🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تحقيق الحديث : حسن ہے۔ ◄ یہ الفاظ سنن ابن ماجہ [4048] کے ہیں۔ ابن ماجہ اور مسند احمد...
تحقيق الحديث:
حسن ہے۔
◄ یہ الفاظ سنن ابن ماجہ [4048] کے ہیں۔
ابن ماجہ اور مسند احمد [الموسوعه الحديثيه 29؍17] والی روایت دو وجہ سے ضعیف ہے:
➊ سلیمان بن مہران الاعمش مدلس تھے اور روایت معنعن (عن سے) ہے۔
➋ امام بخاری نے سالم بن ابی الجعد کے بارے میں فرمایا:
”میں نہیں سمجھتا کہ سالم نے زیاد (بن لبید) سے سنا ہو۔“ [التاريخ الكبير 3؍344 ت1163]
◄ حافظ ابن حجر نے کہا:
«وسالم لم يلق زيادا»
”اور سالم نے زیاد سے ملاقات نہیں کی۔“ [الاصابه 1؍558 ترجمة زياد بن لبيد رضي الله عنه]
↰ لہٰذا یہ روایت منقطع ہے۔
المعجم الکبیر للطبرانی [5؍265] میں اس کا ایک منقطع (یعنی ضعیف و مردود) شاہد بھی ہے۔
◄ سنن دارمی [246] والی روایت میں حجاج بن ارطاۃ ضعیف مدلس ہے اور روایت «عن» سے ہے، لہٰذا ضعیف ہے۔
◄ سنن ترمذی [2653] والی روایت حسن ہے جو کتاب، مشکوٰۃ المصابیح میں مختصراً ہے۔ ديكهئے: [اضواء المصابيح: ح245]
◄ اس کا متن درج ذیل ہے:
سیدنا ابوالدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھے، اتنے میں آپ نے آسمان کی طرف نظر دوڑائی پھر فرمایا: ”یہ وقت ہے کہ لوگوں سے علم اٹھا لیا جائے گا پھر وہ کسی چیز پر طاقت نہیں رکھیں گے۔“ زیاد بن لبید الانصاری رضی اللہ عنہ نے کہا: ہم سے کس طرح علم اٹھا لیا جائے گا اور ہم نے قرآن پڑھ لیا ہے، اللہ کی قسم! ہم ضرور بالضرور قرآن پڑھیں گے اور اسے ہم اپنے بیوی بچوں کو بھی پڑھائیں گے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اے زیاد تمہاری ماں تجھے گم پائے، میں تو تمہیں اہل مدینہ کے فقہاء میں شمار کرتا تھا، یہ تورات اور انجیل یہود و نصاریٰ کے پاس ہے اور انہیں کیا فائدہ پہنچاتی ہے؟“ (پھر اسی حدیث میں ہے کہ سیدنا عبادہ بن الصامت رضی اللہ عنہ نے) فرمایا: ابوالدرداء نے سچ فرمایا، (اے جبیر بن نفیر!) اگر تم چاہو تو میں تمہیں بتادوں کہ لوگوں میں سب سے پہلے کون سا علم اٹھا لیا جائے گا؟ خشوع یعنی عاجزی، عنقریب تم جامع مسجد میں داخل ہوگے تو کسی ایک آدمی کو بھی خشوع و خضوع کرنے والا نہیں پاؤ گے۔ [سنن الترمذي ص602 وقال: هذا حديث حسن غريب]
◄ اس کی سند حسن ہے اور اسے ابن حبان [115] حاکم [1؍98۔ 99] اور ذہبی نے صحیح کہا ہے۔ اس حدیث کے ساتھ ابن ماجہ والی روایت بھی حسن ہے۔ «والحمدلله»

فقہ الحدیث:
➊ اس حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات اور وحی کے اختتام کی طرف اشارہ ہے۔
➋ امت کے بعض حصے میں بدعات اور گمراہیاں پیدا ہوں گی، جن کے پھیلنے کا اصل سبب عدم علم اور جہالت ہو گی۔ «أعاذنا الله منها»
➌ قیامت سے پہلے جہالت کا دور دورہ ہو گا۔
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح 277