🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ حدیث سے سورۂ ملک کی تلاوت کرنے کی فضیلت کااثبات ہے کہ اپنے قاری کے لیے...
فوائد:
مذکورہ حدیث سے سورۂ ملک کی تلاوت کرنے کی فضیلت کااثبات ہے کہ اپنے قاری کے لیے سفارش کی اور اس کو معاف کر دیا گیا۔ ایک حدیث میں لفظ ہیں: ((تَشْفَعُ لِصَاحِبِهَا)).... ”پڑھنے والے کے لیے سفارش کرے گی۔“ ((حَتّٰی غُفِرَلَهٗ)) .... ”حتیٰ کہ اسے بخش دیا جائے گا۔“ (سنن ابي داود، رقم: 1400)
ایک دوسری حدیث میں ہے سیدنا انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”ایک تیس آیات والی سورۃ ہے جو اپنے پڑھنے والے کی مغفرت کے لیے قیامت کے روز اللہ تعالیٰ سے جھگڑا کرے گی، یہاں تک کہ اس کو جنت میں داخل کر دیا جائے گا۔“ (صحیح الجامع الصغیر، رقم: 3538)
لہٰذا اس سورت کی روزانہ سونے سے قبل تلاوت کرنی چاہیے، جیسا کہ سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت تک نہ سوتے جب تک سورۂ الم تنزیل اور سورۂ تبارک الذی تلاوت نہ فرما لیتے۔ (سنن ترمذي، ابواب فضائل القرآن، باب ماجاء فی سورة الملك)
مسند اسحاق بن راھویہ 572