🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی حفظہ اللہ
اردو حاشہ: 1؎: یوم عرفہ سے مراد 9 ذی الحجہ ہے جب حجاج کرام عرفات میں وقوف کرتے ہیں...
اردو حاشہ:
1؎:
یوم عرفہ سے مراد 9 ذی الحجہ ہے جب حجاج کرام عرفات میں وقوف کرتے ہیں اور ذکر و دعا میں مشغول ہوتے ہیں،
اس دن ان کے لیے یہی سب سے بڑی عبادت ہے اس لیے اس دن کا روزہ ان کے لیے مستحب نہیں ہے،
البتہ غیر حاجیوں کے لیے اس دن روزہ رکھنا بڑی فضیلت کی بات ہے،
اس سے ان کے دو سال کے وہ صغیرہ گناہ معاف ہو جاتے ہیں جن کا تعلق حقوق اللہ سے ہوتا ہے۔
(یہ خیال رہے کہ مکے سے دور علاقوں کے لوگ اپنے یہاں کی رؤیت کے حساب سے 9؍ذی الحجہ کو عرفہ کا روزہ نہ رکھیں،
بلکہ مکے کی رویت کے حساب سے 9؍ ذی الحجہ کا روزہ رکھیں کیوں کہ حجاج اسی حساب سے میدان عرفات میں جمع ہوتے ہیں۔
لیکن جہاں مطلع اور ملک بدل جائے وہاں کے لوگ اپنے حساب نو ذی الحجہ کا روزہ رکھیں،
بلکہ افضل یہ ہے کہ یکم ذی الحجہ سے 9 تک مسلسل روزے رکھے،
اس لیے کہ ان دنوں میں کیے گئے اعمال کی فضیلت حدیث میں بہت آئی ہے اور سلف صالحین کا اس ضمن میں تعامل بھی روایات میں مذکور ہے،
اور اس سے یوم عرفہ سے مراد مقام عرفات میں 9ذی الحجہ پر بھی عمل ہو جائے گا،
واللہ اعلم۔

2؎:
اگر یہ اعتراض کیا جائے کہ بعد والے سال کے گناہوں کا وہ کفارہ کیسے ہو جاتا ہے جب کہ آدمی نے وہ گناہ ابھی کیا ہی نہیں ہے تو اس کا جواب یہ دیا جاتا ہے کہ ایک سال بعد کے گناہ مٹا دیئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ اس سال اللہ تعالیٰ اسے گناہوں سے محفوظ رکھے گا یا اتنی رحمت و ثواب اسے مرحمت فرما دے گا کہ وہ آنے والے سال کے گناہوں کا بھی کفارہ ہو جائے گا۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى 749