🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ محمد طاہر حفظ اللہ
حرم کے کبوتروں کو بھگانا/ ہراساں کرنا حرم کی خصوصیات میں سے ہے کہ یہاں موجود شکار کو ڈرانا، تنگ...
حرم کے کبوتروں کو بھگانا/ ہراساں کرنا
حرم کی خصوصیات میں سے ہے کہ یہاں موجود شکار کو ڈرانا، تنگ کرنا اور اس کی جگہ سے بھگانا حرام اور ناجائز ہے۔
اس کی دلیل وہ حدیث ہے جس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:
«حَرَّمَ اللَّهُ مَكَّةَ فَلَمْ تَحِلَّ لِأَحَدٍ قَبْلِي وَلَا لِأَحَدٍ بَعْدِي أُحِلَّتْ لِي سَاعَةً مِنْ نَهَارٍ لَا يُخْتَلَى خَلَاهَا وَلَا يُعْضَدُ شَجَرُهَا وَلَا يُنَفَّرُ صَيْدُهَا.»
”اللہ تعالی نے مکہ کو حرم بنایا ہے۔ نہ مجھ سے پہلے کسی کے لیے حلال تھا اور نہ میرے بعد ہوگا اور میرے لیے بھی تھوڑی دیر کے لیے (فتح مکہ کے دن) حلال ہوا تھا۔ لہذا نہ اس کی گھاس اکھاڑی جائے نہ اس کے درخت قلم کئے جائیں۔ نہ یہاں کے جانوروں کو بھگایا جائے۔ “ [صحيح البخاري: 1349]
سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے اس حدیث کے راوی امام عکرمہ تابعی رحمہ اللہ نے فرمایا کہ ”تم جانتے ہو کہ شکار کو نہ بھگانے سے کیا مراد ہے؟ اس کا مطلب یہ ہے کہ (اگر کہیں کوئی شکار سایہ میں بیٹھا ہوا ہے تو) اسے سایہ سے بھگا کر خود وہاں نہ بیٹھے۔ “ [صحيح البخاري: 1833]
علامہ ابن العطار رحمہ اللہ (724هـ) فرماتے ہیں:
«معنى لا ينفر: لا يُزعج من مكانه.»
”نہ بھگانے کا معنی یہ ہے کہ اسے اس کی جگہ سے تنگ کر کے نہ اٹھایا جائے۔ “ [العدة فى شرح العمدة: 2/ 978]
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: اگر میں مدینہ میں ہرن چرتے دیکھوں، تو میں انھیں ہراساں نہیں کروں گا (کیونکہ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس کے دو سیاہ پتھریلے میدانوں کے درمیان کا علاقہ حرم ہے۔ “ [صحيح مسلم: 1873]
کچھ عرصے سے یہاں دیکھنے کو ملتا ہے کہ لوگ چھوٹے بچوں کو حرم کے کبوتروں کے پاس چھوڑ دیتے ہیں، وہ ان کے پیچھے بھاگتے ہیں اور انہیں اڑاتے ہیں، اور سوشل میڈیا پر بھی لوگ اسے سراہتے ہوئے شیئر کر رہے ہوتے ہیں، حالانکہ علماء اس فعل سے منع کرتے ہیں کیونکہ کبوتر شکار میں شامل ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس حکم میں بڑے چھوٹے سبھی لوگ شامل ہیں، حرم کے شکار کو بھگانا، تنگ کرنا، چھیڑنا ممنوع اور حرام ہے۔
اس لیے والدین اور سرپرست چھوٹے بچوں کو منع کریں گے کہ وہ پرندوں کو تنگ نہ کریں۔
بعض سلف اس معاملے میں بڑی سختی کرتے تھے اور اس پر باقاعدہ فدیہ دیتے تھے جیسا کہ ہشام بن عروہ رحمہ اللہ اپنے والد عروہ بن زبیر تابعی رحمہ اللہ کے بارے بیان کرتے ہیں:
«عَبِثَ بَعْضُ بَنِي عُرْوَةَ بِفَرْخٍ مِنْ حَمَامِ مَكَّةَ فَأَمَرَنِي بِشَاةٍ، فَذُبِحَتْ، ثُمَّ تَصَدَّقَ.»
”عروہ رحمہ اللہ کے بچوں میں سے کسی نے مکہ میں کبوتر کے بچے سے چھیڑ خانی کی تو انہوں نے مجھے بکری (بطورِ فدیہ دینے کا) حکم دیا، لہذا بکری ذبح کر کے صدقہ کی گئی۔ “ [المصنف لابن أبى شيبة - ت الحوت 3/‏326 وسنده صحيح]
اسی طرح سیدنا عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے بھی منقول ہے کہ کسی بچے نے مکہ کے کبوتر سے کھیلتے ہوئے اسے نقصان پہنچا دیا تو انہوں نے فرمایا: «اذْبَحْ عَنِ ابْنِكَ شَاةً.» ”اپنے بیٹے کی طرف سے بکری ذبح کرو۔ “ [المصنف لابن أبى شيبة - ت الحوت 3/‏326 وسنده صحيح]

بچوں کا کبوتروں سے بچوں کے کھیلنے کی موجودہ صورتحال پر معاصر کئی ایک علماء نے بھی حرمت کا فتوی دیا ہے۔
شیخ صالح الفوزان حفظہ اللہ سے پوچھا گیا کہ کیا حرم کے قریب موجود کبوتروں کو بھگانا یا چھیڑنا بھی ممانعت میں آتا ہے؟ اور اگر بچے انہیں چھیڑ رہے ہوں تو انہیں روکنا چاہیے؟
تو انہوں نے فرمایا: حرم کے شکار کو بھگانا حرام ہے، کبوتر ہوں یا کوئی دوسری چیز اور بچوں کو اس سے منع کرنا چاہیے، بچوں کے سرپرست کو چاہیے کہ انہیں اس سے منع کرے۔
شیخ سعد خثلان حفظہ اللہ سے پوچھا گیا کہ حرم کے قریب موجود کبوتروں کو اڑانے، بھگانے کا کیا حکم ہے؟ کچھ لوگ اپنے بچوں کو انہیں اڑانے کے لیے چھوڑ دیتے ہیں؟
تو انہوں نے فرمایا: ”ایسا کرنا بالکل جائز نہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حرم کے شکار کو بھڑکانے سے منع کیا ہے اور کبوتر بھی شکار میں سے ہے اس لیے ایسا کرنا جائز نہیں۔ “
البتہ اگر یہ کبوتر وغيرہ راستے اور گزر گاہ پر موجود ہوں اور بندے کے وہاں سے گزرنے پر اڑ جائیں تو کوئی حرج نہیں۔ اَصل ممانعت قصد و ارادے کے ساتھ انہیں ڈرانا، دھمکانا، اڑانا، بھگانا منع ہے۔
نیز دیکھیے: [لقاء الباب المفتوح، للشيخ ابن العثيمين: 177/‏15]
محدث فورم 999