🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن فریوائی حفظہ اللہ
اردو حاشہ: 1؎: نبی اکرم ﷺ نے کونسا حج کیا تھا؟ اس بارے میں احادیث مختلف ہیں، بعض احادیث...
اردو حاشہ:
1؎:
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے کونسا حج کیا تھا؟ اس بارے میں احادیث مختلف ہیں،
بعض احادیث سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ نے حج افراد کیا اور بعض سے حج تمتع اور بعض سے حج قران،
ان روایات میں تطبیق اس طرح سے دی جاتی ہے کہ ہر ایک نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف اس چیز کی نسبت کر دی ہے جس کا آپ نے اسے حکم دیا تھا،
اور یہ صحیح ہے کہ آپ نے حج افراد کا احرام باندھا تھا اور بعد میں آپ قارن ہو گئے تھے،
جن لوگوں نے اس بات کی روایت کی ہے کہ آپ نے حج تمتع کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے انہیں اس کا حکم دیا کیونکہ آپ کا ارشاد ہے ((لَوْلَا أنَّ مَعِي الهَدْيَ لَأَحْلَلْتُ)) ”اگر میرے ساتھ ہدی کا جانور نہ ہوتا تو میں عمرہ کرنے کے بعد حلال ہو جاتا“،
اس کا صریح مطلب یہ ہے کہ آپ متمتع نہیں تھے،
نیز صحابہ کی اصطلاح میں قِران کو بھی تمتع کہا جاتا تھا،
کیوں کہ ایک ہی سفر میں عمرہ اور حج دونوں کا فائدہ تو بہر حال حج قران میں بھی حاصل ہے،
اسی طرح جن لوگوں نے قران کی راویت کی ہے انہوں نے آخری حال کی خبر دی ہے کیونکہ شروع میں آپ کے پیش نظر حج افراد تھا بعد میں آپ نے حج میں عمرہ کو بھی شامل کر لیا،
اور آپ سے کہا گیا: ((قُلْ عُمرَةٌ فِي حَجَّةِِ)) اس طرح آپ نے حج افراد کو حج قِران سے بدل دیا۔
اب رہا یہ مسئلہ کہ ان تینوں قسموں میں سے کونسی قسم افضل ہے؟ تو احناف حج قرِان کو افضل کہتے ہیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب کے لیے اسی حج کو پسند کیا تھا اور اس میں مشقت بھی زیادہ اٹھانی پڑتی ہے،
امام احمد اور امام مالک نے حج تمتع کو افضل کہا ہے کیونکہ اس میں سہولت ہے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرحلہ پر اس کی خواہش کا اظہار بھی فرمایا تھا اور بعض نے حج افراد کو افضل قرار دیا ہے۔
آخری اور حق بات یہی ہے کہ حج تمتع سب سے افضل ہے۔

2؎:
یہ حدیث مسلم کی اس روایت کے معارض ہے جس میں ہے: ((قَالَ عَبْدُاللهِ بْنُ شَقِيقِِ:
كَانَ عُثْمَانُ يَنهَى عَنِ الْمُتْعَةِ وَكَانَ عَلِيٌّ يَأْمُرُبِهَا)) اور نیچے کی روایت سے عمر کا منع کرنا بھی ثابت ہوتا ہے،
تطبیق اس طرح سے دی جاتی ہے کہ ان دونوں کی ممانعت تنزیہی تھی،
ان دونوں کی نہی اس وقت کی ہے جب انہیں اس کے جائز ہو نے کاعلم نہیں تھا،
پھرجب انہیں اس کا جواز معلوم ہوا تو انہوں نے بھی تمتع کیا۔

3؎:
روایات سے معاویہ رضی اللہ عنہ سے پہلے عمروعثمان رضی اللہ عنہا سے ممانعت ثابت ہے،
ان کی یہ ممانعت تنزیہی تھی،
اور معاویہ رضی اللہ عنہ کی نہی تحریمی،
لہذا یہ کہاجاسکتا ہے کہ معاویہ رضی اللہ عنہ کی اوّلیت تحریم کے اعتبارسے تھی۔

نوٹ:
(سند میں لیث بن ابی سُلیم اختلاط کی وجہ سے متروک الحدیث راوی ہے،
لیکن اس حدیث کا اصل مسئلہ دیگر احادیث سے ثابت ہے)
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى 822