🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا موت کے وقت اللہ ذوالجلال کی ملاقات کا شوق ہونا چاہیے اور...
فوائد:
مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا موت کے وقت اللہ ذوالجلال کی ملاقات کا شوق ہونا چاہیے اور دنیا کو چھوڑنے کا غم نہ ہو۔ اور اسی طرح ہر وقت ان لوگوں کو اللہ ذوالجلال کی عبادت میں مشغول رہنا چاہیے جو اللہ ذوالجلال کی ملاقات کی خواہش رکھتے ہیں اور اللہ ذوالجلال کی عبادت میں کسی اور کو شریک نہیں کرتے۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿فَمَنْ کَانَ یَرْجُوْا لِقَآءَ رَبِّهٖ فَلْیَعْمَلْ عَمَلًا صَالِحًا وَّ لَا یُشْرِكْ بِعِبَادَةِ رَبِّهٖٓ اَحَدًا﴾ (الکهف: 110) .... ”جو شخص اپنے رب سے ملنے کا یقین رکھتا ہے، اسے چاہیے کہ نیک عمل کرے اور اپنے رب کی عبادت میں کسی کو شریک نہ بنائے۔“
صحیح مسلم میں ہے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص اللہ سے ملاقات پسند کرتا ہے اللہ بھی اس سے ملنا پسند کرتا ہے۔ اور جو شخص اللہ سے ملاقات ناپسند کرتا ہے اللہ بھی اس سے ملاقات ناپسند کرتا ہے۔“ عرض کیا گیا: اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! موت کو ناپسند کرنے میں اللہ کی ملاقات سے ناپسندیدگی کا اظہار ہے اور ہم سب (طبعی طور پر) موت کو ناپسند کرتے ہیں؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ بات نہیں، اس سے موت کے وقت کی کیفیت مراد ہے جب (بندے کو) اللہ کی رحمت اور مغفرت کی خوشخبری دی جاتی ہے وہ اللہ سے ملاقات کرنا پسند کرتا ہے، تب اللہ بھی اس سے ملاقات کرنا پسند کرتا ہے اور جب اللہ کے عذاب کی بشارت دی جائے تو وہ اللہ سے ملاقات کرنا پسند نہیں کرتا (مرنے سے گھبراتا ہے) اللہ ذوالجلال بھی اس سے ملاقات کرنا پسند نہیں کرتا۔“ (مسلم، کتاب الذکر والدعاء، رقم: 2684)
کیونکہ مومن کو موت کے وقت جنت کی خوشخبری اور کافر کو اللہ کے عذاب کی وعید سنا دی جاتی ہے۔ جس سے مومن کا شوق اللہ ذوالجلال کی ملاقات کا ہوتا ہے اور کافر کو ہلاکت نظر آرہی ہوتی ہے جس سے اس کے دل کی حسرت ہوتی ہے کہ کاش مجھے موت نہ آئے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ سے ملاقات کا کتنا شوق تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جب اختیار دیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے موت کو چنا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان کے آخری الفاظ یہ ادا ہوئے: اللهم بالرفیق الأعلی۔
مسند اسحاق بن راھویہ 820