🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
تحقیق الحدیث : حسن ہے۔ ◈ اس حدیث کے راوی ابووائل شقیق بن سلمہ رحمہ اللہ (تابعی کبیر) سیدنا...
تحقیق الحدیث: حسن ہے۔
◈ اس حدیث کے راوی ابووائل شقیق بن سلمہ رحمہ اللہ (تابعی کبیر) سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کی وفات کے وقت اٹھارہ سال کے نوجوان تھے۔ ابووائل مدلس نہیں ہیں، لہٰذا سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ سے ان کی روایت اتصال پر محمول ہے۔ بعض الناس کا اسے منقطع قرار دینا صحیح نہیں ہے۔
◈ ابووائل تک سند حسن لذاتہ ہے۔
◈ قاری عاصم بن ابی النجود حسن الحدیث ہیں، جمہور محدثین کرام نے ان کی توثیق کی ہے۔
◈ عاصم بن ابی النجود پر بعض محدثین کی جرح جمہور کے مقابلے میں ہونے کی وجہ سے مردود ہے۔

راویان حدیث کی دو قسمیں ہیں:
➊ جن کی جرح و تعدیل میں کوئی اختلاف نہیں، اتفاق و اجماع ہے، مثلا سعید بن المسیب، سعید بن جبیر اور امام زہری وغیرہم بالاجماع ثقہ ہیں۔ محمد بن مروان السدی، ثویر بن ابی فاختہ اور حماد بن الجعد وغیرہم بالاجماع مجروح ہیں۔
➋ جن راویوں کی جرح و تعدیل میں محدثین کرام کے درمیان اختلاف ہے۔ ایسے راویوں کے بارے میں عام و خاص اور جمع و تطبیق کی عدم موجودگی میں ہمیشہ جمہور محدثین کو ہی ترجیح ہوتی ہے۔

فقہ الحدیث
➊ اس حدیث میں دین اسلام کے اہم ارکان اور افعال خیر کا ذکر ہے۔
➋ زبان کی حفاظت اہم ترین مسئلہ ہے۔
❀ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:
«من يضمن لي ما بين لحيه و ما بين رجليه، أضمن له الجنة»
”جو شخص مجھے زبان اور شرمگاہ کی ضمانت دے، میں اسے جنت کی ضمانت دیتا ہوں۔“ [صحيح البخاري: 6474 وأضواء المصابيح: 4812]
❀ ایک روایت میں آیا ہے:
«أن العبد ليتكلم بالكمة من رضوان الله، لا يلقي لها بالا، يهوي بهافي جهنم»
”بندہ (اپنے رب) اللہ کی خوشنودی کی ایسی بات کہہ دیتا ہے، جس کا اسے خیال بھی نہیں ہوتا تو اللہ اس کے درجے (بہت) بلند کر دیتا ہے، اور بندہ (اپنے رب) اللہ کی ناراضی کی بات کہہ دیتا ہے جس کا اسے خیال بھی نہیں ہوتا تو اسے اس کی وجہ سے جہنم میں گرایا جائے گا۔“ [صحيح البخاري: 6474، 6475 و صحيح مسلم: 2988/50 وأضواءالمصابيح: 4813]
➌ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کے بہت زیادہ فضائل ہیں۔ آپ کو نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے یمن کی طرف معلم بنا کر بھیجا تھا۔ سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ”رہا عالم کی غلطی کا مسئلہ تو (سنو) اگر وہ سیدھے راستے پر بھی (جا رہا) ہو تو اپنے دین میں اس کی تقلید نہ کرو۔“ [كتاب الزهد للامام وكيع 300/1 ح 71، وسنده حسن، الحديث حضرو: 9ص44]
↰ معلوم ہوا کہ سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ لوگوں کو تقلید سے منع کرتے اور کتاب و سنت کی پیروی کا حکم دیتے تھے، لہٰذا تقلید کرنے والے لوگ ان کی مخالفت کرتے ہیں۔
➍ نماز دین کا ستون ہے اور جہاد اس کی کوہان ہے۔ یاد رہے کہ کتاب و سنت کی دعوت دینا اور اہل باطل کا رد کرنا بہت بڑا جہاد ہے۔ «والحمد لله»
➎ اللہ کا خوف اور جنت کی طمع و حصول کا خیال رکھتے ہوئے عبادت کرنا بالکل صحیح ہے۔
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح 29