🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا عطا اللہ ساجد حفظہ اللہ
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: مذکورہ روایت ضعیف ہے۔ تاہم روایت میں بیان کردہ مسائل دیگر صحیح احادیث اور...
اردو حاشہ:
فوائد و مسائل:
مذکورہ روایت ضعیف ہے۔
تاہم روایت میں بیان کردہ مسائل دیگر صحیح احادیث اور صحابہ ؓ کے عمل سے ثابت ہیں۔
جیسا کہ حضرت مالک بن یسار ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”جب تم اللہ تعالیٰ سے دعا کرو تو اپنی ہتھیلیوں کو پھیلا کر کرو۔
ہاتھوں کی پشت کو پھیلا کر نہ کرو۔“ (سنن أبي داؤد، الوتر، باب الدعاء، حدیث: 1186)
 بنا بریں عام دعاؤں میں ہتھیلیاں ہی پھیلانی چاہیں۔
مگر نماز استسقاء میں جب قحط اور خشکی دور کرنے کی دعا کی جائے۔
تو بطور تفاول (نیک شگون)
ہاتھوں کی پشت اوپر کی جانب کی جائے جو کہ سنت رسول سے ثابت ہے۔
باقی رہا دعا کے بعد منہ پر ہاتھ پھیرنے کا مسئلہ تو اس کا ثبوت بھی بعض صحابہ کرام ؓ اور سلف صالحین سے ملتا ہے۔
اس کی بابت امام بخاری نے الادب المفرد میں ابو نعیم سے موقوفا صحیح سند سے روایت بیان کی ہے۔
کہ ابو نعیم فرماتے ہیں۔
کہ میں نے حضرت ابن عمر ؓ اور ابن زبیر ؓ دونوں حضرات کودعا کرتے ہوئے اور اپنی ہتھیلیوں کو چہرے پر پھرتے ہوئے دیکھا نیز اس مسئلے کی بابت امام طبرانی نے یزید بن سعید الکندی کی روایت نقل کی ہے۔
جس کے بارے میں حافظ ابن حجر  بیان کرتے ہیں کہ اس کی سند میں ایک راوی ابن لعیہ ضعیف ہے اور اس کااستاد غیرمعروف ہے لیکن اس حدیث کے مؤید شاہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ اس حدیث کی کچھ نہ کچھ بنیاد ضرور ہے۔
علاوہ ازیں حسن بصری سے بھی حسن سند کے ساتھ اس کی تائید مروی ہے مذید تفصیل کے لئے دیکھئے: (العلل: 2/ 347)
گو مذکورہ روایت سنداً ضعیف ہے لیکن یہ عمل صحابہ کرام ؓ سے سلف صالحین سے صحیح سندوں سے ثابت ہے لہٰذا اسے بدعت کہنا درست نہیں زیادہ سے زیادہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ مسنون نہیں ہے۔
واللہ اعلم
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد 3866