🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ بالا حدیث میں ہے کہ جب عورتیں ہجرت کرکے آتیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ...
فوائد:
مذکورہ بالا حدیث میں ہے کہ جب عورتیں ہجرت کرکے آتیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان سے بیعت لیتے تھے، فتح مکہ کے دن بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قریش کی عورتوں سے بیعت لی۔ سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ جب یہ آیت ﴿ ٰٓیاََیُّهَا النَّبِیُّ اِِذَا جَاءَكَ الْمُؤْمِنَاتُ یُبَایِعْنَكَ عَلٰی اَنْ لَا یُشْرِکْنَ بِاللّٰهِ شَیْئًا وَّلَا یَسْرِقْنَ وَلَا یَزْنِیْنَ وَلَا یَقْتُلْنَ اَوْلَادَهُنَّ وَلَا یَاْتِیْنَ بِبُهْتَانٍ یَفْتَرِیْنَهٗ بَیْنَ اَیْدِیْهِنَّ وَاَرْجُلِهِنَّ وَلَا یَعْصِیْنَكَ فِیْ مَعْرُوفٍ فَبَایِعْهُنَّ وَاسْتَغْفِرْ لَهُنَّ اللّٰهَ اِِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَحِیْمٌ ﴾ (الممتحنة:12) نازل ہوئی، اس کے بعد جو مومن عورت بیعت کرنے کے لیے آتی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم (مذکورہ بالا آیت میں جن چیزوں کا تذکرہ ہے ان باتوں پر عہد لیتے) اگر وہ اقرار کرلیتی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے زبانی طور پر فرماتے کہ میں نے تمہاری بیعت قبول کرلی اور اللہ کی قسم! آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ نے کسی عورت کا ہاتھ بیعت لیتے وقت کبھی نہیں چھوا، صرف آپ ان سے زبانی بیعت لیتے تھے۔ (بخاري، کتاب التفسیر، رقم: 4891)
مذکورہ حدیث کے آخر میں ہے کہ ام عطیہ رضی اللہ عنہا کو نوحہ کی رخصت دی۔ یا تو یہ نوحہ حرام ہونے سے پہلے کی بات ہے یا پھر اُمّ عطیہ رضی اللہ عنہا کے لیے خاص تھا۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ((وَلِلشَّارِعِ اَنْ یَّخُصَّ مِنَ الْعَمُوْمِ۔)) (فتح الباري: 8؍ 823) ”شارع کو اختیار ہے کہ بعض حکم میں کسی کو خاص کردے۔“
مسند اسحاق بن راھویہ 266