🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
(1)
مذکورہ روایت کو ہمارے فاضل محقق نے سنداً ضعیف قرار دیا ہے جبکہ دیگر محققین نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔
شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ  نےاس پر کافی مفصل بحث کی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ تصحیح حدیث والی رائے ہی درست ہے لہٰذا روایت دیگر شواہد کی بنا پر قابل حجت ہے۔
واللہ اعلم . تفصیل کےلیے دیکھیے: (سلسلة الأحاديث الصحيحة للألبانى رقم: 1876، وسنن ابن ماجة بتحقيق الدكتور بشار عواد رقم: 3312)

(2)
اہل عرب گوشت کو محفوظ رکھنے کے لیے اس کے لمبے ٹکڑے کاٹ کر نمک لگا کر دھوپ میں خشک کرلیا کرتے تھے۔
اسے قدید کہتے ہیں۔
بعد میں ضرورت پڑنے پر اسے پکا لیا جاتا ہے۔

(3)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی والدہ کا ذکر اس لیے فرمایا کہ اس شخص کی گھبراہٹ دور ہوجائے جو اس پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت کے احساس سے طاری ہو گئی تھی۔

(4)
تواضع کے طور پراپنے آپ کو ایک عام انسان کے طور پر پیش کرنا اللہ کی نعمت کا انکار نہیں۔

(5)
بڑے عالم یا بڑے مقام پر فائز شخص کو عام لوگوں سے بات کرتے وقت ایسا انداز اختیار کرنا چاہیے جس سے وہ مانوس ہو جائیں اور آسانی سے اپنی بات کہہ سن سکیں۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 3312