🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا فرشتے بدبو سے نفرت کرتے ہیں ۔ لہسن، پیاز، مولی اور گندنا...
فوائد:
مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا فرشتے بدبو سے نفرت کرتے ہیں۔ لہسن، پیاز، مولی اور گندنا یہ چیزیں حرام نہیں ہیں، جیسا کہ صحیح مسلم میں ہے کہ سیّدنا ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں (میرے ہاں قیام کے دوران) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں جب کھانا پیش کیا جاتا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم (حسب خواہش) اس سے تناول فرما لیتے اور باقی کھانا میرے پاس بھیج دیتے۔ ایک روز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھانا کھائے بغیر واپس بھیج دیا، کیونکہ اس کھانے میں لہسن تھا۔ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: کیا لہسن حرام ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ”حرام تو نہیں، میں اس کی ناگوار بو کی وجہ سے اسے ناپسند کرتا ہوں۔“ حلال چیزوں کی بو کے متعلق اگر اس قدر شرع میں کراہت موجود ہے، تو وہ لوگ جو حقہ اور سگریٹ استعمال کرتے ہیں جن کی وجہ سے ان کے منہ اور کپڑوں سے متواتر آتی رہتی ہے، انہیں سوچنا چاہیے۔
حضرت معدان بن ابوطلحہ یعمری رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ سیّدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ جمعہ کے دن خطبہ دینے کھڑے ہوئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کی حمد وثنا کے بعد فرمایا: اے لوگو! تم دو پودے کھاتے ہو، میں تو ا نہیں برا ہی سمجھتا ہوں، یعنی یہ لہسن اور پیاز۔ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں دیکھا ہے اگر کسی آدمی سے اس (لہسن یا پیاز) کی بو محسوس ہوتی تو اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے بقیع (کے میدان) کی طرف نکال دیا جاتا تھا۔ اس لیے جس نے ضرور انہیں کھانا ہو، وہ انہیں پکا کر (ان کی بو) ختم کردے۔ (سنن ابن ماجة، رقم: 3363)
مسند اسحاق بن راھویہ 731