🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی حفظہ اللہ
اردو حاشہ: 1؎: ایسے موقع پر استغفار طلب کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ’’کھانا کھانے کے بعد اس...
اردو حاشہ:
1؎:
ایسے موقع پر استغفار طلب کرنے کی وجہ یہ ہے کہ ”کھانا کھانے کے بعد اس کے فضلے کے نکلنے تک کی ساری باتیں اللہ تعالیٰ کے بے انتہا انعامات میں سے ہیں جن کا شکر ادا کرنے سے انسان قاصر ہے،
اس لیے قضائے حاجت کے بعد انسان اس کو تاہی کا اعتراف کرے،
اس موقع کی دوسری دعا ”سب تعریفیں اس اللہ کے لیے ہیں جس نے مجھ سے تکلیف دہ چیز کو دور کر دیا اور مجھے عافیت دی“ کے معنی سے اس معنی کی تائید ہوتی ہے۔

2؎:
یہ حدیث حسن غریب ہے،
یہ ایک مشکل اصطلاح ہے کیو نکہ حدیث حسن میں ایک سے زائد سند بھی ہو سکتی ہے جب کہ غریب سے مراد وہ روایت ہے جو صرف ایک سند سے آئی ہو،
اس کا جواب یہ ہے کہ یہ حدیث اپنے رتبے کے لحاظ سے حسن ہے اور کسی خارجی تقویت و تائید کی محتاج نہیں،
اس بات کو امام ترمذی نے غریب کے لفظ سے تعبیر کیا ہے یعنی اسے حسن لذاتہ بھی کہہ سکتے ہیں،
واضح رہے کہ امام ترمذی حسن غریب کے ساتھ کبھی کبھی دو طرح کے جملے استعمال کرتے ہیں،
ایک ”لَانَعْرِفُهُ إِلَّامِن هٰذَا الوَجْهِ“ ہے،
اور دوسرا ”وَإِسْنَادُه لَيْسَ بِمُتَّصِلْ“ پہلے جملہ سے یہ بتانا مقصود ہوتا ہے کہ یہ حدیث صرف ایک طریق سے وارد ہوئی ہے اور دوسرے سے یہ بتانا مقصود ہوتا ہے کہ یہ روایت ضعیف ہے،
یہاں حسن سے مراد وہ حسن ہے جس میں راوی متہم بالکذب نہ ہو،
اور غریب سے مراد یہاں اس کا ضعف ظاہر کرنا ہے اور ”إِسْنَادُه لَيْسَ بِمُتَّصِلْ“ کہہ کر اس بات کی طرف اشارہ کیا ہے کہ سند میں انقطاع ہے یعنی اس کا ضعف خفیف ہے۔

3؎:
یعنی اس باب میں اگرچہ اور بھی احادیث آئی ہیں لیکن عائشہ رضی اللہ عنہا کی مذکورہ بالا حدیث کے سوا کوئی حدیث قوی سند سے ثابت نہیں۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى 7