🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا سورۂ اخلاص پڑھنے کا ثواب ایک تہائی قران کے برابر ہے۔ شاید...
فوائد:
مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا سورۂ اخلاص پڑھنے کا ثواب ایک تہائی قران کے برابر ہے۔ شاید اس لیے کہ اس سورت میں اللہ تعالیٰ کی توحید کا بیان ہے اور یہ توحید ربوبیت، الوہیت اور اسماء و صفات پر مشتمل ہے۔
سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: مشرکین نے کہا کہ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم ! ہمارے لیے اپنے رب کا نسب بیان کیجئے۔ تو اللہ ذوالجلال نے ﴿قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ﴾ نازل فرمائی۔ (مستدرك حاکم: 2؍ 540)
قرآن کے مضامین و موضوعات کے اعتبار سے بھی یہ ثلث قرآن ہے چونکہ قرآن میں توحید مکمل اقسام کے ساتھ ہے اور دوسرے نمبر پر احکام و مسائل ہیں اور تیسرے نمبر پر قصص و اخبار ہیں انہی تینوں قسموں میں سورۃ اخلاص مکمل توحید پر مشتمل ہے۔ گویا ایک مرتبہ پڑھنے سے دس پارے پڑھنے کا ثواب ملتا ہے اور اس کو معانی و مفہوم سمجھ کر پڑھنا چاہیے تاکہ کامل اجر مل سکے۔
مذکورہ سورۂ کی تلاوت کرنے والوں سے اللہ ذوالجلال محبت رکھتا ہے جیسا کہ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی کو ایک لشکر کا امیر بنا کر بھیجا وہ نماز میں اپنی قراء ت کو قل ہو اللّٰہ احد کے ساتھ ختم کرتا تھا، جب وہ لوگ واپس آئے تو انہوں نے نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بات کا ذکر کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس سے پوچھو کہ وہ ایسا کیوں کرتا ہے؟“ لوگوں نے اس سے پوچھا تو اس نے کہا: اس لیے کہ یہ رحمان کی صفت ہے اور مجھے اس کے پڑھنے سے محبت ہے تو نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اسے بتا دو کہ اللہ تعالیٰ اس سے محبت رکھتا ہے۔ “ (بخاري، کتاب التوحید، باب ماجاء فی دعا النبی صلی الله علیه وسلم امته الی توحید الله تبارك و تعالی)
ایک دوسری روایت میں ہے کہ نبی معظم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((اِنَّ حُبَّهَا اَدْخَلَكَ الْجَنَّةَ)) (بخاري، رقم: 774۔ سنن ترمذي، رقم: 2901) ”اس کی محبت نے تجھے جنت میں داخل کردیا۔“
ان تمام احادیث سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ یہ سورۃ کس قدر اہم ہے۔ دس دفعہ یہ سورت پڑھنے سے جنت میں محل کی بشارت ہے۔
مسند اسحاق بن راھویہ 573