🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تخریج الحدیث: [وأخرجه البخاري 2546، ومسلم 43/1664، من حديث مالك به] تفقه: ➊ اسلام میں سابقہ غلامی کی اجازت...
تخریج الحدیث: [وأخرجه البخاري 2546، ومسلم 43/1664، من حديث مالك به]
تفقه:
➊ اسلام میں سابقہ غلامی کی اجازت ہے لیکن یہ ترغیب دی گئی ہے کہ غلاموں کو آزاد کر دیا جائے۔ اس طرح سے غلامی کا بتدریج خاتمہ ہو جاتا ہے۔
➋ جو شخص کسی (مسلمان) کے پاس نوکری کر رہا ہو تو اسے چاہئے کہ ہر وقت اپنے آقا اور افسر کی خیر خواہی اور حسنِ سلوک میں مصروف رہے اور اپنی زندگی کو کتاب وسنت کے قالب میں ڈھال کر رکھے۔
➌ درج بالا حدیث میں مذکور غلام اس آزاد سے افضل ہے جو اپنے آقا کی فرماں برداری میں کوتاہی برتے۔
➍ ایک جلیل القدر غلام کا تذکرہ اور ابن عمر رضی اللہ عنہما کا اس سے حسنِ سلوک پیشِ خدمت ہے:
ایک دفعہ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہ مدینے کی بعض نواحی بستیوں میں تشریف لے گئے، کھانے کا وقت ہوا تہ آپ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ دستر خوان بچھا لیا، دیکھا کہ ایک چرواہا بکریاں چرا رہا ہے، اسے بلا کر فرمایا: ہمارے ساتھ کھانا کھاؤ، وہ بولا: میرا روزہ ہے، آپ سخت حیران ہوئے کہ اتنی گرمی میں روزہ رکھتے ہو؟ وہ بولا: میں ان دنوں کو (مرنے کے بعد والی زندگی کے لئے) غنیمت سمجھتا ہوں، عبداللہ بن عمر (رضی اللہ عنہ) نے اس کا امتحان لینے کے لئے پوچھا: ایک بکری ہمیں بیچ دو، وہ بولا: یہ بکریاں میری نہیں ہیں بلکہ مالک کی ہیں۔
آپ نے (بطور امتحان) فرمایا: مالک کو کہہ دینا کہ بھیڑیا بکری کو کھا گیا ہے۔ اس چرواہے نے جواب دیا: پھر اللہ کہاں ہے؟ یعنی اللہ دیکھ رہا ہے، آپ اتنے خوش ہوئے کہ اس غلام کو اس کے مالک سے خرید کر آزاد کردیا اور بکریاں بھی خرید کر اس کے حوالے کر دیں۔ [تاريخ دمشق ملخصاً 33/89 وسنده حسن]
موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی 250