🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : (1).... مذکورہ حدیث میں پڑوسی کے حقوق کی نگہداشت کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ (2).... اکرام...
فوائد:
(1).... مذکورہ حدیث میں پڑوسی کے حقوق کی نگہداشت کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
(2).... اکرام ضیف: مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا کہ مہمان کی مہمان نوازی کرنی چاہیے اور تین دن تک مہمان کو کھلانا اور ٹھہرانا اس کا حق ہے اور مہمان کو بھی چاہیے کہ زیادہ دیر تک میزبان کے ہاں نہ ٹھہرے، ہاں اگر میزبان مجبور کرے یا قریبی تعلق ہو تو کوئی حرج نہیں کہ تین دنوں سے زیادہ ٹھہر سکتا ہے۔
(3).... زبان کی حفاظت کرنا: مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا انسان کو اچھی بات کرنی چاہیے وگرنہ خاموش ہوجانا چاہیے۔ کیونکہ قرآن مجید میں ہے: ﴿مَا یَلْفِظُ مِنْ قَوْلٍ اِِلَّا لَدَیْہِ رَقِیبٌ عَتِیدٌ﴾ (قٓ: 18).... ”آدمی جو بات بھی منہ سے بولتا ہے، اس کے پاس ایک تیار نگہبان موجود ہوتا ہے۔“ ایک حدیث میں ہے: ((مَنْ صَمَتَ نَجَا)) (سلسلة الصحیحة، رقم: 536) ”جو خاموش رہا نجات پاگیا۔“ سیدنا عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا نجات کیا ہے؟ فرمایا: ((اَمْسِکَ عَلَیْكَ لِسَانَکَ۔)) (صحیح ترمذی، رقم: 1961).... ”اپنی زبان اپنے آپ پر روک کر رکھ۔“
اور خاموشی جو نجات کا باعث ہے، یہ حرام، مکروہ، بے کار اور بے فائدہ باتوں سے خاموش رہے۔ ورنہ زبان اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ ایمان وسلام کا اظہار بھی زبان سے ہوتا ہے۔ تلاوت و ذکر، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر اس کے ذریعے سرانجام پاتے ہیں۔
(4).... استوصوء بالنساء کے معنی ہیں: عورتوں کے متعلق میری وصیت قبول کرو اور اس پر عمل کرو یعنی ہر صورت میں عورتوں سے حسن سلوک سے پیش آؤ، جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ عَاشِرُوْهُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ فَاِنْ کَرِهْتُمُوْهُنَّ فَعَسٰٓی اَنْ تَکْرَهُوْا شَیْئًا وَّ یَجْعَلَ اللّٰهُ فِیْهِ خَیْرًا کَثِیْرًا﴾ (النسآء: 19) ”اور ان کے ساتھ اچھے طریقے سے بودوباش رکھو گو تم انہیں ناپسند کرو لیکن بہت ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو برا جانو اور اللہ تعالیٰ اس میں بہت ہی بھلائی کر دے۔“
صحیح مسلم میں حدیث ہے: ”مومن مرد (شوہر) مومنہ عورت (بیوی) سے بغض نہ رکھے، اگر اس کی ایک عادت اسے ناپسند ہے تو اس کی دوسری عادت پسندیدہ بھی ہوگی۔“ (صحیح مسلم، رقم:1469)
کیونکہ عورت فطری طور پر کمزور ہے تو زیادہ عقل والے اور بلند حوصلے والے مرد کو چاہیے کہ تحمل اور عفو و درگزر سے کام لے۔
مسند اسحاق بن راھویہ 766