🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) مذکورہ دونوں روایتوں کو ہمارے فاضل محقق نے ضعیف قرار دیا ہے جبکہ...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
  مذکورہ دونوں روایتوں کو ہمارے فاضل محقق نے ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے صحیح اور حسن قرار دیا ہے مثلاً:
الموسوعة الحديثية مسند الامام احمد کے محققین نے طویل بحث کے بعد اسے حسن قرار دیا ہے نیز شیخ البانی رحمہ اللہ نے الصحیحة اور الإرواء میں اسے صحیح قرار دیا ہے دکتور بشار عواد اس کی بابت لکھتے ہیں کہ یہ سنداً ضعیف ہے اور معناً صحیح ہے لہٰذا مجموعی طور پر یہ روایت سنداً ضعیف ہونے کے باوجود متناً و معناً صحیح ہے جیسا کہ محققین کی جماعت نے کہا ہے۔
تفصیل کے لیےدیکھیے: (الموسوعة الحديثية مسند الإمام أحمد: 5/ 55، والصحيحة رقم: 250 والإرواء رقم: 896 وسنن ابن ماجة بتحقيق الدكتور بشار عواد رقم: 2340)

(2)
  کسی مسلمان کے لیے جائز نہیں کہ دوسرے مسلمان کو تنگ کرے یا تکلیف پہنچائے اس لیے باہمی معاملات انصاف اور حسن اخلاق کی بنیاد پر انجام دینے چاہییں۔

(3)
  اگر کوئی شخص نقصان پہنچانے کی کوشش کرے یا تنگ کرے تو اس کے مقابلے میں اسے تنگ کرنا یا نقصان پہنچانا درست نہیں بلکہ بزرگوں کے ذریعے سے پنچایت کے ذریعے سے یا شرعی عدالت کے ذریعے سے اس سے اپنا جائز حق وصول کرنا یا اسے اس کی شرارت سے روکنا چاہیے۔

(4)
  عمارت اس انداز سے بنانا درست نہیں جس سے ہمسایوں کو تکلیف ہو مثلاً:
اس قدر بلند عمارت بنانا جس سے ہمسایوں کے گھر میں نظر پڑتی ہو یا اس انداز سے تعمیر کرنا کہ راستہ رک جائے یا اتنا تنگ ہو جائے کہ گزرنے والوں کو مشکل ہوتی ہو۔
یہ سب منع ہے۔

(5)
  بہت سے ایسے مسائل جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد ظاہر ہوئے ان کو اس اصول کی روشنی میں حل کیا جا سکتا ہے کہ اگر ایک کام سے انفرادی یا اجتماعی نقصان ہوتا ہو یا عوام کو تکلیف پہنچتی ہو تو اس سے اجتناب کرنا ضرور ی ہے نیز حکومت ان کاموں پر پابندی بھی لگا سکتی ہے۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 2341