🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبدالشکور ترمذی حفظہ اللہ
فوائد : مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا کہ بہرے، مجنون اور انتہائی بوڑھے اور دو پیغمبروں کے درمیانی وقفہ...
فوائد:
مذکورہ حدیث سے معلوم ہوا کہ بہرے، مجنون اور انتہائی بوڑھے اور دو پیغمبروں کے درمیانی وقفہ میں زندگی گزارنے والوں کا میدان حشر میں دوبارہ امتحان ہوگا۔
کیونکہ یہ عذر پیش کریں گے تو اللہ ذوالجلال ان کا امتحان لے گا۔ دوسری حدیث میں وضاحت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”روزِ قیامت ان چار افراد کو لایا جائے گا: بچہ، مجنون، دو رسولوں کے درمیانی وقفے میں مرنے والا اور بہت بوڑھا۔ ان میں سے ہر کوئی اپنی اپنی دلیلیں پیش کرے گا۔ اللہ تعالیٰ آگ کی گردن (یعنی لپیٹ) سے فرمائے گا: نمایاں ہو، پھر اللہ تعالیٰ فرمائے گا: میں اپنے بندوں کی طرح ان میں رسول بھیجتا رہا اور اب میں تمہارے لیے اپنا قاصد خود ہوں اور کہتا ہوں کہ (اب سب کے سب) اس آگ میں داخل ہو جاؤ، بدبخت لوگ کہیں گے: اے ہمارے رب! ہم اس میں کیسے داخل ہوں، ہم تو اس سے دور بھاگتے تھے، سعادت مند لوگ (اللہ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے) چل پڑیں گے اور اس میں جلدی جلدی اور زبردستی گھسیں گے۔ اتنے میں اللہ تعالیٰ فرمائے گا: تم (آگ میں داخل نہ ہونے والے بدبخت) لوگ میرے رسولوں کو جھٹلانے اور اس کی نافرمانی کرنے میں بڑے ہوتے (کیونکہ تم نے میری براہ راست بات ہی نہیں مانی) اب یہ جنت میں داخل ہوں گے اور یہ آگ میں۔ “ (مسند ابي یعلی: 3؍ 1044 اسناده صحیح)
اس میں نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان لوگوں کو متنبہ کیا ہے جن کو اللہ ذوالجلال نے قوت سماعت عطا کر رکھی ہے، عقل مند ہیں، رسول کا پیغام پہنچ چکا ہے اور اسے سمجھنے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں۔ ایسے لوگوں کی دنیا میں گزاری گئی زندگی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا، دوبارہ امتحان نہیں ہوگا۔
مسند اسحاق بن راھویہ 943