906]
اس گفتگو کا حاصل یہ ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ کا رحجان، کہ مال غنیمت کے لئے بھی لڑنے والا اگر اس کی اصل نیت اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے ہو گی تو اس کو مضر نہیں، ورنہ اگر صرف مال غنیمت ہی کے لئے وہ لڑے گا تو بلاشبہ اس کا کوئی اجر نہیں، نہ دنیا میں نہ آخرت میں۔ لہذا ترجمۃ الباب کے مطابق اجر اس کو ملے گا جس کی نیت اعلائے کلمۃ اللہ کے لئے ہو گی، ہاں البتہ نسبی کمی واقع ضرور ہو گی جس کا ذکر حدیث میں بھی موجود ہے، اور اس کا ذکر حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی فرمایا ہے۔
عون الباری فی مناسبات تراجم البخاری ، جلد اول 459