🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : فتح مکہ کے بعد 9 ہجری میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ابوبکر رضی...
فوائد:
فتح مکہ کے بعد 9 ہجری میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ کو امیر حج بنا کر بھیجا اور ان کے پیچھے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو بھیجا کہ وہ سورۂ براء ت پڑھ کر سنا دیں اور اس کے مضامین کا عام اعلان کر دیں۔ سورۂ توبہ کی ابھی تک ابتدائی دس آیات نازل ہوئی تھیں۔ جن میں ہے:
﴿بَرَآءَةٌ مِّنَ اللّٰهِ وَرَسُوْلِهٖٓ اِلَی الَّذِیْنَ عٰهَدْتُّمْ مِّنَ الْمُشْرِکِیْنَ() فَسِیْحُوْا فِی الْاَرْضِ اَرْبَعَةَ اَشْهُرٍ وَّ اعْلَمُوْٓا اَنَّکُمْ غَیْرُ مُعْجِزِی اللّٰهِ وَ اَنَّ اللّٰهَ مُخْزِی الْکٰفِرِیْنَ﴾ (التوبة: 1۔2)
”اللہ اور اس کے رسول کی جانب سے بیزاری کا اعلان ہے، ان مشرکوں کے بارے میں جن سے تم نے عہد وپیمان کیا تھا۔ پس (اے مشرکو!) تم ملک میں چار مہینے تک چلو، پھرو اور جان لو!کہ تم اللہ کو عاجز کرنے والے نہیں ہو اور یہ (بھی یاد رہے) کہ اللہ کافروں کو رسوا کرنے والا ہے۔“
(1).... معلوم ہوا جنت میں ایمان کے بغیر داخلہ نہیں ہو سکتا۔
(2).... مشرک کے لیے حج کرنا منع ہے۔ ارشاد ربانی ہے: ﴿یٰٓاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْٓا اِنَّمَا الْمُشْرِکُوْنَ نَجَسٌ فَلَا یَقْرَبُوا الْمَسْجِدَ الْحَرَامَ بَعْدَ عَامِهِمْ هٰذَا﴾ (التوبة: 28).... ”اے ایمان والو! بے شک مشرک ناپاک ہیں، وہ اس سال کے بعد مسجد حرام کے پاس بھی نہ پھٹکنے پائیں۔“
یہ ممانعت صرف مسجد حرام کے لیے ہے۔ یا دیگر مساجد کے لیے بھی ہے؟ ”تفسیر ابن کثیر“ میں ہے کہ سیدنا عمر بن عبدالعزیز رحمہ اللہ نے اس سے استدلال کرتے ہوئے اپنے دور حکومت میں یہود ونصاریٰ کو بھی مسلمانوں کی مسجدوں میں داخلے سے ممانعت کا حکم جاری فرمایا تھا۔ لیکن نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ثمامہ بن اثال رضی اللہ عنہ کو مسجد نبوی کے ستون سے باندھے رکھا تھا، تو اس سلسلہ میں علماء کا کہنا ہے کہ مسجد حرام کے علاوہ باقی مسجدوں میں مشرک داخل ہو سکتے ہیں۔
(3).... مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا ستر پوشی طواف میں ضروری ہے، ننگے طواف کرنا جائز نہیں ہے۔
(4).... یہ اعلان براء ت ان مشرکین کے لیے تھا جن سے غیر مؤقت معاہدہ تھا یا چار مہینے سے کم تھا یا جن سے چار مہینے سے زیادہ ایک خاص مدت تک تھا۔ لیکن ان کی طرف سے عہد کی پاسداری کا اہتمام نہیں تھا، ان سب کو چار مہینے مکہ میں رہنے کی اجازت دے دی گئی اس کا مطلب یہ تھا کہ اس مدت کے اندر اگر وہ اسلام قبول کر لیں تو انہیں یہاں رہنے کی اجازت ہوگی بصورت دیگر ان کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ چار مہینے کے بعد جزیرہ عرب سے نکل جائیں۔
مسند اسحاق بن راھویہ 306