🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) تنعیم ایک مقام ہے جو مکہ سے قریب ترین ہے۔ آج کل اسے...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
 
(1)
تنعیم ایک مقام ہے جو مکہ سے قریب ترین ہے۔
آج کل اسے مسجد عائشہ کہتے ہیں۔

(2)
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم تیرہ ذوالحجہ کو رمی جمرات سے فارغ ہوکر منی سے روانہ ہوئے اور وادی ابطح یعنی خیف بنی کنانہ میں ٹھہرے۔
اسی کو وادئ خصب بھی کہتے ہیں۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن ظہر عصر مغرب اور عشاء کی نمازیں اسی مقام پر ادا کیں۔
اور عشاء کے بعد کچھ آرام فرما کر مکہ مکرمہ تشریف لے گئےاور طواف وداع ادا فرمایا۔ (الرحیق المختوم ص: 620)

(3)
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ نے عمرہ کا احرام باندھا تھا لیکن عذر حیض کی وجہ سے عمرہ کیے بغیر حج کا احرام باندھنا پڑا۔
اس طرح کی صورت حال میں عمرے کے اعمال اد ا کیے بغیر حج اور عمرہ دونوں ادا سمجھے جاتے ہیں۔

(4)
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ کی خواہش تھی کہ وہ باقاعدہ عمرہ بھی ادا کریں چنانچہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ان کے بھائی کے ساتھ عمرے کے لیے بھیج دیا۔
یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا اپنی زوجہ محترمہ سے حسن سلوک کا اظہار تھا۔

(5)
تنعیم یا مسجد عائشہ کوئی میقات نہیں ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ کی دل جوئی کے لیے ان کو وہاں سے احرام باندھ کر آ کر عمرہ کرنے کی اجازت دی تھی۔
اس سے زیادہ سے زیادہ ایسی ہی (حائضہ)
عورتوں کے لیے عمرے کی اجازت ثابت ہوتی ہے نہ کہ مطلقاً ہر شخص کے لیے وہاں سے احرام باندھ کر بار بار عمرہ کرنے کی جیسا کہ بہت سے لوگ وہاں ایسا کرتے ہیں اور اسے چھوٹا عمرہ قرار دیتے ہیں۔
یہ رواج یا استدلال بے بنیاد ہے۔

(6)
حج کے بعد عمرہ کرنے سے حج تمتع نہیں بنتا بلکہ حج سے پہلے عمرہ کرنے سے حج تمتع بنتا ہے۔
پہلے عمرے کی وجہ سے قربانی دی گئی اس دوسرے عمرے کی وجہ سے کوئی قربانی نہیں دی گئی۔
نہ اس کا متبادل فدیہ روزوں کی صورت میں ادا کیا گیا۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 3000