🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ حدیث سے جمعہ کے دن کی فضیلت کا اثبات ہوتا ہے کہ جس میں ایسی گھڑی...
فوائد:
مذکورہ حدیث سے جمعہ کے دن کی فضیلت کا اثبات ہوتا ہے کہ جس میں ایسی گھڑی ہے کہ جائز دعا کرنے والے کی دعا قبول کی جاتی ہے۔ یہ گھڑی کون سی ہے اس کے تعین میں اختلاف ہے۔ ایک حدیث میں ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”وہ گھڑی امام کے منبر پر بیٹھنے سے لے کر نماز پوری ہونے تک (کے درمیانی وقت میں) ہے۔ “(مسلم، رقم: 853۔ سنن ابي داود، رقم: 1049)
دوسری حدیث میں ہے وہ گھڑی نماز عصر اور غروب آفتاب کے درمیانی وقت میں ہے۔ (سنن ابي داود، رقم: 1048۔ سنن ترمذي، رقم: 489)
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے ”صحیح بخاری“ کی شرح ”فتح الباری“ میں چالیس کے قریب علماء کے اقوال نقل کیے ہیں لیکن زیادہ راجح دو قول ہیں۔ جن کا تذکرہ مذکورہ بالا دو احادیث میں ہوا ہے۔ اس میں زیادہ مناسب یہ ہی معلوم ہوتا ہے کہ نماز جمعہ سے لے کر دن کے آخر تک اس گھڑی کو تلاش کیا جائے اور اس دوران کثرت سے دعا کی کوشش کی جائے۔
شیخ ابن جبیرین رحمہ اللہ نے بھی اسی طرف اشارہ فرمایا ہے۔ (فتاویٰ اسلامیة: 1؍400)
امام شوکانی رحمہ اللہ علامہ ابن منیر رحمہ اللہ کا قول نقل کرتے ہیں کہ اس گھڑی کے پوشیدہ رکھنے اور اسی طرح لیلۃ القدر کے پوشیدہ ہونے میں فائدہ یہ ہے کہ ان کی تلاش کے لیے بکثرت نماز نفل ادا کی جائے اور دعائیں کی جائیں۔ (نیل الاوطار: 3؍ 277)
مسند اسحاق بن راھویہ 216