🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : (1).... مذکورہ حدیث سے سیدنا بلال بن رباح رضی اللہ عنہ کی عظمت و فضیلت کا اثبات...
فوائد:
(1).... مذکورہ حدیث سے سیدنا بلال بن رباح رضی اللہ عنہ کی عظمت و فضیلت کا اثبات ہوتا ہے۔
(2).... یہ بھی معلوم ہوا سیدنا بلال رضی اللہ عنہ جنتی ہیں۔
آپ رضی اللہ عنہ کا نام بلال باپ کا نام رباح اور والدہ کا نام حمامہ تھا۔ آپ رضی اللہ عنہ امیہ بن خلف کے غلام تھے، سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے آپ کو خرید کر آزاد کر دیا، آپ نے بدر اور اس کے بعد کے معرکوں میں شمولیت اختیار کی اور جب مدینہ میں اذان شروع ہوئی تو آپ رضی اللہ عنہ اور سیدنا عبداللہ بن ام مکتوم رضی اللہ عنہ باری باری رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے اذان دیا کرتے تھے، کبھی یہ اور کبھی وہ، اور سیدنا بلال رضی اللہ عنہ خوبصورت اور دل پسند آواز والے اور فصیح تھے۔
آپ رضی اللہ عنہ کی عمر ساٹھ، پینسٹھ سال تھی کہ آپ نے شام کے علاقہ میں وفات پائی۔ مزید تفصیل کے لیے دیکھئے (اسد الغابة: 415، البدایة والنهایة: حالات 20ہجری)
مذکورہ بالا روایت سے باوضو رہنے والوں اور ہر وضو کے بعد نماز پڑھنے کی فضیلت کا اثبات ہوتا ہے۔
ایک دوسری روایت میں ہے کہ سیدنا بلال رضی اللہ عنہ نے بیان کیا: میں جب بھی اذان دیتا ہوں تو دو رکعت پڑھتا ہوں اور میں ہمیشہ وضو میں رہتا ہوں، جب بھی میرا وضو ٹوٹتا ہے تو میں وضو کرتا ہوں، پھر دو رکعت نماز اتنی باقاعدگی سے پڑھتا ہوں کہ گویا کہ مجھ پر میرے اللہ کا حق ہے۔ تو نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”انہی دو عملوں کی وجہ سے اللہ نے تجھے یہ مقام دیا کہ میں جب بھی جنت میں داخل ہوا تیرے چلنے کی آواز اپنے آگے یا ایک طرف سنی۔ “ (سنن ترمذي، رقم: 3954۔ مسند احمد: 5؍ 354 اسناده صحیح)
مسند اسحاق بن راھویہ 234