🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ واقعہ پہلی امت کے کسی فرد کا معلوم ہوتا ہے، معلوم ہوا کہ فرشتے کبھی کبھی...
فوائد:
مذکورہ واقعہ پہلی امت کے کسی فرد کا معلوم ہوتا ہے، معلوم ہوا کہ فرشتے کبھی کبھی اللہ کے حکم سے کسی غیر نبی کے پاس بھی آسکتے ہیں اور اس سے اس طرح کی باتیں کر سکتے ہیں، جیسا کہ قرآن مجید میں ہے کہ سیدنا جبریل علیہ السلام کو سیدہ مریم رضی اللہ عنہا کی طرف بھیجا گیا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿فَاَرْسَلْنَآ اِلَیْهَا رُوْحَنَا فَتَمَثَّلَ لَهَابَشَرًا سَوِیًّا﴾ (مریم: 17).... ”بھیجا ہم نے اس (مریم) کے پاس اپنی روح (جبرائیل علیہ السلام) کو، پس وہ اس کے سامنے پورا آدمی بن کر ظاہر ہوا۔“
مذکورہ حدیث سے محض اللہ ذوالجلال کی رضا کی خاطر محبت کرنے اور ایک دوسرے سے ملاقات کرنے کی فضیلت کا بھی اثبات ہوتا ہے، یہ بھی معلوم ہوا کہ اللہ ذوالجلال کی رضا کی خاطر اپنے مسلمان بھائی کی ملاقات کے لیے سفر کرنا جائز ہے۔
اور ایسے خوش نصیب لوگوں کو اللہ ذوالجلال اپنے عرش کا سایہ بھی عطا کرے گا، جیسا کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سات قسم کے آدمی ایسے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن جب کہ اس کے سائے کے علاوہ کوئی سایہ نہیں ہوگا، اپنے عرش کے سائے میں جگہ دے گا۔“ ان میں سے ایک ”رَجُـلَانِ تَحَابَّا فِی اللّٰهِ اِجْتَمَعَا عَلَیْهِ وَتَفَرَّقَا عَلَیْهِ۔“ وہ دو آدمی جو ایک دوسرے سے صرف اللہ کے لیے محبت کرتے ہیں، اسی پر وہ باہم جمع ہوتے اور اسی پر ایک دوسرے سے جدا ہوتے ہیں۔“ (صحیح بخاري، رقم: 77)
اور حدیث قدسی میں ہے کہ (قیامت کے دن) اللہ ذوالجلال فرمائے گا: ”میری جلالت وعظمت کی خاطر باہم محبت کرنے والے کہاں ہیں؟ ان کے لیے نور کے منبر ہیں۔“ (جس پر وہ بیٹھیں گے) (سنن ترمذي، رقم: 2390 اسناده صحیح)
مسند اسحاق بن راھویہ 545