🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا اسم اعظم کے ساتھ دعا کی جائے تو قبول ہوتی ہے۔ بشرطیکہ...
فوائد:
مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا اسم اعظم کے ساتھ دعا کی جائے تو قبول ہوتی ہے۔ بشرطیکہ قبولیت دعا کے لیے کوئی چیز مانع نہ ہو، جیسا کہ صحیح احادیث سے ثابت ہے کہ حرام کھانے والے اور خالی دل سے دعا کرنے والوں کی دعائیں قبول نہیں ہوتی۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿وَ لِلّٰهِ الْاَسْمَآءُ الْحُسْنٰی فَادْعُوْهُ بِهَا﴾ (الاعراف:180) .... ”اور اچھے اچھے نام اللہ ہی کے لیے ہیں، سو ان ناموں سے اللہ کو پکارا کرو۔“
مذکورہ بالا حدیث میں جو الفاظ آئے ہیں، وہ سورہ اخلاص میں ذکر کردہ صفات ہیں جن میں توحید کا جامع بیان ہے:
(1) اِنَّكَ اَنْتَ اللّٰهُ (2) اَلْاَحَدُ (3) اَلصَّمَدُ (4) لَمْ یَلِدْ (5) وَلَمْ یُوْلَدْ (6) وَلَمْ یَکُنْ لَّهٗ کُفُوًّا اَحَدٌ۔
سورہ اخلاص کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”وہ قرآن کے تہائی کے برابر ہے۔“ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: اسم اعظم کے متعلق سند کے لحاظ سے یہ حدیث سب سے راجح ہے۔
مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا ہمیں اپنی دعائیں اس عظیم الشان کلمہ کے ساتھ آراستہ کرنی چاہئیں، تاکہ انہیں قبولیت کا شرف حاصل ہوجائے۔
مسند اسحاق بن راھویہ 835