🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تخریج الحدیث: [واخراجه البخاري 56، ومسلم 11، من حديث مالك به] تفقه : ➊ اس حدیث سے معلوم ہوا...
تخریج الحدیث: [واخراجه البخاري 56، ومسلم 11، من حديث مالك به]
تفقه:
➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ کامیابی کا دارومدار عقائد کے بعد اعمال اور فرائض کی ادائیگی پر ہے تاہم سنن ونوافل کو بھی نہیں چھوڑنا چاہئے کہ دوسرے دلائل سے ثابت ہے۔ جب فرائض میں کمی ہوگی تو سنن ونوافل کام آئیں گے۔
➋ اہلِ نجد میں سے آدمی کون تھا؟ حدیث میں اس کی صراحت نہیں ہے۔ ابن بطال وابن العجمی وغیرہما کا خیال ہے کہ وہ ضمام بن ثعلبہ رضی اللہ عنہ ہیں۔ [شرح ابن بطال 1/97 والتوضيح لمبهمات الجامع الصحيح لابن العجمي، قلمي ص13،]
اور یہی بات راجح معلوم ہوتی ہے۔ دیکھئے تفقہ: 6
➌ اسلام فرائض واعمال کا نام ہے معلوم ہوا کہ مرجئه کا عقیدہ باطل ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ اعمال ایمان سے خارج ہیں۔
➍ اس حدیث میں حج کا ذکر نہیں ہے جب کہ دوسری احادیث سے حج کا فرض ہونا ثابت ہے لہٰذا معلوم ہوا کہ اگر ایک دلیل میں کوئی مسئلہ مذکور نہیں اور دوسری دلیل میں مسئلہ مذکور ہے تو اسی کا اعتبار ہوگا، اس حالت میں عدمِ ذکر کو عدمِ شئی کی دلیل نہیں بنایا جائے گا۔
بعض علماء نے اس حدیث سے استدلال کیا ہے کہ وتر واجب نہیں بلکہ سنت موکدہ ہے۔ اس کی تائید سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے درج ذیل قول سے بھی ہوتی ہے:
«ليس الوتر بحتم كالصلوة ولكنه سنة فلا تدعوه»
وتر (فرض) نماز کی طرح ضروری (واجب) نہیں ہے، لیکن یہ سنت ہے اسے نہ چھوڑو۔ [مسند أحمد 1/107 ح842 وسنده حسن،]
ایک شخص ابومحمد نامی نے کہا: کہ وتر واجب ہے تو سیدنا عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ (بدری صحابی) نے فرمایا: ”کذب ابومحمد“ ابومحمد نے جھوٹ (غلط) کہا ہے۔ [سنن ابي داؤد: 1420، وسنده حسن، مؤطا امام مالك 123/1، وصحيحه ابن حبان، الموارد 252، 253]
➏ عربی زبان میں بلند وسخت جگہ کو نَجد اور پست اور نچلی زمین کو غَور کہتے ہیں۔ دیکھئے القاموس الوحید [ص 1611، 1189]
عرب کے علاقے یں بہت سے نجد ہیں۔ مثلاً نجدبرق، نجدخال، نجد عفر، نجد کبکب اور نجد مریع [ديكهئے معجم البلدان 262/5،]
تہامہ سے عراق کی زمین تک نجد ہے۔ [لسان العرب 413/3،]
جن احادیث میں قرن الشیطان، زلزلوں اور فتنوں والے نجد کا ذکر ہے، ان سے مراد نجد العراق ہے دیکھئے [اكمل البيان فى شرح حديث نجد قرن الشيطان] (از حکیم محمد اشرف سندھو) اور ”فتنوں کی سرزمین نجد یا عراق“ (از رضاءاللہ عبدالکریم)
حدیثِ ہٰذا میں جس نجدی کا ذکر ہے وہ جلیل القدر صحابی (ضمام بن ثعلبہ) رضی اللہ عنہ ہیں جیسا کہ اوپر گزرا ہے (نمبر2) نیز دیکھئے [الاصابة ص627 ت4342]
➐ جن احادیث میں آیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نجد کی طرف اشارہ کرکے فرمایا: ادھر سے شیطان کا سینگ نکلے گا اور ادھر سے فتنے وزلزلے ہوں گے۔ ان سے مراد عراق والا نجد ہے۔ مسند أحمد میں آیا ہے کہ (سیدنا) ابن عمر (رضی اللہ عنہ) نے فرمایا: میں نے دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عراق کی طرف اشارہ کررہے تھے اور فرمارہے تھے: «ها، ان الفنته ها هنا، ان الفتنه ها هنا۔ ثلاث مرات۔ من حيث يطلع قرن الشيطان۔» خبردار، فتنہ ادھر سے ہے، خبردار فتنہ ادھر سے ہے۔ آپ نے یہ بات تین دفعہ فرمائی۔ جہاں سے شیطان کا سینگ نکلے گا۔ [مسند أحمد 2/143 ح6302 وسنده صحيح،
ایک اور روایت میں آیا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے شام اور یمن کے بارے میں کئی دفعہ برکت کی دعا فرمائی۔ کہا گیا: اور عراق کے بارے میں (دعا فرمائیں)؟ تو آپ نے فرمایا: « [إن] بھا الزلازل والفتن وبھا یطلع قرن الشیطان۔» وہاں زلزلے اور فتنے ہوں گے اور وہاں سے شیطان کا سینگ نکلے گا۔ [المعجم الكبير للطبراني 12/384 ح13422، وسنده حسن]
عراق کے لفظ کے ساتھ اسی طرح کی روایت ابونعیم الاصبہانی کی کتاب «حلية الاولياء» میں بھی موجود ہے۔ [ج6 ص133، وسنده حسن]
سیدنا سالم بن عبداللہ بن عمر رحمہ اللہ نے عراقیوں سے کہا: اے عراق والو! ہم تم سے کسی چھوٹی چیز کے بارے میں نہیں پوچھتے تو بڑی چیز کے بارے میں کس طرح پوچھ سکتے ہیں؟ میں نے اپنے ابا عبداللہ بن عمر (رضی اللہ عنہ) کو فرماتے ہوئے سنا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا: فتنہ ادھر سے آئے گا۔ آپ نے مشرق کی طرف اشارہ کیا۔ جہاں سے شیطان کا سینگ نکلے گا اور تم ایک دوسرے کو قئل کروگے۔۔۔ [صحيح مسلم: 50/2905، دارالسلام: 7297]
معلوم ہوا کہ نجد میں شیطان کا سینگ نکلنے سے مراد عراق والا نجد ہے لہٰذا بعض اہلِ بدعت کا نجد سے نجدِ حجاز یا نجدِ ریاض مراد لینا غلط ہے۔ ➑ نیز دیکھئے ح363
➒ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم غیب نہیں جانتے تھے وگرنہ آپ یہ نہ فرماتے: «أَفْلَحَ إِنْ صَدَقَ» ۔ تفكر جدًا۔
موطا امام مالک روایۃ ابن القاسم شرح از زبیر علی زئی 267